شیخ حسینہ کو واپس لے جانے کے لیے ہندوستان نے بنگلہ دیش کے سامنے رکھی 2 شرائط!


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی واپسی کو لے کر ہندوستان نے 2 شرائط رکھی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان چاہتا ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج انہیں واپس لے کر جائے اور وہاں ان کے مقدمے کی منصفانہ سماعت ہو۔ یہ شرائط بنگلہ دیش میں طارق رحمٰن کی قیادت والی بی این پی حکومت کے سامنے رکھی گئی ہے۔ حالانکہ ہندوستان کی ان دونوں شرائط کی بھی آزادنہ طور پر تحقیق نہیں ہوئی ہے۔ ’بی بی سی بنگلہ‘ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان شیخ حسینہ کی واپسی کو لے کر دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کا راستہ تلاش کر رہا ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ (13 نومبر) کو کہا کہ حوالگی ایک قانونی معاملہ ہے اور اس پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔



ہندوستان چاہتا ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج شیخ حسینہ کو واپس لے جانے کی ذمہ داری اٹھائے۔ اس کے لیے بنگلہ دیشی فوج کو اپنا فوجی طیارہ دہلی بھیجنا ہوگا۔ اسی طیارہ کے ذریعہ شیخ حسینہ کو ڈھاکہ لے جایا جائے۔ دوسرا راستہ یہ ہے کہ فوج ہندوستان اور بنگلہ دیش کی سرحد پر کسی طے شدہ مقام سے انہیں اپنے ساتھ لے جائے۔ اگست 2024 میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد شیخ حسینہ بنگلہ دیش چھوڑ کر ہندوستان آ گئی تھیں۔ اس وقت بھی وہ فوجی طیارہ کے ذریعے ہندوستان پہنچی تھیں۔




ہندوستان کی دوسری شرط شیخ حسینہ کے قانونی تحفظ سے جڑی ہے۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت انہیں سزائے موت کے خلاف اپیل کرنے کا موقع دے۔ ساتھ ہی جولائی 2024 میں مظاہرین کی ہلاکتوں سے متعلق معاملے میں ان کے مقدمے کی دوبارہ سماعت ہو۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ شیخ حسینہ کو قانونی کارروائی کے تحت اپنا موقف پیش کرنے کا پورا موقع ملے۔ نومبر 2025 میں بنگلہ دیش کی عدالت نے شیخ حسینہ کی غیر موجودگی میں انہیں سزائے موت سنائی تھی۔ ان پر طلبہ تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف کارروائی سے متعلق سنگین الزامات ہیں۔



قابل ذکر ہے کہ شیخ حسینہ نے دسمبر 2026 میں بنگلہ دیش واپس آنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے دہلی میں واقع بنگلہ دیشی سفارت خانہ سے اپنا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ (این آئی ڈی) مانگا ہے۔ حالانکہ بنگلہ دیشی حکومت نے پاسپورٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ بی این پی کے جوائنٹ جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ خیر الکبیر کھوکون نے ’اے این آئی‘ سے کہا کہ شیخ حسینہ پاسپورٹ مانگ کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شیخ حسینہ پر انسانیت کے خلاف جرائم، اغوا اور قتل جیسے سنگین معاملات ہیں۔ ان کے مطابق بنگلہ دیش میں اب شیخ حسینہ کی سیاست میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔



اے آئی ٹولز کے باعث سائبر حملوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے: ایف بی آئی


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


کیا سائبر مجرم دنیا میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کر رہے ہیں؟ کیا چند گھنٹوں کے اندر ہی دہشت پھیلائی جا سکتی ہے؟ ایسے ہی کچھ سوالات کے پیش نظر ’فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن‘ (ایف بی آئی) نے انتباہ جاری کیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق سائبر مجرم دنیا بھر کی تنظیموں پر حملوں میں تیزی لانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی سیکورٹی ٹیسٹنگ ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان میں سے بعض حملوں میں وہ 3 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ’پریولیجڈ ایکسیس‘ (خصوصی رسائی) حاصل کر لیتے ہیں۔



ایف بی آئی نے جمعہ کے روز (مقامی وقت) بتایا کہ حملہ آوروں نے اگست سے ’اے آر ٹی ای ایکس‘ نامی اوپن سورس فریم ورک کا استعمال کیا ہے۔ اس کے ذریعے انہوں نے مالیات، حکومت، ٹیکنالوجی، دفاع، توانائی اور صحت کی دیکھ بھال جیسے مختلف شعبوں سے وابستہ تنظیموں کو نشانہ بنایا ہے۔ ایف بی آئی کے مطابق یہ ٹول سائبر حملے کے کئی مراحل کو خودکار بنا سکتا ہے۔ اس میں ممکنہ اہداف کی شناخت سے لے کر ڈاٹا چوری کی تیاری اور اسے انجام دینے تک کے مراحل شامل ہیں۔ اس کی وجہ سے سائبر حملوں سے بچاؤ کرنے والوں کے پاس حملے کا پتہ لگانے اور اس کا جواب دینے کے لیے بہت کم وقت رہ جاتا ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض معاملات میں ابتدائی ہدف کے تعین سے لے کر سسٹم تک خصوصی رسائی (پریولیجڈ ایکسیس) حاصل کرنے تک کا پورا عمل 3 گھنٹے سے بھی کم وقت میں مکمل ہو گیا۔




الرٹ کے مطابق اس فریم ورک کو بنیادی طور پر مجاز سیکورٹی ٹیسٹنگ (آتھرائزڈ سیکورٹی ٹیسٹنگ) کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ ایف بی آئی نے بتایا کہ اس کے غلط استعمال کی خبریں سامنے آنے کے بعد اکتوبر میں اس کے ڈیولپر نے اصل آن لائن ریپوزٹری کو ہٹا دیا تھا، لیکن اس کے دیگر ورژن اور نقول اب بھی دستیاب ہیں۔ بیورو کے مطابق یہ ٹول پیچیدہ کارروائیوں کو انجام دینے میں درپیش تکنیکی رکاوٹوں کو کم کر سکتا ہے، جس سے حملہ آور بیک وقت کئی اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ الرٹ میں جن شعبوں کے حوالے سے تشویش ظاہر کی گئی ہے، ان میں اداروں کی انٹرنیٹ سے منسلک ایپلی کیشنز، کلاؤڈ انفراسٹرکچر اور سپلائرز یا شراکت داروں سے منسلک نظام شامل ہیں۔


ایف بی آئی نے جنوبی کوریا کے مالیاتی اداروں پر ایسے سائبر حملوں کی مثال دی، جن کا مقصد مالی فائدہ حاصل کرنا تھا۔ ان حملوں کے نتیجے میں تقریباً 67000 افراد کی ذاتی معلومات چوری ہو گئیں۔ اس کے علاوہ ایک سپلائی چین کمپرو مائز کا بھی ذکر کیا گیا، جس سے کلاؤڈ بیک اَپ سروس استعمال کرنے والے صارفین متاثر ہوئے۔ اس کے نتیجے میں حملہ آوروں کو 2250 سے زائد صارفین کے سسٹم تک رسائی حاصل ہو گئی۔ بیورو نے اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر اپنی موجودگی اور اس سے وابستہ خطرات کا جائزہ لیں، شناخت کی تصدیق اور رسائی کے کنٹرول کو مضبوط بنائیں، کسی بھی غیر معمولی سرگرمی پر نظر رکھیں اور اپنے لاگ ان کی تفصیلات کو محفوظ رکھیں۔ ساتھ ہی جن تنظیموں کو کوئی مشکوک سرگرمی نظر آتی ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ایف بی آئی سے رابطہ کریں یا انٹرنیٹ کرائم کمپلینٹ سینٹر کے ذریعے اس کی اطلاع دیں۔





’نریندر مودی اور آر ایس ایس آپ کو بندھوا مزدور بنانے کی کوشش کر رہے ہیں‘، تلنگانہ میں گِگ ورکرز سے بولے راہل گاندھی


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی آج حیدرآباد دورے پر ہیں۔ انہوں نے ’تلنگانہ گِگ ورکرز سوشل سکیورٹی اینڈ ویلفیئر اسکیم‘ کا آغاز کیا۔ جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کچھ عرصہ قبل تلنگانہ کے گِگ ورکرز کے ساتھ میری بات چیت ہوئی تھی اور آپ نے اپنی تکلیف مجھے بتائی تھی۔ اسی وقت ہم نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ ہم آپ کے مطالبات پورے کریں گے اور آپ کو تحفظ فراہم کریں گے۔ آج ہم اپنا یہ وعدہ پورا کر رہے ہیں۔‘‘



اپنے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ ’’21ویں صدی ڈیٹا کی صدی ہے، پوری دنیا میں ڈیٹا کی بات ہوتی ہے۔ بڑی بڑی کمپنیاں ڈیٹا کی بنیاد پر چل رہی ہیں۔ لیکن ہندوستان میں گِگ ورکرز کا ڈیٹا خود گِگ ورکرز کو ہی دستیاب نہیں تھا۔ اب ’تلنگانہ گِگ ورکرز سوشل سیکورٹی اینڈ ویلفیئر اسکیم‘ کے تحت آپ کو اپنے ڈیٹا پر حق حاصل ہوگا۔ آپ اپنے کام سے متعلق تمام ڈیٹا دیکھ پائیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’تلنگانہ کے شہروں میں شدید گرمی کے دوران گِگ ورکرز دن بھر اسکوٹر پر گھومتے ہیں اور ڈیلیوری کرتے ہیں، لیکن ان کے آرام کرنے کے لیے کہیں کوئی جگہ موجود نہیں ہے۔ اسی لیے تلنگانہ حکومت گِگ ورکرز کے لیے ہر شہر میں وائی فائی کی سہولت سے لیس آرام گاہیں (ریسٹ زون) قائم کرے گی۔‘‘




کانگریس لیڈر نے گگ ورکرز سے کہا کہ ’’جب کسی گِگ ورکر کے ساتھ حادثہ پیش آتا ہے یا وہ بیمار ہوتے ہیں تو انہیں زبردست نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے تلنگانہ حکومت ہر گِگ ورکر کو 5 لاکھ روپے تک کا حادثاتی بیمہ اور 10 لاکھ روپے تک کا صحت بیمہ فراہم کرے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا ہک ’’گِگ ورکرز کو بھی پنشن ملنی چاہیے، سماجی تحفظ حاصل ہونا چاہیے اور ان کے لیے بھی بچت کا انتظام ہونا چاہیے۔ اسی لیے اب گِگ ورکرز کی ہر رائیڈ اور ڈیلیوری سے حاصل ہونے والی رقم کا 1 فیصد بچت کے لیے مختص کیا جائے گا۔ یہ رقم گِگ ورکرز کے بورڈ میں جمع ہوگی اور بورڈ کے ذریعے یہ رقم براہ راست آپ کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔‘‘




راہل گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ 21ویں صدی میں 2 طرح کی سوچ پائی جاتی ہے، ایک بی جے پی اور آر ایس ایس کی اور دوسری کانگریس کی۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ گِگ ورکرز کو بندھوا مزدور سمجھتے ہیں۔ وہ آپ سے 24 گھنٹے کام کرواتے ہیں۔ آپ ہر طرح کے خطرات مول لیتے ہیں، لیکن اس کے باوجود پورا فائدہ امبانی اور اڈانی جیسے صنعت کاروں کو ملتا ہے۔ جبکہ کانگریس پارٹی گِگ ورکرز کو ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی مانتی ہے۔ آپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے اور آپ کا تحفظ کرنا چاہتی ہے۔ یعنی کانگریس پارٹی آپ کو بیمہ فراہم کر رہی ہے اور آپ کی شراکت دار بننے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب نریندر مودی اور آر ایس ایس آپ کو بندھوا مزدور بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘





حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے گِگ ورکرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’گِگ ورکر ساتھیو، آپ گھبرائیے مت۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم آپ کو اپنا شراکت دار بنائیں گے۔ ہم آپ کے خاندانوں کی تعلیم اور صحت کی پوری ذمہ داری لیں گے اور آپ کی مدد کریں گے۔‘‘






امریکہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی نہیں کرنا چاہتا، ٹرمپ پر دباؤ ڈالنے موساد کے سربراہ امریکہ پہنچے


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


اسرائیلی سابق وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔ اسی تناظر میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین کل واشنگٹن پہنچے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوز کی رپورٹ کے مطابق وہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد وہ وائٹ ہاؤس کے ا سٹیو وٹ کوف سے بات کرنے کے لیے میامی کا سفر کر سکتے ہیں۔


موساد کے سربراہ کا دورہ ان اطلاعات کے درمیان آیا ہے کہ نیتن یاہو اور ٹرمپ کے درمیان ایران جنگ کے حوالے سے گرما گرم فون پر بات چیت ہوئی ہے۔ تاہم نیتن یاہو کے دفتر نے ان خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران کے حوالے سے ٹرمپ اور نیتن یاہو کے بیانات میں واضح تضاد دیکھنے میں آیا ہے۔ قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت میں مثبت رفتار آئی ہے اور اپنے سابقہ موقف کو پلٹتے ہوئے فی الحال نئے حملوں کو ملتوی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔




ٹرمپ نے کہا کہ وہ جمود کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ادھر ایک انگریزی روزنامہ کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو مبینہ طور پر روزانہ ٹرمپ کو فون کر کے انہیں تہران پر حملے دوبارہ شروع کرنے پر زور دیتے ہیں۔ نیتن یاہو نے منگل کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ ایران اسرائیل کو تباہ کرنے کے اپنے منصوبوں کو ترک نہیں کر رہا ہے اور اس خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کا واحد راستہ ایران میں آیت اللہ کی حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔


دونوں رہنماؤں کو حال ہی میں اپنے اپنے ممالک میں بڑے انتخابی دھچکے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے اتحاد کو اسرائیل کی 120 نشستوں والی پارلیمنٹ میں 53 نشستیں حاصل کرنے کا امکان ہے، جو کہ 61 نشستوں کی اکثریت سے کم ہے۔ دریں اثناء ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی نے نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں امریکی کانگریس کا کنٹرول کھو دیا۔ انتخابی ناکامیوں کے بعد ٹرمپ اب ایران پر بڑا حملہ کرنے سے ہچکچا رہے ہیں اور ان کی انتظامیہ کا خیال ہے کہ ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے صرف اقتصادی دباؤ ہی کافی ہے۔





ایران کے نقصانات کی تلافی کرے امریکہ، فوجی حملوں کو فوری روکے: عباس عراقچی


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی حملوں کو فوری طور پر روکے اور ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تلافی کرے۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے فوجی حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں کسی ممکنہ خطرے کے خدشے کی بنیاد پر کسی ملک کے خلاف فوجی کارروائی کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔


عباس عراقچی نے جاپان کی خبر رساں ایجنسی کیوڈو کے لیے لکھے گئے ایک مضمون میں ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں پر اپنے ملک کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں نے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے اور ان کارروائیوں کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔


ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے مضمون میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانون کسی ملک کو مستقبل میں لاحق ہونے والے کسی ممکنہ خطرے کی بنیاد پر دوسرے ملک پر فوجی حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ ان کے مطابق اس طرح کے اقدامات کو خودمختار ممالک کے خلاف جارحیت کے جواز کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔




عراقچی نے ایران کے اسکولوں، کھیلوں کے اسٹیڈیم، شہری بنیادی ڈھانچے اور جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کی بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت بھی تحقیقات کی جانی چاہئیں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا ان کارروائیوں میں جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔


انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت امریکہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کی غیر قانونی کارروائیوں کو روکے۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ کو یہ ضمانت بھی فراہم کرنی چاہیے کہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ پیش نہیں آئیں گے۔


ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فوجی حملوں کے جواب میں ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی خودمختار ملک کو اپنی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے دفاع کا حق حاصل ہے۔


عراقچی نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے مستقبل میں ممکنہ خطرات کا حوالہ دے کر دوسرے ممالک پر فوجی حملوں کو جائز تسلیم کر لیا تو اس سے بین الاقوامی قانونی نظام کی بنیادیں کمزور ہو جائیں گی۔ ایسا ہونے سے اقوام متحدہ کے چارٹر کی ساکھ اور عالمی سطح پر قائم قانونی اصولوں کی اہمیت بھی متاثر ہوگی۔