’ملک میں 40 فیصد آلودگی کے لیے میں ذمہ دار‘، مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اعتراف


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


ہندوستان میں آلودگی تشویش ناک حد تک بڑھی ہوئی ہے۔ کبھی کبھی حالات کچھ بہتر ہوتے ہیں، لیکن دہلی، ممبئی، بنگلورو جیسے بڑے شہروں میں خاص طور سے ہوا اکثر انتہائی زہریلی ہی رہتی ہے۔ آلودگی بڑھنے کی ایک بڑی وجہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی بڑھتی تعداد ہے۔ اس بارے میں مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے دہلی میں منعقدہ 14ویں سی آئی آئی بایو انرجی سمٹ میں خصوصی ذکر کیا اور موجودہ حالات کے لیے خود کو ذمہ دار بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں وزیر ٹرانسپورٹ ہوں، میں خود ہندوستان میں 40 فیصد فضائی آلودگی کا ذمہ دار ہوں۔‘‘




اپنے خطاب میں نتن گڈکری نے پٹرول اور ڈیزل کے متبادل ایندھن پر اپنی رائے بھی پیش کی۔ انہوں نے ایتھنول، میتھانول، بایو ڈیزل اور ہائیڈروجن کو دوسرے متبادل ایندھن کے طور پر شمار کیا۔ انھوں نے بڑھتی آلودگی کو گاڑیوں کی بڑھتی تعداد سے جوڑتے ہوئے ملک کی 40 فیصد فضائی آلودگی کے لیے خود کو ذمہ دار بتایا۔ اس کے بعد گفتگو کا رخ پٹرول اور ڈیزل کے متبادل کی طرف موڑتے ہوئے کہا کہ ایتھنول، میتھانول، بایو ڈیزل اور ہائیڈروجن ایسے ایندھن ہیں، جنھیں پر پٹرول اور ڈیزل کے متبادل کے طور پر کام کیا جا سکتا ہے۔




گڈکری نے پٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے دوسرے متبادل ایندھن کی ضرورت بتائی اور کہا کہ ایتھنول، میتھانول، بایو ڈیزل اور ہائیڈروجن جیسے متبادل ایندھن کے استعمال سے روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنے کی سمت میں کام کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایتھنول سے ہوائی جہاز کا ایندھن تیار کرنے کے امکان کا بھی ذکر کیا۔ اس کے علاوہ کاربن ڈائی آکسائیڈ سے یوریا بنانے اور ڈی ایم ای کے استعمال سے ایل پی جی کی درآمد کم کرنے کی بات بھی کہی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں گڈکری نے گوبردھن پلانٹ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ایسے 3,000 پلانٹ قائم ہونے والے ہیں۔


ایتھنول ملے پٹرول سے متعلق جاری تنازعہ پر بھی گڈکری نے اپنی رائے پیش کی۔ ان کا الزام ہے کہ 2 سے 3 ماہ پہلے ایتھنول ملے پٹرول کو گاڑیوں کے لیے نقصان دہ بتانے کی خاطر پیسے دے کر مہم چلائی گئی تھی۔ اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’کسی کی گاڑی خراب نہیں ہو رہی ہے۔ گاڑی اب ٹھیک ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے تیل درآمد کرنے والی لابی پر ایتھنول کی آمیزش کی مخالفت کرنے کا الزام لگایا۔ ان کے مطابق اس مخالفت کے پیچھے تیل کی درآمد سے وابستہ مفادات کام کر رہے ہیں۔



اتر پردیش: ووٹر لسٹ میں جعلسازی کرنے پر ہوگی جیل، الیکشن کمیشن نے دی سخت وارننگ


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


اتر پردیش میں ووٹر لسٹ کی خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر 2027) کے دوران الیکشن کمیشن نے سخت وارننگ دی ہے۔ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے، حذف کرانے یا ترمیم کے لیے قصداً غلط معلومات فراہم کرنے پر ایک برس تک کی جیل، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رنوا نے واضح کیا ہے کہ عوامی نمائندگی قانون کی دفعہ 31 اور 32 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ دفعہ 31 کے تحت ووٹر لسٹ سے متعلق معاملات میں جھوٹا اعلان کرنے پر ایک بر تک کی قید، جرمانہ یا دونوں سزاؤں کا التزام ہے۔ وہیں دفعہ 32 کے تحت اپنے فرائض میں لاپروائی برتنے والے افسران کو 3 ماہ سے لے کر 2 برس تک کی جیل، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔


چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رنوا کے مطابق پیلی بھیت میں اس قانونی التزام کے تحت متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ افسران کو معطل بھی کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سبھی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو پنچایت اور شہری بلدیاتی اداروں کی ووٹر لسٹ کا اسمبلی کی ووٹر لسٹ سے موازنہ کرانے کی ہدایت دی ہے۔ پنچایت یا بلدیاتی اداروں کی ووٹر لسٹ میں نام ہونے کے باوجود اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں نام نہ ہونے کی صورت میں اہل شہریوں سے فارم-6 بھروایا جائے گا۔ اس عمل کے دوران ایسے اہل شہریوں کی شناخت کی جائے گی، جن کے نام پنچایت یا شہری بلدیاتی اداروں کی ووٹر لسٹ میں درج ہیں، لیکن اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ ایسے لوگوں سے فارم-6 بھروانے کے بعد اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔




نودیپ رنوا نے بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کو آن لائن فارم-6اے بھرنے کا مشورہ دیا ہے۔ جن ووٹروں کے نام مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں، وہ اپنی تصویر کے ساتھ تاریخ پیدائش اور رہائش کا ثبوت منسلک کرکے فارم-6 کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے لیے آدھار کارڈ بھی قابل قبول دستاویز ہے۔ ووٹر لسٹ سے کسی نام کو حذف کرانے یا اس کے خلاف اعتراض درج کرانے کے لیے فارم-7 بھرنا ہوگا۔ وہیں پتہ تبدیل کرنے، ووٹر کی تفصیلات میں ترمیم، ای پی آئی سی تبدیل کرنے یا معذوری سے متعلق نشاندہی کے لیے فارم-8 کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان تمام کارروائیوں کے لیے ووٹر ای سی آئی نیٹ ایپ یا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ voters.eci.gov.in کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ انتخاب سے متعلق شکایات درج کرانے کے لیے ngsp.eci.gov.in پورٹل کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ وہیں ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے جوڑنے کے سوال پر نودیپ رنوا نے کہا کہ مستقبل میں اس سلسلے میں اتفاق رائے بننے پر قدم اٹھایا جا سکتا ہے۔


ریاست میں کوئی بھی اہل شہری اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرانے سے محروم نہ رہے، اس کے لیے انتخابی افسران کو ایک اور ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تمام ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو اسمبلی کی ووٹر لسٹوں کا پنچایت اور شہری بلدیاتی اداروں کی ووٹر لسٹوں سے موازنہ کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ووٹر اپنی شکایات اور انتخابات سے متعلق معلومات کے لیے الیکشن کمیشن کے قومی رابطہ مرکزی ٹول فری ہیلپ لائن 1950 یا 1800-11-1950 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ریاستی رابطہ مرکز کے لیے 1800-180-1950 نمبر جاری کیا گیا ہے۔ یہ رابطہ مراکز پورے سال کام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹر اپنے ضلع کے ایس ٹی ڈی کوڈ کے ساتھ 1950 ڈائل کرکے ضلعی رابطہ مرکز سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔




آئزن کوٹ گروپ کے متن کہانا اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب، نیتن یاہو کے قریبی ہٹائے گئے


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


اسرائیلی پارلیمنٹ میں اسپیکر کی کرسی تبدیل ہو گئی ہے۔ یہ جگہ بنجامن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے امیر اوہانا کی جگہ اب متن کہانا نے لے لی ہے۔ کہانا گادی آئزن کوٹ کی پارٹی یاشر کے رکن ہیں۔ اس تبدیلی سے پارلیمنٹ میں آئزن کوٹ کی قیادت والے گروپ کی گرفت مضبوط ہوئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق 17 نومبر بروز منگل ہونے والے انتخاب میں متن کہانا کو 66 ووٹ ملے، جبکہ دوسرے امیدوار کو 52 ووٹ ہی مل سکے۔ اکتوبر میں ہونے والے انتخاب کے دوران گادی آئزن کوٹ نیتن یاہو کے اہم حریف کے طور پر سامنے آئے تھے۔ حالانکہ اس انتخاب میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی تھی۔


قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کو کنیسیٹ کہا جاتا ہے، اس میں کل 120 اراکین ہوتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر کا عہدہ کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اسپیکر کے پاس یہ طے کرنے کا اہم اختیار ہوتا ہے کہ کون سا بل ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ متن کہانا کے اسپیکر بننے سے آئزن کوٹ کی قیادت والی جماعتوں کو اپنے ترجیحی بلوں کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔ ان میں 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کی آزادانہ جانچ کرانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ نیتن یاہو اس جانچ کی مخالفت کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کی مدت کار کی حد طے کرنے کی بھی تجویز شامل ہے۔ آئزن کوٹ کا گروپ نیتن یاہو کی گزشتہ حکومت کے ان قوانین کی واپسی کا بھی مطالبہ کر رہا ہے، جس کی وجہ سے ناقدین کے مطابق عدلیہ کے اختیارات کم ہو گئے ہیں۔




اسپیکر کے انتخاب پر نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ متن کہانا کو ان ارکان پارلیمنٹ کے ووٹوں سے منتخب کیا گیا ہے، جو دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران نیتن یاہو نے اسرائیل کی عرب قیادت والی جماعتوں کو ملک کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔ ان جماعتوں نے ان کے بیانات کو نسل پرستانہ اور امتیازی قرار دیا تھا۔ اسپیکر کے انتخاب کے ساتھ ہی آئزن کوٹ کی قیادت والے گروپ کے ارکان کو پارلیمنٹ کی کئی اہم کمیٹیوں کا چیئرمین بھی بنایا گیا ہے۔ یہ کمیٹیاں نئے قوانین کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ایسے میں پارلیمنٹ کے کام کاج میں اس گروپ کا کردار اہم ہو گیا ہے۔ حالانکہ اسپیکر کے انتخاب کے باوجود اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل نہیں ہو سکی ہے۔ 27 اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات میں نیتن یاہو اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔ دوسری جانب آئزن کوٹ اور ان کی اتحادی جماعتیں بھی حکومت بنانے کے لیے ضروری حمایت حاصل نہیں کر پائی ہیں۔ پارلیمنٹ نے 10 نومبر کو حلف لیا تھا، لیکن نئی حکومت کی تشکیل کا راستہ اب بھی صاف نہیں ہو سکا ہے۔




’ہندوستان معاشی تباہی کی طرف گامزن‘، امریکہ میں راہل گاندھی نے موجودہ حالات پر فکر کا کیا اظہار


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی امریکہ دورہ پر ہیں اور کولمبیا یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ہندوستان کے معاشی مستقبل سے متعلق اپنی شدید تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر بے روزگاری اور تعلیمی نظام میں موجود خامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک بڑے معاشی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ بڑے پیمانے پر بے روزگاری اور تعلیمی نظام سے جڑی خامیاں ہیں۔



کولمبیا یونیورسٹی میں ایک پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’سیدھی بات یہ ہے کہ ہندوستان ایک معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ یہی حقیقت ہے۔ میڈیا اس طرف توجہ نہیں دے رہا، لیکن ہندوستان میں بے روزگاری کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہندوستان کے تعلیمی نظام میں بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔‘‘




راہل گاندھی نے ہندوستانی نوجوانوں کے بارے میں ماڈریٹر لیڈیا پولگرین کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوجوانوں کا ایک طبقہ، جو موجودہ حالات پر مایوسی کا اظہار کر رہا ہے، متوسط طبقے کے خاندانوں سے تعلق رکھتا ہے اور اس نے باقاعدہ تعلیم حاصل کی ہے۔ نوجوانوں میں اس مایوسی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انہیں اپنا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔ انہوں نے واضح لفطوں میں کہا کہ ’’ہم اس پر مطالعہ کر رہے ہیں، اسے سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ انہیں اپنا کوئی مستقبل نظر نہیں آ رہا ہے۔‘‘



روزگار اور پیشہ اختیار کرنے کے مواقع کے سلسلے میں نوجوانوں اور ان کے والدین کے درمیان بڑھتے فاصلے کی وضاحت کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ نئی نسل، گزشتہ نسل کے مشوروں اور تجربات پر سوال اٹھا رہی ہے۔ نوجوانوں اور ان کے والدین کے درمیان پیشے اور روزگار کے تعلق سے سوچ کا فرق بڑھ رہا ہے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ نوجوان دراصل اپنے والدین سے یہی کہہ رہے ہیں اور ہمیں یہ بات خود والدین سے سننے کو مل رہی ہے کہ دیکھیے، آپ خود کامیاب نہیں ہیں، آپ کے پاس کوئی ملازمت نہیں ہے، اس لیے آپ ہمیں وہ کرنے کے لیے نہیں کہہ سکتے جو آپ نے کیا تھا، کیونکہ وہ طریقہ اب کام نہیں کرتا۔‘‘ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مواقع کی کمی، بے روزگاری اور تعلیمی نظام سے متعلق تشویش ایسے بڑے چیلنج ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور ان پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔





امریکہ میں ٹیکنالوجی کا بحران! امریکہ کو پچھلے کچھ دنوں سے ٹیکنالوجی کے کئی بڑے بحران کا سامنا


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


امریکہ میں پچھلے کچھ دنوں سے ٹیکنالوجی کی کئی بڑے بحرانوں کا سامنا ہے ۔ ایپل کی متعدد آن لائن خدمات میں تکنیکی بندش اور امریکی قومی سلامتی ایجنسی کے خفیہ مواصلاتی نیٹ ورک میں رکاوٹوں نے خدشات کو جنم دیا ہے۔ میریئٹ کے ہوٹل سسٹم میں تکنیکی مسائل کی بھی شکایات سامنے آئی ہیں۔


دریں اثنا، سائبرسیکیوریٹی کے محققین نے 178 تنظیموں کی ویب سائٹس پر خطرناک اسکرپٹس کو بے نقاب کیا ہے۔ تاہم، ان واقعات کے درمیان کسی سائبر اٹیک یا واحد تکنیکی وجہ کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔ مختلف کمپنیوں اور حکام نے کئی معاملات میں سائبر حملے کے امکان سے انکار کیا ہے۔ ان جاری بندشوں نے ڈیجیٹل خدمات اور باہم منسلک ٹیکنالوجی کے نظام پر انحصار کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔ اس پورے معاملے کو لے کر اب صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کے حامی اور مخالفین دونوں وائٹ ہاؤس سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ان بندش کی اصل وجہ بتائے۔





منگل کو امریکی وقت کے مطابق ایپل کے ہزاروں صارفین کو مختلف سروسز استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی کلاؤڈ، ایپ اسٹور، ایپل پے، اور ایپل سپورٹ سے متعلق شکایات منظر عام پر آئیں۔ بہت سے صارفین اپنے ایپل اکاؤنٹس میں لاگ ان کرنے سے قاصر تھے۔ کچھ کو کلاؤڈ سروسز تک رسائی اور نئے آلات کو چالو کرنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔


دوپہر 12 بجے کے بعد (امریکی وقت کے مطابق) بندش سے باخبر رہنے والی ویب سائٹ، ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر شکایات میں اضافہ ہوا۔ ایپل والیٹ اور ایپل میوزک کے صارفین نے بھی مسائل کی اطلاع دی۔ کچھ نے اطلاع دی کہ ان کے اکاؤنٹس خود بخود لاگ آؤٹ ہو رہے ہیں، اور دوبارہ لاگ ان ہونے میں کنکشن کی خرابیوں یا تصدیقی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔




یہ مسئلہ صرف امریکہ تک محدود نہیں تھا۔ برازیل، یونان اور لٹویا کے صارفین نے بھی شکایات کی اطلاع دی۔ ابتدائی طور پر، ایپل کے سسٹم اسٹیٹس پیج نے نارمل سروسز کی اطلاع دی، لیکن کمپنی نے بعد میں ایپل میوزک، ایپ اسٹور اور ایپل کیئر میں بندش کی تصدیق کی۔ iCloud کے سائن ان سسٹم کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔


ایپل کی خدمات میں خلل کے درمیان، امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے)کے خفیہ مواصلاتی نیٹ ورک میں بھی ایک تکنیکی مسئلہ پیش آیا۔یہ نیٹ ورک ایجنسی کے ملازمین کو محفوظ طریقے سے خفیہ معلومات کا تبادلہ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ ایک امریکی اہلکار نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ نیٹ ورک کو عارضی تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، اہلکار نے واضح کیا کہ ایجنسی کی اہم قومی سلامتی کی صلاحیتیں پوری طرح فعال ہیں۔ اہلکار کے مطابق، این ایس اےکے نظام میں بیک اپ سسٹم کی متعدد پرتیں ہیں تاکہ معمول کی دیکھ بھال یا غیر متوقع تکنیکی بندش کے دوران مسلسل کام کو یقینی بنایا جا سکے۔




ایک دن پہلے، پیر کو، یونائیٹڈ ایئر لائنز کو اپنے سسٹم میں تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ خرابی 90 منٹ سے زائد تک جاری رہی، جس کی وجہ سے ایئر لائن کو کئی پروازیں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ کچھ دن پہلے، یو ایس فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کو بھی اپنے نیٹ ورک میں تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کو کئی بڑے امریکی بینکوں کے صارفین کو اپنے آن لائن اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پچھلے ہفتے، مائیکروسافٹ سروسز میں بھی ایک بڑی تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔





آبنائے ہرمز میں 24 ہندوستانیوں کو لے جانے والے ٹینکر پر حملہ، ہندوستان ناراض


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


ہندوستان کی وزارت خارجہ نے عمان کے ساحل پر پانامہ کے جھنڈے والے ایل پی جی ٹینکر پر میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس میں چوبیس ہندوستانی ملاح سوار تھے۔ وزارت نے عمان میں ہندوستانی سفارت خانے سے بات کی ہے اور انہیں تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا یقین دلایا ہے۔


وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے وزارت خارجہ کی پریس ریلیز کو ایکس پر شیئر کیا۔ پریس ریلیز کے مطابق، وزارت خارجہ نے کہا، "ہم 16 نومبر 2026 کو آبنائے ہرمز میں پاناما کے جھنڈے والے LPG ٹینکرMT’تارا گیس‘ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔" جہاز میں سوار 24 ہندوستانی شہریوں میں سے 21 کو بحفاظت بچا کر خاصاب لایا گیا ہے۔ دو زخمی ہندوستانی عملے کے ارکان کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جب کہ ایک ہندوستانی شہری لاپتہ ہے۔





وزارت خارجہ نے مزید کہا، "عمان میں ہمارا سفارت خانہ، عمانی حکام کے ساتھ مل کر، جاری تلاش اور بچاؤ کے کاموں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم امدادی کارروائیوں میں حکومت عمان کی طرف سے فراہم کی جانے والی فوری مدد اور تعاون کی تعریف کرتے ہیں۔"


مزید، وزارت خارجہ کی پریس ریلیز کے مطابق، خطے میں بحری جہازوں پر مسلسل حملے انتہائی تشویشناک ہیں اور شہری بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ تجارتی جہازوں اور سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا بند ہونا چاہیے۔ مزید برآں، بین الاقوامی قانون کے مطابق، بین الاقوامی آبی گزرگاہوں کے ذریعہ بلا روک ٹوک نقل و حرکت اور تجارت کو جلد از جلد بحال کیا جانا چاہیے۔