امریکہ: بوسٹن فیڈرل کورٹ نے ’ایف-1 ویزا‘ کی مدت سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کی تجویز مسترد کی، ہندوستانیوں کو ہوگا فائدہ


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


امریکی فیڈرل کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے، جس میں غیر ملکی طلباء، اسکالرز اور صحافیوں کے امریکہ میں قیام کی مدت مقرر کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ اس مدت کو ان کے متعلقہ ویزا کی بنیاد پر محدود کیا جانا تھا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد عدالت کا یہ فیصلہ ایک بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔ جولائی میں امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی (ڈی ایچ ایس) نے ایک تجویز پیش کی تھی۔ اس کے تحت بین الاقوامی طلباء امریکہ میں 4 برس سے زیادہ قیام نہیں کر سکتے تھے۔ اگر انہیں اس سے زیادہ مدت تک قیام کرنا ہوتا تو اس کے لیے وفاقی حکومت سے منظوری لینا ضروری تھا۔


بوسٹن کی وفاقی عدالت کے جج ایف ڈینس سیلر نے پیر کے روز اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈی ایچ ایس کا یہ قدم منمانا، غیر مناسب اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔ یہ قانون کے مطابق بھی نہیں ہے۔ جج سیلر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سادہ الفاظ میں کہیں تو ڈی ایچ ایس اس کام کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کی کانگریس نے اجازت دی تھی اور اسے فروغ دینا چاہتی تھی، یعنی امریکہ میں غیر ملکی طلباء کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی کانگریس نے اجازت دی تھی۔ قانون ڈی ایچ ایس کو اتنے وسیع اور منمانے اختیارات نہیں دیتا کہ وہ ایف-1 ویزا پروگرام کو کمزور کر سکے۔




مجوزہ ضابطے میں غیر ملکی صحافیوں کے امریکہ میں قیام کی مدت بھی کم کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ اسے کئی برسوں سے کم کر کے 240 دن کرنے کی تجویز تھی۔ خاص بات یہ تھی کہ چینی صحافیوں کے لیے 90 دنوں کی مدت مقرر کی گئی تھی۔ اس مجوزہ ضابطے میں ’گریس پیریڈ‘ کو بھی 60 دنوں سے کم کر کے 30 دن کر دیا گیا تھا۔ یہ وہ مدت ہوتی ہے، جو تعلیم مکمل ہونے کے بعد ملک چھوڑنے کے لیے دی جاتی ہے۔ لینگویج پروگرام کے لیے قیام کی کل مدت 24 ماہ مقرر کی گئی تھی، جس میں چھٹیاں اور وقفے بھی شامل ہیں۔ ’فاؤنڈیشن فار انڈیا اینڈ انڈین ڈائسپورا اسٹڈیز‘ (ایف آئی آئی ڈی ایس) نے وفاقی عدالت کے اس حکم کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایف آئی آئی ڈی ایس کے صدر اور پالیسی و حکمت عملی کے سربراہ کھنڈے راؤ کانڈ نے کہا کہ عدالت نے ایک بار پھر بین الاقوامی طلباء کی مدد کی ہے اور ایسا کر کے انہوں نے امریکی سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع کے مستقبل کو محفوظ رکھنے میں اپنا تعاون دیا ہے۔


اس معاملے میں عرضی دائر کرنے والے اہم فریقین میں شامل ’پریزیڈنٹس الائنس آن ہائر ایجوکیشن اینڈ ایجوکیشن‘ کی صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) مریم فیلڈبلم نے بھی اس فیصلے کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی طلباء، اسکالرز اور انہیں اپنے یہاں تعلیم حاصل کرنے کا موقع دینے والے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے لیے بڑی جیت ہے۔ موجودہ انتظامیہ کی پالیسیوں اور کوششوں کے نقصانات اب صاف نظر آ رہے ہیں۔ بین الاقوامی طلباء کے اندراج اور امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے میں ان کی دلچسپی میں بڑی گراوٹ نظر آرہی ہے۔ وہیں ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل ایجوکیٹرز (این اے ایف ایس اے) کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) فانٹا اوے نے کہا کہ اس فیصلے کے ذریعے جج نے واضح اور سخت پیغام دیا ہے کہ امریکہ میں طلباء کے قیام کی مدت طے کرنے والی پرانی ’ڈیوریشن آف اسٹیٹس‘ پالیسی جاری رہے گی۔





قابل ذکر ہے کہ اس سال ستمبر میں بوسٹن کے ایک جج نے ڈی ایچ ایس کے ایک مجوزہ ضابطے پر عبوری روک لگا دی تھی۔ یہ ضابطہ ایک طویل عرصے سے چلی آرہی اس پالیسی کو ختم کرنے والا تھا، جس کے تحت غیر ملکی طلباء اور صحافیوں کو امریکہ میں ایک مقررہ مدت کے بجائے اپنے پروگرام کی مکمل مدت تک قیام کی اجازت ملتی تھی۔ اس کے بعد ڈی ایچ ایس نے ستمبر کے اس حکم کے خلاف ’فرسٹ سرکٹ‘ میں اپیل دائر کی۔ ساتھ ہی 3 نومبر کو اس نے عدالت سے درخواست کی کہ اپیل کی کارروائی 30 دنوں کے لیے روک دی جائے، کیونکہ جلد ہی اس معاملے میں حتمی فیصلہ آنے کی امید تھی۔






فرضی برتھ سرٹیفکیٹ معاملہ: اعظم خان کو سپریم کورٹ سے راحت، یوپی حکومت کی اپیل خارج


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


فرضی برتھ سرٹیفکیٹ معاملہ میں سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو الٰہ آباد ہائی کورٹ سے ملی راحت برقرار رہے گی۔ سپریم کورٹ نے منگل (17 نومبر) کو الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج دینے والی اتر پردیش حکومت کی اپیل خارج کر دی ہے۔ دراصل ہائی کورٹ نے اس معاملے میں اعظم خان کی سزا پر روک لگا دی تھی۔ یوپی حکومت نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، لیکن عدالت عظمیٰ نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔



غور طلب ہے کہ اسمبلی انتخاب 2017 میں اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم سوار سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ حریف امیدوار نواب کاظم علی خان عرف ناوید میاں اور بعد میں بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے فرضی برتھ سرٹیفکیٹ پر انتخاب لڑنے کی شکایت کی تھی۔ اس پر ہائی کورٹ نے عبداللہ اعظم کا انتخاب منسوخ کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ سے بھی انہیں راحت نہیں ملی تھی۔




واضح رہے کہ عبداللہ اعظم کے تعلیمی سرٹیفکیٹ میں ان کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 1993 جبکہ لکھنؤ میونسپل کارپوریشن سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں 30 ستمبر 1990 درج ہے۔ اعظم خان، ان کی اہلیہ تنزین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کے خلاف فرضی برتھ سرٹیفکیٹ تیار کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تینوں کو رامپور ایم پی-ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے فرضی برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے معاملے میں 7-7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مئی 2024 میں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان کی سزا پر روک لگا دی تھی۔ حالانکہ ان کی اہلیہ تنزین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کی سزا پر روک لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ اس حکم کو لے کر اتر پردیش حکومت نے اعظم خان کو ملی راحت کے خلاف اپیلی کی تھی۔





زلزلہ سے پھر ڈولی انڈونیشیا کے توال کی زمین، ریکٹر اسکیل پر شدت 6.6 درج


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق 16 نومبر 2026 کو ہندوستانی وقت کے مطابق تقریباً 2:41 بجے انڈونیشیا کے شہر توال سے تقریباً 148 سے 151 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب کی سمت 6.6 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس کا مرکز بینڈا سمندر میں واقع تھا۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق زلزلے کی گہرائی 35 کلومیٹر بتائی گئی تھی، جبکہ بعد میں جاری کردہ اعداد و شمار میں تقریباً 68 کلومیٹر درج کی گئی۔ یہ درمیانے سے شدید درجے کا زلزلہ تھا، لیکن سمندر میں آنے اور مناسب گہرائی پر ہونے کی وجہ سے سطح زمین پر اس کا اثر محدود رہا۔



یو ایس جی ایس کے پیجر سسٹم نے اسے گرین الرٹ دیا، جس کی وجہ سے جانی و مالی نقصانات کے خطرات بہت کم ہو گئے۔ شیک میپ کے مطابق زیادہ سے زیادہ شدت ماڈریٹ (وی) کی سطح پر تھی۔ آس پاس کے علاقوں میں درمیانی سطح کی شدت محسوس ہوئی۔ انڈونیشیا کی ایجنسی ’بی ایم کے جی‘ نے بھی زلزلے کو الگ اعداد و شمار کے ساتھ درج کیا اور سونامی کے خطرے کو مسترد کر دیا۔ اب تک بڑے نقصان یا جانی نقصان کی کوئی سرکاری رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔ علاقے میں کچھ لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، لیکن عمارتوں اور دیگر ڈھانچوں کو ہونے والا نقصان نہ ہونے کے برابر بتایا جا رہا ہے۔




یہ علاقہ پیسفک رنگ آف فائر کا حصہ ہے، جہاں کئی ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں۔ بینڈا سمندر کے نیچے پلیٹوں کی حرکت کی وجہ سے یہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ اس بار زلزلہ درمیانی گہرائی میں آیا، جس کی وجہ سے توانائی کا بڑا حصہ زمین کے اندر ہی ختم ہو گیا۔ اگرچہ اس زلزلے سے کسی بڑے خطرے کا اندیشہ نہیں ہے، حالانکہ علاقے کی زلزلہ خیزی کو دیکھتے ہوئے مقامی حکام کی جانب سے نگرانی جاری رکھی جا رہی ہے۔





حالاتِ جنگ میں سعودی عرب نے اپنے فوجی کمانڈر کو کیا برخاست


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو



سعودی عرب نے حوثیوں کے ساتھ جاری تنازعہ کے درمیان اپنے فوجی کمانڈر کو برخاست کر دیا ہے۔ پیر کے روز سعودی عرب نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والے اتحاد کے کمانڈر کو تبدیل کرنے والا یہ قدم اٹھایا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے، جب سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمنی حکومت کی فوج کو حوثیوں کے خلاف جنگ میں کئی علاقوں سے پیچھے ہٹنا پڑا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد یمن میں رک چکی جنگ ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے۔



اکتوبر میں جوابی حملے کے دوران اپنی پوزیشن کو مضبوط کرنے کے بعد یمن کی حکومت نے اتوار کے روز ہی آبنائے باب المندب کے قریبی علاقوں سے پیچھے ہٹنے کی بات کہی تھی۔ اس کے بعد ہی سعودی عرب نے فوجی کمان میں تبدیلی کی ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق موجودہ کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد السلمان کو وزیر دفاع کے فوجی امور کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ چیف آف جنرل اسٹاف فیاض الرویلی کو مشترکہ افواج کی کمان کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔



2 مغربی سفارت کاروں نے اس تبدیلی کو یمن کے جنگی علاقے میں بدلتے ہوئے حالات اور حوثی باغیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے جوڑا ہے۔ حالانکہ سعودی حکومت کے میڈیا دفتر نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ یمن میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کے بعد سے حوثی باغی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور تیل کے تنصیبی مراکز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان ٹھکانوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے جا رہے ہیں۔ وہیں یمن میں حوثیوں کی پیش قدمی اور سعودی عرب کے ساتھ بحیرۂ احمر میں بحری جہازوں پر ہو رہے حملوں نے علاقائی کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ جس کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں ایران کی پوزیشن بھی مضبوط ہوئی ہے۔ یمن کے عدن شہر میں سیکورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔ یہاں سرکاری سیکورٹی فورسز نے کئی نئی چوکیاں بنائی ہیں اور لوگوں کی شناخت کی جانچ کی جا رہی ہے۔ 2014 میں حوثی باغیوں کے فوج پر قبضے کے بعد سے عدن یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کا مرکز بنا ہوا ہے۔





’مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے سبب پیدا بے لگام مہنگائی نے عوام اور کاروباریوں دونوں کی کمر توڑ دی‘


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


ہندوستان میں بڑھتی مہنگائی کی خبریں اب عام ہو گئی ہیں، لیکن ایک ایسا سروے سامنے آیا ہے جس نے تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی کے سبب کئی کنبوں کا ماہانہ خرچ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ غیر ضروری اخراجات میں تخفیف کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری سامان بھی کم خریدنے کو مجبور ہیں۔ اس سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’مہنگائی سے گھر بے حال، کاروباروں پر لگا تالا۔‘‘



جئے رام رمیش نے بڑھتی مہنگائی کے لیے مودی حکومت کی معاشی بدانتظامی اور عوام مخالف پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’مودی حکومت کی معاشی بدانتظامی اور عوام مخالف پالیسیوں کے سبب بے لگام مہنگائی نے عوام اور کاروباریوں دونوں کی کمر توڑ دی ہے۔‘‘وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’ایک تازہ سروے کے مطابق 61 فیصد کنبوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھ گیا ہے، 74 فیصد لوگ غیر ضروری اخراجات میں تخفیف کر رہے ہیں اور 50 فیصد لوگ ضروری سامان بھی کم خریدنے کو مجبور ہیں۔‘‘





مختلف ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہوئے اضافہ کا ذکر بھی جئے رام رمیش نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’گزشتہ ایک سال میں گھی و تیل کی قیمتوں میں 75 فیصد، سبزیوں میں 73 فیصد، چاول و گیہوں اور اناج میں 71 فیصد، دودھ اور ڈیری مصنوعات میں 65 فیصد اور دالوں میں 62 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ بتاتے ہیں کہ ’’صرف نوئیڈا میں امریکی ٹیرف، مہنگے خام مال اور سرکاری بے توجہی کے سبب ایک سال میں 200 گارمنٹ فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں، اس سے پورے ملک میں کپڑا صنعت کی بدحالی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘‘


موجودہ مشکل حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے سبھی اعداد و شمار خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔ عوام کی تھالی سکڑ رہی ہے اور کارخانوں پر تالے لگ رہے ہیں۔ وہ اس بات پر افسوس بھی ظاہر کرتے ہیں کہ وزیر اعظم کی بے حسی اور تکبر کی حد اتنی بڑھ گئی ہے کہ بحران کے درمیان بھی انھیں صرف سیاست کی فکر ہے۔ جئے رام رمیش نے فکرمند انداز میں کہا کہ ’’عوام کے مسائل کا اعتراف کر راحت دینے کی کوئی پیش قدمی تک نہیں کی جا رہی ہے۔‘‘





دہلی: غیر ملکی خریدار دلانے کے نام پر تاجروں سے لاکھوں کی ٹھگی، فرضی کال سینٹر کا پردہ فاش، 20 گرفتار


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


نئی دہلی: دہلی کے دوارکا میں سائبر پولیس نے ایک فرضی انٹرنیشنل بائر کال سینٹر کا پردہ فاش کیا ہے، جہاں ملک بھر کے تاجروں اور مینوفیکچررز کو غیر ملکی خریدار فراہم کرنے اور بڑے ایکسپورٹ آرڈر دلانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کی ٹھگی کی جا رہی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں فرم کے رجسٹرڈ مالک اور آپریٹنگ منیجر سمیت 20 افراد کو گرفتار کیا ہے۔


پولیس کے مطابق یہ کال سینٹر پالم ایکسٹینشن، سیکٹر 7، دوارکا سے چلایا جا رہا تھا۔ ملزمان گوگل لسٹنگ، آن لائن تشہیری مہمات، بی ٹو بی پورٹلز اور سوشل میڈیا کے ذریعے تاجروں اور مینوفیکچررز سے رابطہ کرتے تھے۔ انہیں اپنی مصنوعات کے لیے بین الاقوامی خریدار تلاش کرنے کا یقین دلا کر پیڈ ممبرشپ لینے پر آمادہ کیا جاتا تھا۔ ممبرشپ کے ایک منصوبے کی فیس 5900 روپے کے علاوہ جی ایس ٹی مقرر تھی۔


ممبرشپ حاصل کرنے کے بعد متعلقہ تاجر کو ایک مبینہ غیر ملکی خریدار کا واٹس ایپ نمبر دیا جاتا تھا۔ تاہم حقیقت میں یہ کوئی غیر ملکی خریدار نہیں بلکہ اسی کال سینٹر کا ملازم ہوتا تھا، جو غیر ملکی موبائل نمبروں کے ذریعے تاجر سے رابطہ کرتا تھا۔




یہ فرضی خریدار تاجروں کو بڑے ایکسپورٹ آرڈر ملنے کی امید دلاتا اور پھر آرڈر کی تکمیل کے لیے آئی ایس او، جی ایم پی، بی آر سی، آئی ای سی یا فوڈ سیفٹی جیسے سرٹیفکیٹس کا مطالبہ کرتا تھا۔ بڑے آرڈر سے محروم ہونے کے خدشے کے باعث تاجر ان دستاویزات کے حصول کے لیے اسی کمپنی سے رجوع کرتے تھے۔ کمپنی ان سرٹیفکیٹس کے نام پر لاکھوں روپے وصول کر کے جعلی دستاویزات فراہم کرتی تھی۔ اس کے بعد مزید سرٹیفکیٹس کا مطالبہ کر کے متاثرین سے دوبارہ رقم بٹوری جاتی تھی۔


پولیس نے نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل (این سی آر پی) پر موصولہ شکایات اور مالی لین دین کا تجزیہ کیا تو اس منظم نیٹ ورک کا سراغ ملا۔ مہاراشٹر سے موصول ہونے والی ایک شکایت میں فرم کے نام پر کھولے گئے انڈس انڈ بینک اکاؤنٹ کا ذکر تھا۔ ایس آئی وکاس سانگوان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے تفتیش شروع کی اور اکاؤنٹ سے منسلک دفتر کا پتا لگایا۔


چھاپے کے دوران کال سینٹر میں 20 افراد کام کرتے ہوئے پائے گئے۔ پولیس نے 34 موبائل فون، 8 لیپ ٹاپ، 14 سی پی یو، جعلی سرٹیفکیٹس اور چیک بکس برآمد کیں۔


تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ فرم کا رجسٹرڈ مالک ماہانہ رقم کے عوض اپنا بینک اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت دے رہا تھا، جب کہ آپریٹنگ منیجر نے سیلز، کسٹمر سپورٹ، فرضی خریداروں اور آئی ٹی کے لیے الگ الگ ٹیمیں بنا رکھی تھیں۔ مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش سے موصول ہونے والی شکایات کمپنی کے بینک اکاؤنٹس سے منسلک پائی گئیں۔ پولیس اب اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ارکان، متاثرین کی تعداد اور ٹھگی کی مجموعی رقم کا پتا لگانے میں مصروف ہے