حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر سعودی جنگی طیاروں نے کی بموں کی بارش، یمن میں 60 فوجی ٹھکانے تباہ، 17 افراد ہلاک


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں سے لڑ رہے سعودی قیادت والے اتحاد نے بدھ کو مطلع کیا کہ اس نے یمن میں باغیوں کے قبضہ والے علاقوں میں بڑا فضائی حملہ کیا ہے۔ سامنے آئی جانکاری کے مطابق اس حملہ میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔


اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ منگل کو کیے گئے ان حملوں میں راجدھانی صنعاء، عمران، صعدہ اور حدیدہ صوبوں میں ’60 جائز فوجی ٹھکانوں‘ کو تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان حملوں کا مقصد حوثیوں کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو کمزور کرنا تھا۔ اس کے لیے پہاڑی گوداموں تک جانے والی ان سرنگوں کو تباہ کیا گیا جہاں بیلسٹک میزائل رکھے جاتے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ان ورکشاپس کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں ڈرون تیار اور جمع کیے جاتے ہیں اور انہیں رکھا جاتا ہے۔




حوثیوں کے زیر کنٹرول وزارت صحت کے ترجمان انیس الاسباحی نے اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ حدیدہ میں ایک حملے میں اسپنج بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔ صعدہ کے قطاف ضلع میں ہونے والے ایک دوسرے حملے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوئے۔ الاسباحی نے بتایا کہ صنعاء میں جوتوں کی ایک فیکٹری پر حملے میں کم از کم 9 افراد زخمی ہو گئے۔


بہرحال، المالکی نے کہا کہ سعودی عرب نے بدھ کی علی الصبح حوثی باغیوں کی جانب سے راجدھانی ریاض کی طرف داغے گئے ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب سعودی حمایت یافتہ فوجیں باب المندب نہر کے آس پاس کے علاقوں سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔ یہ حوثی مخالف گروہ کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، جس سے اس اہم بحری راستے پر ایران کی حمایت یافتہ باغیوں کی گرفت مزید مضبوط ہو گئی ہے۔




ایرانی فوج نے بدھ کی علی الصبح دعویٰ کیا کہ اس نے کویت میں واقع امریکی ’علی السالم‘ ایئر بیس کو ڈرون سے نشانہ بنایا ہے۔ اس واقعہ کے باعث تیل سے مالا مال اس خلیجی ملک میں کئی ہفتوں بعد پہلی بار ’ایئر ڈیفنس الرٹ‘ جاری کرنا پڑا۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایئر ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ ڈرون اور میزائل لانچ کرنے والے پلیٹ فارم کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ مغربی ایشیا میں امریکی فوج کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ’یو ایس سینٹرل کمانڈ‘ نے اس پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔


اس سے قبل بدھ کو کویت کی فوج نے بتایا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام ڈرون حملوں کو روک رہے ہیں، تاہم فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ملک کی وزارت خارجہ نے ایران کے بار بار ہونے والے ’مجرمانہ‘ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کویت کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ حال ہی میں ایران نے چھوٹے جزیرہ ملک بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔




’ملک کے غداروں کا حساب ضرور ہوگا، یہ سزا سے بچنے والے نہیں‘، ووٹ چوری کے نئے انکشاف پر کانگریس کا تبصرہ


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


’ووٹ چوری‘ معاملہ پر پی ایم مودی اور الیکشن کمیشن کے خلاف کانگریس کا حملہ دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ مختلف میڈیا اداروں کے ذریعہ مستقل نئے انکشافات بھی ہو رہے ہیں، جس نے الیکشن کمیشن کو ایک طرح سے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ تازہ انکشاف ’رپورٹرز کلکٹیکو‘ کی ایک رپورٹ میں ہوا ہے، جس نے چند روز پہلے ہی اپنی ایک رپورٹ سے الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا۔ تازہ انکشاف میں پتہ چلا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس 2024 میں ہوئے لوک سبھا انتخاب کی کئی سیٹوں پر شام 5 بجے کے بعد ہوئی ووٹنگ کا ڈاٹا موجود نہیں ہے۔ اس معاملہ میں کانگریس نے تلخ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ملک کے ان غداروں کا حساب ضرور ہوگا۔ یہ سزا سے بچنے والے نہیں ہیں۔‘‘



کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ’رپورٹرز کلیکٹیو‘ کی تحقیقات رپورٹ کی سرخی کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’مودی-الیکشن کمیشن کی ’ووٹ چوری‘ کا سیاہ کارنامہ۔ ’دی رپورٹرز کلیکٹیو‘ نے الیکشن کمیشن کے انٹرنل ریکارڈ کی جانچ کی تو پایا کہ 2024 میں ہوئے اسمبلی-لوک سبھا انتخابات کی 200 سیٹوں پر شام 5 بجے کے بعد کتنی ووٹنگ ہوئی، الیکشن کمیشن کے پاس اس کا ڈاٹا ہی نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی مطلع کیا کہ ’’ان میں مہاراشٹر کی 114 اسمبلی سیٹیں، جموں و کشمیر کی 44 سیٹیں اور ہریانہ کی 22 سیٹیں شامل ہیں۔‘‘




تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے بتایا ہے کہ مہاراشٹر میں ایکناتھ شندے جس سیٹ سے فتحیاب ہوئے تھے، وہاں شام 5 بجے تک صرف 1.13 لاکھ ووٹ درج تھے، لیکن مجموعی طور پر وہاں 2.03 لاکھ ووٹ پڑے۔ یعنی آخری گھنٹہ میں تقریباً 90 ہزار ووٹ ڈالے گئے۔ گویا کہ 366 بوتھوں پر ہر ایک منٹ میں اوسطاً 4 ووٹ ڈالے گئے، جو کہ معمول کے ووٹنگ عمل سے ناممکن ہے۔ الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ’’یاد رہے، جب اپوزیشن پارٹیوں نے شام 5 بجے کے بعد ہونے والی ووٹنگ میں اچانک اضافہ کی شکایت کی تھی تو الیکشن کمیشن نے اس سے انکار کر دیا تھا۔ لیکن رپورٹ بتاتی ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ ڈاٹا تھا ہی نہیں۔‘‘ کانگریس حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے سوال کرتی ہے کہ ’’الیکشن کمیشن نے وہ دعوے خارج کیسے کر دیے، جن کا جواب انھیں خود معلوم نہیں تھا؟‘‘ ساتھ ہی تلخ انداز میں کانگریس نے الزام عائد کیا کہ ’’الیکشن کمیشن نے یہ ووٹ چوری مودی کے اشارے پر کی، جو ملک کے ساتھ غداری ہے۔ ان غداروں کا حساب ضرور ہوگا، یہ سزا سے بچنے والے نہیں ہیں۔‘‘




’پمپل فری‘ اور ’نو ایڈڈ شوگر‘ جیسے دعوے کرنے والی کمپنیوں پر کارروائی کی تیاری میں حکومت!


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


جب بھی ہم بازار سے کوئی سامان خریدتے ہیں تو پیکٹ پر جو بھی لکھا ہوتا ہے اس پر بھروسہ کر لیتے ہیں۔ جیسے بریڈ پر ’100 فیصد ہول ویٹ‘، کھانے کے سامان پر ’نو ایڈڈ شوگر‘ یا کسی کریم پر ’پمپل فری‘ لکھا ہو تو صارف کو لگتا ہے کہ پروڈکٹ میں واقعی یہ تمام خصوصیات موجود ہیں۔ کئی بار لوگ ایسے دعووں پر بھروسہ کر کے ان مصنوعات پر دیگر اشیاء کے مقابلے میں زیادہ پیسے بھی خرچ کر دیتے ہیں۔ لیکن اب کمپنیوں کے لیے پیکٹ پر اس طرح کے دعوے کرنا آسان نہیں رہنے والا ہے۔ اب جن مصنوعات پر بڑے بڑے دعوے لکھے ہوتے ہیں مرکزی حکومت ایسے پروڈکٹ لیبل اور ٹریڈمارک کی جانچ کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اگر کمپنی اپنے دعوے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دے پاتی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اتنا ہی نہیں غلط دعوے والے پروڈکٹ بازار سے ہٹائے بھی جا سکتے ہیں۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت برائے صارفین امور کھانے پینے کی اشیاء اور کاسمیٹک پروڈکٹس کے پیکٹ پر لکھے دعووں کی جانچ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس میں ’میدا فری بریڈ‘، ’100 فیصد ہول ویٹ‘، ’نو ایڈڈ شوگر‘، ’100 فیصد نیچرل‘ اور ’پمپل فری‘ جیسے دعوے شامل ہو سکتے ہیں۔ کمپنیوں کو یہ ثابت کرنا پڑ سکتا ہے کہ ان کے پروڈکٹ میں واقعی وہ تمام خوبیاں موجود ہیں، جن کا دعویٰ پیکٹ پر کیا جا رہا ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ صارف پیکٹ کے سامنے لکھی گئی باتوں کو دیکھ کر خریداری کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی کمپنی کسی بھی طرح کا دعویٰ کر کے زیادہ پیسے وصولتی ہے تو اسے بھروسے مند ثبوت بھی دینا ہوگا۔





حکومت اس معاملے میں ڈی پی آئی آئی ٹی کے ساتھ مل کر ٹریڈ مارک کی جانچ کا طریقہ تلاش رہی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر انہیں اپنے پروڈکٹ کے لیبل کو درست کرنے کے لیے بھی کہا جا سکتا ہے۔ اگر کسی سامان کے اصل اجزا اور پیکٹ پر کیے گئے دعوے میں فرق پایا جاتا ہے تو وزارت برائے صارفین امور اس پروڈکٹ کو بازار سے ہٹانے کی سفارش کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سی سی پی اے جانچ کر کے اصول ضوابط کے تحت جرمانہ بھی عائد کر سکتی ہے۔


واضح رہے کہ حکومت پہلی بار پروڈکٹس کے دعووں پر سوال نہیں اٹھا رہی ہے۔ اس سے قبل بھی سی سی پی اے نے کچھ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ جون میں اسٹوریا فوڈز اور مسز بیکٹرز فوڈ اسپیشلٹیز پر ان کے پروڈکٹس کے پیکٹ پر کیے گئے دعووں کےحوالے سے 1-1 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اسٹوریا کے معاملے میں کمپنی کے ’100 فیصد ٹیندر کوکونٹ واٹر‘ کے دعوے پر سوال اٹھا تھا۔ جانچ میں پایا گیا کہ پروڈکٹ ناریل پانی کے کنسنٹریٹ میں پانی ملا کر تیار کیا گیا تھا۔ دوسری جانب مسز بیکٹرز کے بریڈ پروڈکٹ پر ’100 فیصد آٹا بریڈ‘ اور ’100 فیصد ہول ویٹ بریڈ‘ جیسے دعوے تھی، اس کی بھی جانچ ہوئی تھی۔





’آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا، ضمانت پر رہنے دیں‘، اعظم خان کے خلاف ای ڈی کی عرضی پر سپریم کورٹ کا تبصرہ


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ملی عبوری ضمانت کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ای ڈی نے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے فوری سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ ایجنسی نے گرفتاری کی وجوہات نہ بتائے جانے اور بدنیتی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے پر سوال اٹھائے ہیں۔ ای ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو پیش ہوئے۔ ای ڈی نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے یہ معاملہ پیش کیا۔ ای ڈی نے سپریم کورٹ سے معاملے کی جلد سماعت کرنے اور تب تک جوں کی توں صورتحال برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔



اس دوران جسٹس جوائے مالیہ باگچی نے کہا کہ ’’آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا، انہیں عبوری ضمانت پر رہنے دیں۔‘‘ سپریم کورٹ نے اس معاملے کو کل یعنی جمعرات کے روز سماعت کے لیے فہرست بند کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ فی الحال اعظم خان کی عبوری ضمانت پر پابندی عائد نہیں ہوئی ہے۔ اب کل سپریم کورٹ میں کل ہونے والی سماعت کے دوران ای ڈی کی عرضی پر غور و فکر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اعظم خان کو منی لانڈرنگ معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ سے 17 نومبر کو عبوری ضمانت ملی تھی۔ ہائی کورٹ نے ان کی گرفتاری کے عمل پر سوالات اٹھائے تھے۔


اعظم خان کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے دلیل دی تھی کہ گرفتاری کے وقت ای ڈی نے انہیں تحریری طور پر گرفتاری کی وجہ نہیں بتائی تھی۔ ہائی کورٹ نے ابتدائی طور پر تسلیم کیا تھا کہ گرفتاری کے دوران آئین کی دفعہ (1)22 اور پی ایم ایل اے کی دفعہ 19 کے تحت ضروری قواعد پر عمل در آمد نہیں کیا گیا تھا۔ اسی بنیاد پر اعظم خان کو عبوری ضمانت دی گئی تھی۔ ای ڈی کا منی لانڈرنگ کا معاملہ رام پور کی مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی سے متعلق ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کا الزام ہے کہ یونیورسٹی کے لیے کسانوں کی زمین پر زبردستی قبضہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سرکاری کاموں کے لیے ملنے والی رقم کا استعمال یونیورسٹی میں کرنے اور ٹھیکیداروں سے چندے کے نام پر ٹرسٹ کو رقم واپس دلوانے کا بھی الزام ہے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں یونیورسٹی کی تقریباً 426.46 کروڑ روپے مالیت کی زمین اور عمارتیں ضبط کی ہیں۔





آبنائے باب المندب کے قریب مال بردار جہاز غرق، 2 ہندوستانی ملاح بحفاظت بچا لیے گئے، ایک اب بھی لاپتہ


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


نیروبی میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن نے بدھ (18 نومبر) کو بتایا کہ آبنائے باب المندب کے قریب مال بردار جہاز ’الفتح‘ کے ڈوبنے کے بعد 2 ہندوستانی ملاحوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، جبکہ ایک ہندوستانی ملاح اب بھی لاپتہ ہے۔ ہندوستانی مشن نے بتایا کہ وہ متعلقہ حکام اور دیگر فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، تاکہ بچائے گئے دونوں ملاحوں کی بحفاظت ہندوستان واپسی یقینی بنائی جا سکے اور لاپتہ ملاح کی تلاش کے لیے جاری کوششوں میں مکمل تعاون کیا جا سکے۔



سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ ’’نیروبی میں ہندوستانی ہائی کمیشن مال بردار جہاز الفتح سے بچائے گئے 2 ہندوستانی ملاحوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔ یہ جہاز آبنائے باب المندب کے قریب ڈوب گیا تھا۔ تیسرا ہندوستانی ملاح اب بھی لاپتہ ہے اور اس کی تلاش جاری ہے‘‘ ہائی کمیشن نے مزید کہا کہ ’’ہم متعلقہ حکام، شپنگ ایجنٹ اور بچائے گئے ملاحوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، تاکہ ان کی واپسی کا عمل مکمل کیا جا سکے اور لاپتہ ہندوستانی عملے کے رکن کی تلاش کی کوششوں میں مدد فراہم کی جا سکے۔‘‘




یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایک روز قبل ہی ہندوستان نے آبنائے ہرمز میں ’پناما‘ کے پرچم بردار ایل پی جی ٹینکر ’ایم ٹی تارا گیس‘ پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کی تھی۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے منگل (17 نومبر) کو بتایا تھا کہ جہاز پر سوار 24 ہندوستانی شہریوں میں سے 21 کو بحفاظت نکال کر عمان کے خاصب ساحل پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی عملے کے 2 زخمی ہندوستانی اراکین کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ ایک ہندوستانی لاپتہ ہے۔


وزارت خارجہ نے کہا کہ ’’ہم 16 نومبر کو آبنائے ہرمز میں پناما کے پرچم بردار ایل پی جی ٹینکر ’ایم ٹی تارا گیس‘ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ جہاز پر سوار 24 ہندوستانی شہریوں میں سے 21 کو بحفاظت ساحل پر پہنچا دیا گیا ہے۔ 2 زخمی ہندوستانی شہری اسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ ایک ہندوستانی شہری اب بھی لاپتہ ہے۔‘‘ وزارت کے مطابق عمان میں ہندوستانی سفارت خانہ وہاں کے حکام کے ساتھ مل کر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ وزارت خارجہ نے عمانی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بچاؤ کی کارروائی میں بروقت مدد اور تعاون کے لیے ہندوستان اس کا شکر گزار ہے۔





178 کمپنیوں کی ویب سائٹس پر سائبر حملہ، لاکھوں لوگوں کا ڈیٹا، رقم اور بینک کی تفصیلات خطرے میں!


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


اگر آپ بھی آن لائن خریداری کرتے ہیں، کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کرتے ہیں یا آئی فون استعمال کرتے ہیں تو یہ خبر آپ کی تشویش بڑھا سکتی ہے۔ انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک بڑا خطرہ سامنے آیا ہے۔ سی این این، زوم اور آئی کے ای اے جیسی دنیا کی 178 بڑی کمپنیوں کی ویب سائٹس پر ہیکرز نے سائبر حملہ کیا ہے۔ ایک چھوٹی سی خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاکھوں لوگوں کا ڈیٹا، رقم اور بینک کی تفصیلات خطرے میں ڈال دی گئیں۔



دنیا کی تقریباً 178 بڑی کمپنیوں کی ویب سائٹس پر سائبر حملے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہیکرز نے ان ویب سائٹس میں ایسا خطرناک کوڈ شامل کر دیا، جو صارفین کی ذاتی معلومات چوری کر سکتا ہے۔ ان میں کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات، کرپٹو کرنسی والیٹ کی معلومات اور براؤزر میں محفوظ ڈیٹا بھی شامل ہے۔ یہی نہیں، اس حملے میں آئی فون اور آئی پیڈ استعمال کرنے والوں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس سائبر حملے میں ہیکرز نے ویب سائٹ کو بہتر بنانے والے ایک پلیٹ فارم کا فائدہ اٹھایا۔ سیکورٹی محقق اسکاٹ ہیلم نے تقریباً 178 اداروں کی ویب سائٹس پر مشتبہ سرگرمی کا پتہ لگایا۔ اس کے بعد تحقیقات میں معلوم ہوا کہ حملہ آوروں نے ویب سائٹس میں استعمال ہونے والے جاوا اسکرپٹ کوڈ میں چھیڑ چھاڑ کی ہے۔




’آپٹیمائزلی‘ نامی پلیٹ فارم کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس بہتر بنانے اور ان کا انتظام کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ہیکرز نے اس پلیٹ فارم کے اکاؤنٹ بنانے کے عمل میں موجود خامی کا فائدہ اٹھایا اور کچھ صارفین کے پروجیکٹس میں بغیر اجازت خطرناک جاوا اسکرپٹ کوڈ شامل کر دیا۔ اس کوڈ کا استعمال کئی طرح سے صارفین کو نقصان پہنچانے کے لیے ہو سکتا ہے۔ اگر کوئی صارف کرپٹو کرنسی ٹرانسفر کر رہا ہے تو یہ کوڈ اصل والیٹ ایڈریس کی جگہ ہیکر کا ایڈریس بھی دکھا سکتا ہے۔ اس سے رقم غلط اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ اس کے علاوہ ویب سائٹ پر ادائیگی کے دوران درج کی جانے والی کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی چوری کی جا سکتی تھی۔ ہیکرز براؤزر کوکیز حاصل کرنے اور صارفین کی اسکرین کے اسکرین شاٹس لینے کے بھی اہل ہو گئے تھے۔


اس حملے کا ایک اور تشویشناک پہلو ایپل ڈیوائس سے متعلق ہے۔ کچھ مشتبہ اسکرپٹ آئی او ایس اور آئی پیڈ او ایس 18.6 یا اس سے پرانے ورژن پر چلنے والے آئی فون اور آئی پیڈ کو نشانہ بنانے والے ایکسپلائٹ کٹ استعمال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم اس کی زد میں کتنے آلات آئے، یہ ابھی واضح نہیں ہو سکا ہے۔ آپٹیمائزلی کی ترجمان وکٹوریہ جانسن کے مطابق کمپنی کے اکاؤنٹ سائن اپ سسٹم میں موجود خامی کا فائدہ اٹھا کر یہ حملہ کیا گیا تھا۔ کمپنی نے متاثرہ صارفین کو اس کی اطلاع دی اور سیکورٹی اپ ڈیٹ بھی جاری کیا۔ بعد میں کمپنی نے واضح کیا کہ ویب سائٹس سے خطرناک کوڈ ہٹا دیا گیا ہے۔





دوسری جانب سیلز فورس نے مشتبہ اسکرپٹ کو بند کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ ایکوی فیکس نے آپٹیمائزلی کا استعمال روک دیا اور کہا کہ اس کے سسٹم میں نقب لگنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ آئی کے ای اے بھی اس معاملے کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔ رپورٹ یو آر آئی کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو ہندوستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 55 منٹ تک حملہ آوروں کو تقریباً 7040 ڈالر یعنی لگ بھگ 6.6 لاکھ روپے کی کرپٹو کرنسی مل چکی تھی۔ اس حملے سے اصل میں کتنا نقصان ہوا، یہ ابھی واضح نہیں ہے۔ کتنے لوگوں کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات اور براؤزر کوکیز ہیکرز تک پہنچیں، اس بارے میں بھی فی الحال کوئی واضح تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔