*نوائط زبان ہماری تہذیبی شناخت اور تاریخی ورثہ۔*

*اسے کسی صورت دوسری زبان کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔!*

تحریر عتیق الرحمن شاہ بندری

(نوائط زبان کی تاریخی حیثیت کا پس منظر ایک بڑے حلقے تک پہنچے اس لیے اس مضمون کو اردو میں تحریر کیا جا رہا ہے)

دنیا میں ہزاروں زبانیں بولی اور سمجھی جاتی ہیں اور ہر زبان کی اپنی ایک منفرد شناخت، تاریخ اور تہذیبی اہمیت ہوتی ہے۔ کسی بھی معاشرے کے افراد کو اپنی مادری اور گھریلو زبان سے فطری طور پر بے پناہ محبت اور قلبی وابستگی ہوتی ہے۔ یہی زبان ان کی تہذیبی شناخت، معاشرتی روایات اور تاریخی ورثے کی امین ہوتی ہے۔

ہماری نوائط زبان بھی ایک قدیم اور تاریخی زبان ہے، جس کی اپنی ایک منفرد حیثیت اور قابلِ ذکر پس منظر ہے۔ اس زبان کا آغاز ہمارے ساحلی علاقے سے ہوا اور بعد ازاں یہ اطراف کے مختلف علاقوں میں معمولی لہجی اور لفظی تبدیلیوں کے ساتھ ایک وسیع ساحلی خطے میں رائج ہوگئی۔

نوائط زبان کی ایک نمایاں خصوصیت اس کا لسانی تنوع اور رنگارنگی ہے۔ اس میں عربی زبان کی شیرینی و خوبصورتی، مراٹھی کا مخصوص لہجہ، کنڑا کے الفاظ و اثرات کے علاوہ انگریزی،فارسی اور اردو کے الفاظ بھی شامل ہیں۔ یوں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ نوائط زبان مختلف علاقائی اور بین الاقوامی زبانوں کے حسین امتزاج کی ایک منفرد مثال ہے۔

نوائط زبان کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری۔

ہمیں چاہیے کہ نوائط زبان کو اس کی قدیم شان، اصل شناخت اور حقیقی لہجے کے ساتھ آئندہ نسلوں تک باقی رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔ آج کا دور مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ جہاں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا کی مختلف زبانوں کو فروغ اور ترقی کے نئے مواقع میسر آرہے ہیں، وہیں ہماری نوائط زبان کو اس کے بعض منفی اثرات کا سامنا بھی ہے۔

خصوصاً یوٹیوب اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ پر نوائط زبان کے نام سے جو تلفظ اور لہجہ مختلف ویڈیوز میں پیش کیا جارہا ہے، وہ ہماری اصل زبان اور اس کے حقیقی لہجے سے خاصا مختلف ہے۔ ان میں استعمال ہونے والے الفاظ اور ان کا تلفظ بھی ہماری روایتی نوائطی سے مطابقت نہیں رکھتے۔ اگر اس صورتِ حال پر بروقت توجہ نہیں دی گئی تو اندیشہ ہے کہ آنے والے وقت میں ہماری زبان کا اصل لہجہ، اس کا طرزِ بیان اور اس کی روایتی شناخت تبدیل ہوکر رہ جائے گی۔

اس سلسلے میں ایک اور اہم بات یہ ہے کہ ہمیں اپنی زبان کو کسی دوسری زبان میں ضم کرنے یا اس کی الگ شناخت کو کسی دوسری زبان کے تابع بنانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ ہمیں اپنی زبان کی حقیقت، اس کی انفرادیت اور تاریخی حیثیت کو تسلیم کروانے کی جدوجہد کرنی چاہیے۔ سرکاری سطح پر بھی نوائط زبان کو ایک مستقل، الگ اور قدیم زبان کی حیثیت سے متعارف کروانے اور تسلیم کروانے کے لیے سنجیدہ کوششیں ہونی چاہئے، تاکہ ہمارے اس وسیع ساحلی خطے میں یہ زبان اپنی اصل شناخت کے ساتھ زندہ و تابندہ رہ سکے۔

میں خود گزشتہ تقریباً 25 برسوں سے نوائط زبان، اس کی تہذیب اور ثقافت کے حوالے سے فکرمند رہا ہوں۔ دیگر بہت سارے ہمارے نوائط محسنین اور محفل و مدارس بھی زبان کی حفاظت و بقا کے لیے فکر مند ہیں۔

 ابتدا ہی سے میری یہ کوشش اور سوچ رہی ہے کہ ہماری زبان کسی دوسری علاقائی زبان میں ضم ہوکر اپنی شناخت نہ کھو دے۔ ہمیں دوسری زبانوں اور ان کے بولنے والوں کے ساتھ اپنے خوش گوار تعلقات ضرور برقرار رکھنے چاہئیں، لیکن اس تعلق کی بنیاد پر اپنی لسانی شناخت کو ہرگز مٹنے نہیں دینا چاہیے۔

دوسری زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہماری نوائطی زبان کو اپنے دائرۂ زبان میں شامل کرکے، اسے اپنی زبان کا حصہ ظاہر کرتے ہوئے حکومتی مراعات حاصل کرنے اور اپنی زبان کو مزید وسعت دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ہمیں اس صورتِ حال کو سمجھنا چاہیے اور اس کے ادراک و احساس کے ساتھ اپنی زبان کے تحفظ کی فکر کرنی چاہیے۔ شعوری یا غیر شعوری طور پر ہمیں ہرگز ان سے ہاتھ نہیں ملانا چاہیے۔

اس سلسلے میں ایک مختصر سا واقعہ آپ کے گوش گزار کرنا ضروری سمجھتا ہوں، تاکہ میری بات کی صداقت اور اس کے پس منظر کو سمجھنے میں آسانی ہو۔


آج سے تقریباً 20 سال قبل، نوائط قوم کے ممتاز شاعرِ مرحوم جناب شبیر بائیدہ صاحب نے دبئی سے مجھے فون کرکے اطلاع دی کہ کمٹہ میں ایک اہم زبان کی برادری کا بڑا قومی پروگرام منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں ان کے نوائطی مجموعۂ کلام کو ان کی اپنی زبان میں، ایک دوسری زبان کے رسم الخط کے ساتھ شائع کرکے اسی پروگرام میں اس کی رسمِ اجرا ادا کی جائے گی۔ انہوں نے مجھے اپنی جانب سے بحیثیت نمائندۂ  اور بحیثیت صحافی اس پروگرام میں شرکت کی تاکید کی۔

چنانچہ میں اس پروگرام میں بحیثیت اخباری نمائندے کے شریک ہوا، نیز جناب شبیر بائیدہ صاحب کی ہدایت پر ان کی نمائندگی بھی کی۔ یہاں تک بات ٹھیک تھی۔

اس پروگرام کے دوران مجھے شدت سے احساس ہوا کہ ہمیں بہرصورت اپنی زبان کے تحفظ کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہیے۔ پروگرام سے قبل صدرِ مجلس نے اس وقت کے مہمانِ خصوصی اور اس وقت کے ریاستی وزیر صاحب سے میری ملاقات کروائی۔ میرا تعارف کرواتے ہوئے انہوں نے وزیر موصوف سے کہا: ’’یہ بھٹکل کے نوائط ہیں’’

بظاہر یہ ایک معمولی سا تعارفی جملہ تھا لیکن اس نے میرے دل و دماغ پر گہرا اثر چھوڑا۔ اسی لمحے میرے اندر ایک عجیب کیفیت پیدا ہوئی اور مجھے احساس ہوا کہ ہمیں اپنی منفرد لسانی شناخت کو دوسری زبانوں میں ضم کرنے یا اپنی زبان کو کسی دوسری زبان کا حصہ ظاہر کرنے کی کوششوں میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔ 


مجھے محسوس ہوا کہ اس طرح نوائطی زبان کو ایک دوسری زبان کے دائرے میں شامل کرکے اسے اس زبان کا حصہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ حکومت اور حکومتی نمائندوں کے سامنے یہ تاثر پیش کیا جا سکے کہ نوائط برادری کے افراد بھی اسی زبان کے دائرے میں شامل ہیں اور ان کی اپنی مخصوص زبان کا علاقہ بہت وسیع ہے۔

یہ میرے لیے ایک غیر معمولی تجربہ تھا۔ اس واقعے نے مجھے اندر تک جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور اسی دن سے اپنی زبان کی جداگانہ شناخت، اس کے تحفظ اور اس کی بقا کے تعلق سے میری فکر مزید گہری ہوگئی۔( جاری) 

18/11/2026