*نھی جنرل ٹریڈنگ*
*Nuha General Trading*
*کے 25 سالہ خوشگوار سفر کی داستا ن*
*دریا کی لہروں کی بیچ کروز (جہاز) میں جشن سیمی کی سجی خوبصورت محفل*
منیری عتیق الرحمن صاحب نے خود سنائی اپنی داستان تجارت
بھٹکل نیوز ڈاٹ کام | ایڈیٹر ڈیسک/ دبئی
دبئی کی معروف تجارتی کمپنی نھی جنرل ٹریڈنگ نے اپنی کامیاب تجارت کے 25 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس یادگار موقع پر دبئی کے دریا کی لہروں میں رواں دواں ایک عالیشان کروز پر جشنِ سیمی Silver Jubilee کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں کمپنی کے مالک جناب منیری عتیق الرحمن صاحب نے قوم کے معزز افراد، دوست احباب اور دیگر مہمانوں کو مدعو کرکے اس تقریب کو یادگار بنادیا۔
اس موقع پر منیری عتیق الرحمن صاحب نے خود اپنی زبانی اپنی داستانِ تجارت اور کامیابی کے سفر کی روداد نہایت دلچسپ، پُراثر اور دل نشیں انداز میں پیش کی۔
آج سے تقریباً 40 سال قبل انہوں نے مملکتِ سعودی عربیہ کے شہر دمام میں محض 800 ریال ماہانہ کی معمولی تنخواہ پر ملازمت اختیار کرکے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ اس وقت شاید انہیں خود بھی اندازہ نہیں تھا کہ وقت کے ساتھ ان کی محنت، لگن اور مستقل مزاجی انہیں کامیابی کی ان بلندیوں تک پہنچا دے گی کہ ایک روز ان کا شمار بھٹکل و اطراف کے ممتاز ،خوش حال اور رئیس ترین تاجروں میں ہونے لگے گا۔
انہوں نے اپنی ابتدائی ملازمت کے دنوں میں ایک ایک ریال کی قدر کرتے ہوئے نہایت کفایت شعاری سے بچت کی اور اپنے مستقبل کی اس عظیم اور شاہکار عمارت کی بنیاد رکھی جس کے دریچوں سے نکلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے جھونکے قوم و ملت کو فرحت پہنچا رہے ہیں۔ زندگی کے نشیب و فراز کے بیچ ان کی مسلسل محنت، عزم اور جدوجہد بالآخر رنگ لائی اور وہ ایک کامیاب اور معروف تاجر کی حیثیت سے اپنی شناخت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔
تقریب میں شریک بھٹکل و اطراف کے مہمانوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منیری عتیق الرحمن صاحب کی قومی و ملی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بالخصوص ملت کے مختلف اداروں کے ساتھ ان کے تعاون، خیرخواہی کے جذبے اور خدمتِ خلق کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ مقررین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تجارت میں کامیابی کے ساتھ ساتھ ملت اور معاشرے کے لیے ان کا تعاون اور خدمت کا جذبہ بھی قابلِ قدر ہے۔
منیر ی عتیق الرحمن صاحب نے اپنی اس کامیابی کے سفر میں اپنے والد محترم جناب الحاج محی الدین منیری صاحب کو بھی نہایت محبت اور عقیدت کے ساتھ یاد کیا، جو قوم کی ایک عظیم اور قابلِ احترام شخصیت تھیں۔
اسی طرح انہوں نے اپنی کامیابی میں اپنی شریکِ حیات (بیوی) کے کردار کو بھی خصوصی اہمیت دیتے ہوئے اس کے عزم، حوصلہ افزائی، تعاون اور قدم قدم پر ہمت بندھانے کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس تقریب میں بھٹکل اور اطراف کی متعدد معزز، معروف اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ یہ سلور جوبلی اپنی نوعیت کی ایک منفرد اور یادگار تقریب بھی رہی، اس لیے کہ اسے دبئی کے دریا کی لہروں کے درمیان رواں دواں کروز پر منایا گیا، جس نے اس جشن کو ایک خاص انفرادیت اور دل کشی عطا کی۔
اس موقع پر ادارہ بھٹکل نیوز ڈاٹ کام، نھی جنرل ٹریڈنگ کے مالک جناب منیری عتیق الرحمن صاحب اور ان کے فرزند جناب عبدالبدیع منیری صاحب کی خدمت میں اپنی محبتوں اور نیک تمناؤں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہے کہ وہ ان کی تمام خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی قومی و ملی خدمات کو مزید وسعت دے اور ان کی تجارت کو روز افزوں ترقی اور کامیابیوں کی نئی بلندیوں سے ہمکنار فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔
17/11/2026


0 تبصرے