’پرامن مظاہروں کو دبانے کے لیے مقدمات چلانا افسوسناک‘، بامبے ہائی کورٹ نے ایف آئی آر رد کی
قومی آواز بیورو
قومی آواز بیورو
بامبے ہائی کورٹ نے سڑکوں کی خراب حالت کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کر دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر پُرامن احتجاج کو دبانے کے لیے فوجداری مقدمات درج کیے جاتے ہیں تو یہ جمہوریت کے لیے انتہائی افسوسناک بات ہوگی۔ عدالت نے واضح طور پر کہا کہ جب تک لوگ قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لیتے اور تشدد یا سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے جیسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوتے، تب تک ان کی پُرامن تحریک کو دبانے کے لیے فوجداری مقدمات درج نہیں کیے جانے چاہئیں۔
یہ مقدمہ مہاراشٹر کے چندرپور ضلع کے ناندگاؤں میں رواں سال جنوری میں سڑکوں کی خراب حالت کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شامل ہونے کے الزام میں نشکرس نمگڑے کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں بامبے ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جس میں نشکرس نمگڑے کے خلاف درج ایف آئی آر اور فرد جرم منسوخ کر دی۔
قابل ذکر ہے کہ ناندگاؤں کے لوگوں نے سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے ایک گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد یہ احتجاج کیا تھا۔ انہوں نے سڑک تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار اور محکمہ تعمیرات عامہ کے لاپروا افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ نمگڑے نے اپنے خلاف درج ایف آئی آر اور فرد جرم منسوخ کرنے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ اس معاملہ میں پولیس نے کہا کہ مظاہرین نے غیر قانونی طور پر جمع ہو کر سڑک جام کر دی تھی۔ حالانکہ ہائی کورٹ نے کہا کہ آئین کی دفعہ 19(1)(بی) لوگوں کو پُرامن طور پر اور بغیر اسلحوں کے جمع ہونے کا حق دیتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ اس بنیادی حق پر مناسب پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں، لیکن محض غیر واضح الزامات کی بنیاد پر اسے کمزور یا دبایا نہیں جانا چاہیے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ احتجاج کرنے کے آئینی حق اور فوجداری مقدمات کی بھرمار کے درمیان فرق واضح رہنا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو یہ جمہوریت کے لیے انتہائی افسوسناک بات ہوگی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف فوجداری مقدمہ چلانا عدالتی کارروائی کا غلط استعمال ہے۔
’اسپائس جیٹ‘ کی پریشانیوں میں اضافہ، دبئی ایئرپورٹ نے ’چیک اِن سروس‘ روک دی
قومی آواز بیورو
قومی آواز بیورو
ہندوستانی ایئرلائن ’اسپائس جیٹ‘ کی مشکلات مسلسل بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔ اس بار معاملہ دبئی کا ہے، جہاں بقایہ رقم ادا نہ کرنے پر دبئی ایئرپورٹ نے ایئرلائن کی ’چیک اِن سروس‘ پر روک لگا دی ہے۔ ایئرپورٹ آپریٹر کے مطابق اسپائس جیٹ پر تقریباً 14 ملین درہم یعنی تقریباً 35.8 کروڑ روپے بقایہ ہیں۔ ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے 12 نومبر سے چیک اِن خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔ اس کارروائی کے بعد دبئی سے پرواز بھرنے والی اسپائس جیٹ کی کئی پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔
اس معاملہ میں دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرلائن کے دبئی اسٹیشن منیجر کو بھی طلب کیا۔ اتھارٹی نے مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاع دینے اور ان کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ اس میں پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق دبئی ایئرپورٹس نے 9 نومبر کو اسپائس جیٹ کو مطلع کیا تھا کہ اس کے ذمہ بقایہ رقم بڑھ کر 14 ملین درہم ہو گئی ہے۔ ایئرپورٹ آپریٹر کے مطابق 13 اکتوبر کے بعد سے ایئرلائن کی جانب سے کوئی ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔
اس کے بعد متنبہ کیا گیا تھا کہ اگر 12 نومبر تک پوری بقایہ رقم ادا نہیں کی گئی تو چیک اِن سروس بند کر دی جائیں گی۔ مقررہ وقت تک ادائیگی نہ ہونے کے سبب دبئی ایئرپورٹ نے اسپائس جیٹ کی چیک اِن سروس روک دی۔ حالانکہ پہلے سے طے شدہ دو پروازوں ایس جی-5115 (احمد آباد) اور ایس جی-5106 (دہلی) کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا۔ یہ دونوں پروازیں چیک اِن خدمات بند ہونے سے پہلے روانہ ہونی تھیں، اس لیے ان کے لیے گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی ڈی این اے ٹی اے کو چیک اِن کی اجازت دی گئی۔
چیک اِن خدمات بند ہونے کے بعد اسپائس جیٹ کے دبئی اسٹیشن منیجر نے ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن محکمے کو دبئی سے روانہ ہونے والی تمام پروازیں منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔ ایئرلائن نے 12 نومبر کو امرتسر، جے پور، ممبئی اور دہلی جانے والی چار پروازیں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ داخلی ای میل میں اس کی وجہ ڈی این اے ٹی اے کو ادائیگی نہ کرنا بتایا گیا۔ ان چاروں پروازوں کو مسافروں کے بغیر فیری سروس کے طور پر چلانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسپائس جیٹ کے اسٹیشن منیجر کو اس لیے بھی طلب کیا کیونکہ ایئرلائن نے پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاع مسافروں کو وقت پر نہیں دی تھی۔ اتھارٹی نے مسافروں کے لیے ہوٹل اور آمدورفت کے متبادل انتظامات کرنے کو کہا ہے۔ دبئی میں یہ کارروائی ایسے وقت ہوئی ہے جب اسپائس جیٹ پہلے ہی مالی اور آپریشنل چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایئرلائن روزانہ تقریباً 65 مقررہ پروازیں چلا رہی ہے، لیکن ان میں سے 15 سے 20 پروازیں روزانہ منسوخ ہو رہی ہیں۔ کئی پروازوں میں 3 سے 5 گھنٹے تک کی تاخیر کی خبریں بھی ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ایئرلائن پر طیارے لیز پر دینے والی کمپنیوں، تیل کمپنیوں، ایئرپورٹ آپریٹروں اور گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں کی ادائیگی رقم بقایہ ہے۔ ادائیگی سے متعلق مسائل کی وجہ سے اسپائس جیٹ کو کئی ضروری خدمات حاصل کرنے کے لیے پیشگی ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے۔ اس سے اس کے روزمرہ کے آپریشن پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپائس جیٹ کا آپریشنل بیڑا گھٹ کر تقریباً 12 طیاروں تک رہ گیا ہے۔ ان میں سے 3 طیارے ادائیگی سے متعلق مسائل کی وجہ سے فی الحال گراؤنڈ ہیں۔ اس کے علاوہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ ملازمین کو جون 2026 سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔ اس کا اثر ایئرلائن کی پروازوں اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات پر پڑ رہا ہے۔ مسلسل پروازیں منسوخ ہونے اور تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آبنائے ہرمز پر ہمارا کنٹرول ہے ، ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں : ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باور کرایا ہے کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے ملک کو سیکڑوں ارب ڈالر مالیت کے ایرانی فنڈز ملنے اور آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل ہونے کی طرف بھی اشارہ کیا۔
ٹرمپ نے جمعرات کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک پوسٹ میں کہا "ہمیں ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے، وہ دن اب جا چکے ہیں۔ ہمارے پاس ان کا سیکڑوں ارب ڈالر کا پیسا ہے، اور ہمارے پاس ان کی آبنائے ہے!"
ملکی محاذ پر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے "اپنے نائب جے ڈی وینس سے کہا ہے کہ وہ اپنی مکمل اور بھرپور توجہ امریکہ بھر میں ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں ہونے والی بڑے پیمانے کی بد عنوانی اور جرائم پر مرکوز کریں۔"
انہوں نے مزید کہا "نیلی ریاستیں (ڈیموکریٹک اکثریتی ریاستیں)، جیسے کہ مینیسوٹا، کیلیفورنیا، الینوائے اور دیگر بہت سی ریاستیں، انتہائی بری طرح چلائی جا رہی ہیں اور بدعنوانی کی تباہ کن مثالیں ہیں۔ ہر ماہ اربوں ڈالر چوری کیے جا رہے ہیں اور ہم اس وسیع پیمانے کی مجرمانہ سرگرمی کو روک کر تیزی سے بجٹ میں توازن لا سکتے ہیں۔ بدعنوانی ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت کے خون میں دوڑ رہی ہے!"
ٹرمپ کی یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ تہران کے ساتھ سفارتی راستے سے دور ہو رہے ہیں، جبکہ اس سے قبل وینس ان مذاکرات کی اہم شخصیات میں شامل تھے جن کے نتیجے میں جون میں امریکہ اور ایران کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یاد داشت طے پائی تھی۔
اس یاد داشت نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حتمی معاہدے تک پہنچنے کی غرض سے مذاکرات کرنے کے لیے 60 دن کی مہلت فراہم کی تھی، تاہم یہ مدت کسی معاہدے تک پہنچے بغیر ہی ختم ہو گئی۔
سعودی چینی ملاقات... مملکت کے خلاف حوثیوں کے جاری دہشت گرد حملوں پر تبادلہ خیال
ریاض : العربیہ ڈاٹ نیٹ
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مشرق وسطیٰ کے مسئلے کے لیے چینی حکومت کے خصوصی ایلچی ژائی جون کے ساتھ خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس میں سرفہرست دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں شہری تنصیبات اور شہریوں کے خلاف جاری حملے ہیں۔
یہ ملاقات ریاض میں وزارت خارجہ کے صدر دفتر میں شہزادہ فیصل بن فرحان کی جانب سے مشرق وسطیٰ کے مسئلے کے لیے چینی حکومت کے خصوصی ایلچی کے استقبال کے دوران ہوئی۔
دونوں عہدے داران نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کے جاری حملوں کے خطے کے امن و استحکام پر مرتب ہونے والے اثرات پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ متعدد علاقائی معاملات کی پیش رفت، بحرانوں پر قابو پانے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے جاری سفارتی کوششوں اور دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں شخصیات نے توانائی کے تحفظ اور اس کی منڈیوں کے استحکام کو فروغ دینے اور بحری گزر گاہوں کی حفاظت اور جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا، خاص طور پر آبنائے ہرمز اور آبنائے باب المندب میں تاکہ عالمی تجارت اور سپلائی چین کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
ہندوستان، جاپان، امریکہ اور آسٹریلیا کی بحری افواج کے اہم مشترکہ فوجی مشقیں
قومی آواز بیورو
قومی آواز بیورو
نئی دہلی: ہندوستان، جاپان، امریکہ اور آسٹریلیا کی بحری افواج نے کثیر ملکی بحری مشق ’مالابار 2026‘ کے سمندری مرحلے کے دوران کئی اہم فوجی مشقیں انجام دیں۔ ان مشقوں میں سمندری حدود کی نگرانی، آبدوز شکن کارروائیاں، توپوں سے فائرنگ اور مشترکہ فوجی آپریشنز شامل تھے۔ ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز آئی این ایس سہیا دری نے ان مشقوں میں حصہ لیا۔
ہندوستانی بحریہ نے جمعہ کو بتایا کہ مالابار 2026 کے سمندری مرحلے کے دوران چاروں ممالک کی بحری افواج نے اپنی جنگی اور آپریشنل صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دیں۔ ان میں سمندری حدود کی نگرانی (میری ٹائم ڈومین اویئرنیس)، آبدوزوں کا سراغ لگانے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی مشقیں اور فائرنگ کی مشقیں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ جہاز پر سوار ہوکر تلاشی لینے اور مشتبہ سرگرمیوں سے نمٹنے کی مشق بھی کی گئی۔
مشقوں کے دوران چاروں ممالک کی بحری افواج نے باہمی تعاون اور مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیت بہتر بنانے پر بھی توجہ دی۔ اس سلسلے میں سمندر کے درمیان ایک جہاز سے دوسرے جہاز کو رسد اور ضروری سامان پہنچانے، ایک جنگی جہاز سے دوسرے پر ہیلی کاپٹر اتارنے اور زخمی اہلکاروں کو بحفاظت نکالنے کی مشقیں کی گئیں۔
ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد چاروں ممالک کی بحری افواج کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنا اور مشترکہ طور پر سمندری کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا تھا۔ ان مشقوں کے ذریعے مختلف ممالک کے جنگی جہازوں اور ان کے عملے کو ایک دوسرے کے طریقہ کار کو سمجھنے اور مشترکہ آپریشنز میں ہم آہنگی پیدا کرنے کا موقع ملا۔
جاپان پہنچنے پر ہندوستانی بحریہ کے جہاز آئی این ایس سہیا دری کا جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس نے پرتپاک استقبال کیا تھا۔ اس موقع پر یوکوسوکا ضلع کے کمانڈنٹ وائس ایڈمرل یاگی کوجی اور ہندوستانی مشن کے نائب سربراہ آر مدھو سودن بھی موجود تھے۔ IndiaNews Coverage
قابل ذکر ہے کہ مالابار 2026 کی مشقیں دو مرحلوں میں منعقد کی گئیں۔ پہلے مرحلے میں بندرگاہ پر پیشہ ورانہ تبادلہ خیال، تجربات کا اشتراک اور مشترکہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی گئی۔ اس کے بعد سمندری مرحلے کا آغاز ہوا، جس میں چاروں ممالک کی بحری افواج نے عملی مشقوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
سمندری مرحلے کا مقصد باہمی اعتماد کو فروغ دینے، فوجی تعاون کو مستحکم کرنے اور خطے میں سمندری سلامتی کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔ ان مشقوں سے چاروں ممالک کی بحری افواج کو مشترکہ حکمت عملی اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملا۔
0 تبصرے