زلزلے، سونامی اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہندوستان اور آسیان کا تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ کوششیں تیز کرنے کا عزم


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


منیلا: ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان نے قدرتی آفات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے تحت زلزلے، سونامی، سیلاب، سمندری طوفان، شدید گرمی اور لینڈ سلائیڈنگ جیسی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتباہی نظام، جدید ٹیکنالوجی، مشترکہ مشقوں اور فوری راحت و بچاؤ کی کارروائیوں کو فروغ دیا جائے گا۔


اس سلسلے میں فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منگل کو منعقدہ 23ویں آسیان-ہندوستان سربراہ اجلاس کے موقع پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اس بیان کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق قدرتی آفات کے انتظام کے تمام مراحل میں تعاون بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔ ان میں آفات کی روک تھام، خطرات کی نشاندہی، تیاری، راحت و بچاؤ، بازآبادکاری، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور متعلقہ اداروں کی صلاحیت سازی شامل ہیں۔


مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور آسیان کے رکن ممالک قدرتی آفات کے مشترکہ خطرات کا سامنا کرتے ہیں، جن کا سب سے زیادہ اثر معاشرے کے کمزور اور حساس طبقات پر پڑتا ہے۔ اس لیے صرف آفت کے بعد امداد پہنچانا کافی نہیں، بلکہ پہلے سے تیاری اور ممکنہ نقصانات کو کم کرنے کے لیے مؤثر نظام تیار کرنا بھی ضروری ہے۔


تعاون کے اہم شعبوں میں پیشگی انتباہی نظام کو مضبوط بنانا شامل ہے۔ اس کے تحت زلزلوں، سونامی، سیلاب، سمندری طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق معلومات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔ سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار، زلزلوں کی نگرانی اور موسمیاتی پیش گوئیوں سے استفادہ کرتے ہوئے آفات کی پیشگی اطلاع اور خطرات کا اندازہ لگانے کی صلاحیت بہتر بنائی جائے گی۔





ہندوستان اور آسیان کے ممالک باقاعدہ تربیتی پروگراموں، فرضی مشقوں اور آفات سے نمٹنے والے اہلکاروں کے تبادلے کے ذریعے اپنی تیاریوں کو مضبوط کریں گے۔ کسی رکن ملک میں قدرتی آفت آنے کی صورت میں اس کی درخواست یا رضامندی کی بنیاد پر انسانی امداد اور راحت و بچاؤ کی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔


بیان میں فوجی اور شہری تحفظ سے متعلق اداروں کے درمیان تال میل بڑھانے پر بھی زور دیا گیا ہے، تاہم واضح کیا گیا ہے کہ آفات کے انتظام میں شہری انتظامیہ کا کردار بنیادی ہوگا اور فوجی وسائل کا استعمال آخری متبادل کے طور پر کیا جائے گا۔


اس تعاون کو اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے آسیان کے آفات سے نمٹنے کے معاہدے (اے اے ڈی ایم ای آر) اور ہندوستان کے ’مہاساگر‘ وژن کے درمیان ممکنہ تال میل کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ اس سے بحرہند اور ہند-بحرالکاہل خطے میں انسانی امداد اور آفات کے دوران راحت رسانی کے شعبے میں ہندوستان کا کردار مزید مستحکم ہو سکتا ہے۔


مشترکہ بیان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مشین لرننگ اور بگ ڈیٹا اینالیٹکس کے استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے آفات کے خطرات کا بہتر اندازہ لگانے، بروقت انتباہ جاری کرنے اور امدادی کارروائیوں میں تال میل پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔




اس کے علاوہ ہندوستان کا قومی ادارہ برائے آفات کا انتظام (این آئی ڈی ایم) اور آسیان کے متعلقہ ادارے مشترکہ تربیتی پروگرام منعقد کریں گے۔ آفات کے انتظام سے وابستہ ماہرین کے لیے اسکالرشپ اور تکنیکی تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ دونوں فریقوں نے آفات کے بعد تعمیر نو کو ماحول دوست اور پائیدار بنانے، مضبوط بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور خواتین، نوجوانوں، بزرگوں اور معذور افراد کی شمولیت یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔


مشترکہ بیان پر عمل درآمد کے لیے آسیان کی کمیٹی برائے آفات کا انتظام اور ہندوستان کے متعلقہ ادارے ٹھوس سرگرمیوں کی نشاندہی کریں گے۔ اس تعاون کی پیش رفت کا جائزہ آسیان-ہندوستان ایکشن پلان 2026-2030 کے تحت لیا جائے گا۔




نریندر مودی نے عوام کو ’آتم نربھر بھارت‘ کا جملہ تو دیا، لیکن ہندوستان کو ’چین نربھر‘ بنا دیا: کانگریس


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ ریکارڈ 83 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ اس معاملہ میں کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’آتم نربھر بھارت‘ (خود کفیل ہندوستان) کا جملہ ضرور دیا، لیکن ہندوستان کو ’چین نربھر‘ (چین پر منحصر) بنا کر رکھ دیا ہے۔



کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’بزنس اسٹینڈرڈ‘ کی ایک خبر کا تراشہ شیئر کیا ہے، جس میں چین کے ساتھ ہندوستانی تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2027 کے ابتدائی 7 مہینوں میں چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ 83 ارب ڈالر پہنچ گیا ہے، اور پورے مالی سال میں یہ خسارہ 150 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ اس تراشہ کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ اعداد و شمار گزشتہ مالی سال کے مقابلے 30 فیصد زیادہ ہے۔‘‘




چین کے ساتھ ہندوستان کے حالیہ تجارتی خسارہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس نے شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو مالی سال 2027 میں چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ 150 بلین ڈالر کے قریب پہنچ جائے گا، جو مالی سال 2026 میں 112 ارب ڈالر تھا۔ ساتھ ہی کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستان جم کر چین سے سامان خرید رہا ہے اور وہاں کا مینوفیکچرنگ سیکٹر بوم کر رہا ہے۔ جبکہ ہندوستان کے ایم ایس ایم ای تباہ ہو رہے ہیں اور دن بہ دن روزگار کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔‘‘


اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی نے عوام کو ’آتم نربھر بھارت‘ کا جملہ تو دیا، لیکن حقیقت میں ہندوستان کو ’چین نربھر‘ بنا دیا۔ گویا کہ نریندر مودی اپنی گھٹیا پالیسیوں سے ہندوستان کی معیشت کا کباڑا کر ملک کا نقصان کر رہے ہیں





آبنائے ہرمز میں پناما کے جھنڈے والے ٹینکر پر میزائل حملہ، 24 ہندوستانی ملاح محفوظ، ایک لاپتہ!

قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


جہاز رانی کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے منگل (17 نومبر) کو بتایا کہ آبنائے ہرمز میں ایک ایل پی جی ٹینکر کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس جہاز پر 24 ہندوستانی ملاح سمیت مجموعی طور پر عملے کے 25 اراکین سوار تھے۔ اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر 2 پوسٹ کی۔ پہلی پوسٹ انہوں نے صبح 10:47 بجے کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ ’’16 نومبر کو آبنائے ہرمز میں پناما کے جھنڈے والے ایل پی جی ٹینکر ’تارا گیس‘ کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس جہاز پر 24 ہندوستانی ملاح سوار تھے۔ 24 ہندوستانی شہریوں سمیت عملے کے تمام 25 اراکین محفوظ ہیں اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔‘‘



مرکزی وزیر سربانند سونووال نے مزید لکھا کہ ’’ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے ملاحوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جہاز کی انتظامی کمپنی کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔‘‘ تقریباً 5 گھنٹے بعد انہوں نے اس حوالے سے ’ایکس‘ پر دوسری پوسٹ کی۔ تازہ ترین پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’ایک افسوسناک واقعے میں پناما کے جھنڈے والے ایل پی جی ٹینکر ’تارا گیس‘ پر دوبارہ حملہ کیا گیا، جس کے بعد جہاز کے پورے عملے کو اسے چھوڑنا پڑا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ عملے کے 24 اراکین کی بحفاظت موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے، تاہم ایک ہندوستانی ملاح اب بھی لاپتہ ہے۔‘‘





سربانند سونووال نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’’لاپتہ ہندوستانی ملاح کی تلاش اور بچائے گئے عملے کے اراکین کی فوری حفاظت، دیکھ بھال اور ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ہم جہاز کی انتظامی کمپنی اور علاقائی ریسکیو حکام کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر رابطہ کر رہے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ بھی آبنائے ہرمز اور بحیرہ عرب میں ایسے جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، جن پر ہندوستانی ملاح سوار تھے۔


ایک حملہ 10 نومبر کو لائبیریا کے جھنڈے والے جہاز پر ہوا تھا، جس پر میزائل یا راکٹ سے حملہ کیا گیا تھا۔ اس جہاز پر 19 ہندوستانی سوار تھے۔ حملے میں تمام ملاح بال بال بچ گئے تھے۔ دوسرا حملہ 11 نومبر کو ہوا تھا، جس میں آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت سعودی عرب کے جھنڈے والے جہاز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ’این سی سی فجر‘ نامی اس جہاز پر 3 ہندوستانی ملاح سمیت پورا عملہ سوار تھا۔ حملے کے بعد پورا عملہ محفوظ رہا۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور ایران کے جنگ کے بعد سے ہی آبنائے ہرمز میں جہازں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ ایران نے اس سمندری راستے سے گزرنے والے جہازوں پر پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں اور اس دوران کئی جہازوں پر حملے ہوئے ہیں۔





بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامیوں کے ذہنوں میں خوف، غصہ اور نفرت کا جال: راہل گاندھی


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے حامیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ذہنوں میں خوف، غصہ اور نفرت نے ایسا جال بن دیا ہے جو انہیں محبت کا احساس کرنے اور اس کا اظہار کرنے سے روکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ’سچے ہندو‘ کی حیثیت سے ان کا فرض ہے کہ وہ ان لوگوں کو اس جال سے آزاد کرائیں، تاکہ وہ بھی اپنی زندگی میں محبت اور اپنائیت کی خوب صورتی اور خوشی محسوس کر سکیں۔


راہل گاندھی نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں یہ بات کہی۔ اس کے ساتھ انہوں نے بھگوان شیو اور دیوی پاروتی کی اوما مہیشور شکل کی تصویر بھی شیئر کی۔ ان کی یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ان کی والدہ اور کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی کتاب کی رسم اجرا کی تقریب کے دوران کیے گئے بعض تبصروں پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامی سوشل میڈیا پر تنقید کر رہے ہیں۔


راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’خوف، غصہ اور نفرت نے بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامیوں کے دلوں میں ایک ایسا جال بن دیا ہے جو انہیں محبت کا احساس کرنے اور اس کا اظہار کرنے سے روکتا ہے۔‘‘





انہوں نے مزید کہا، ’’ایک سچے ہندو کی حیثیت سے میرا فرض ہے کہ میں انہیں اس جال سے آزاد کراؤں، تاکہ وہ بھی اپنی زندگی میں محبت اور اپنائیت کی غیر معمولی خوب صورتی اور خوشی کا تجربہ کر سکیں۔‘‘ انہوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر ’ستیم، شیوم، سندرم‘ کے الفاظ بھی تحریر کیے۔


دوسری جانب کانگریس نے بھی اس معاملے پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی نے کہا کہ محبت کی بات سن کر بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامی مشتعل ہو رہے ہیں اور نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔



کانگریس نے اپنے بیان میں شیو پاروتی اور لکشمی نرسمہا کی مذہبی تمثیلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سچا ہندو ان شکلوں کی پوجا کرتا ہے جہاں دیوی، دیوتا کی شریک حیات، ساتھی اور ان کے برابر ہوتی ہیں۔


پارٹی نے کہا کہ مذہب انسان کو محبت کا درس دیتا ہے اور بھگوان محبت کے علم بردار ہیں۔ کانگریس نے دعا کی کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامیوں کے دلوں میں بھی محبت کا جذبہ پیدا ہو اور وہ اس خوب صورت احساس کو سمجھ سکیں۔




اعظم خان کو منی لانڈرنگ معاملے میں بڑی راحت، الٰہ آباد ہائی کورٹ نے دی عبوری ضمانت


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر رہنما اعظم خان کو الٰہ آباد ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کے منی لانڈرنگ معاملے میں یہ راحت دی ہے۔ عدالت نے مانا کہ پہلی نظر میں اعظم خان کی گرفتاری کے دوران آئین کی دفعہ 22(1) اور منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی دفعہ 19 کے لازمی التزامات پر سختی سے عمل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے اعظم خان کو ذاتی مچلکے اور مساوی رقم کے 2 ضامنوں کی بنیاد پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہیں غازی آباد کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کی تسلی کے مطابق ضمانتی بانڈ جمع کرانا ہوگا۔



واضح رہے کہ اس پورے معاملے کی آئندہ سماعت 10 دسمبر کو ہوگی۔ اعظم خان کی جانب سے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے سینئر وکیل کپل سبل اور عمران اللہ نے عدالت میں ان کا موقف پیش کیا۔ جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس دیویندر سنگھ-اوّل پر مشتمل ڈویژن بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ جس طرح انہیں جیل کے دروازے پر ہی ای ڈی نے حراست میں لیا وہ ’’موجودہ کارروائی کے بدنیتی پر مبنی اور غلط ارادے کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘




قابل ذکر ہے کہ اعظم خان نے جوہر یونیورسٹی سے متعلق تقریباً 426 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی کی کارروائی کو چیلنج کیا تھا۔ انہیں 31 اکتوبر کو رامپور جیل سے رہائی کے فوراً بعد ای ڈی نے گرفتار کر لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد وہ ای ڈی کی کسٹڈی میں رہے تھے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد اعظم خان کی عرضی الٰہ آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے آئی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے سپریم کورٹ سے راحت طلب کی تھی۔ سپریم کورٹ نے انہیں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ان کی عرضی الٰہ آباد ہائی کورٹ بھیج دی تھی۔ اس کے بعد معاملہ ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے درج کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو معاملے کی سماعت کے بعد عبوری حکم جاری کرنے کی ہدایت بھی دی تھی۔