’ہندوستان میں اگر شرم ہو تو نصف مودی کابینہ کو استعفیٰ دینا پڑ جائے‘، انڈونیشیا کے نائب صدر کے استعفیٰ پر کانگریس کا طنز


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


کانگریس لیڈر سپریا شرینیت نے انڈونیشیا کے نائب صدر جبران راکابومنگ راکا کے استعفیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بی بی سی کی ایک خبر شیئر کی جس میں لکھا ہے کہ ’’انڈونیشیا کے نائب صدر نے ہائی اسکول میں بے ضابطگی کے باعث استعفیٰ دیا ہے۔‘‘ اسی بنیاد پر انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ اور اراکین پارلیمنٹ پر طنز کسا ہے۔


سپریا شرینیت نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ’’انڈونیشیا کے نائب صدر نے ہائی اسکول سرٹیفکیٹ میں گڑبڑی کے باعث استعفیٰ دے دیا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ہندوستان میں اگر شرم ہو تو نصف مودی کابینہ اور اراکین پارلیمنٹ کو استعفیٰ دینا پڑ جائے، جعلی ڈگری والوں کی جماعت ہے یہاں۔‘‘ اس معاملے میں سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے انڈونیشیا کے نائب صدر کے مستعفی ہونے کی ایک خبر کو شیئر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’ہمارے پاس ایک ایسے پی ایم ہیں جنہوں نے اپنے کالج کے سرٹیفکیٹ تک پبلک ڈومین میں رکھنے سے انکار کر دیا!‘‘






واضح رہے کہ انڈونیشیا کے نائب صدر جبران نے 12 نومبر کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا پیپلز کنسلٹیٹو اسمبلی (ایم پی آر) کی قیادت کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ 39 سالہ جبران سابق صدر جوکو ویڈوڈو کے بیٹے ہیں۔ ان کی تعلیمی دستاویزات کے متعلق تنازعہ نے گزشتہ ماہ اس وقت شدت اختیار کر لی جب انڈونیشیا کی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ کے فیصلوں میں انتخاب کے وقت جمع کیے گئے ان کی بیرون ملک تعلیم سے متعلق دستاویزات کی اہلیت پر سوال اٹھے۔



جبران کی دستاویزات کے متعلق جاری تنازعہ کے درمیان 11 نومبر کو 8 سیاسی پارٹیوں کے 120 اراکین پارلیمنٹ نے ان کے خلاف پارلیمانی عمل شروع کرنے کے لیے عرضی داخل کی تھی۔ اس پہل سے ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی کا راستہ کھل سکتا تھا۔ انڈونیشیا کے قانون کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات کے لیے پارلیمنٹ کو خصوصی کمیٹی بنانی ہوتی۔ کمیٹی یہ تحقیقات کرتی کہ تعلیمی قابلیت سے جڑی اہلیت پوری نہ کرنے کے باوجود نائب صدر کے عہدے پر بنے رہ کر جبران نے آئین کی خلاف ورزی تو نہیں کی۔





2027 میں بگڑ سکتے ہیں عالمی معاشی حالات، ’موڈیز‘ نے کیا اظہارِ فکر


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


دنیا بھر میں 2027 کے دوران قرض سے متعلق مالی حالات کمزور پڑ سکتے ہیں۔ قرض لینے کی بڑھتی ہوئی روش اور توانائی کی بلند قیمتوں کے باعث کمپنیوں اور حکومتوں پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ خاص طور پر زیادہ قرض لینے والی اور جلد ہی اپنے پرانے قرضوں کی ’ری فائنانسنگ‘ (قرض کی نئی شرائط پر تجدید) کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ’موڈیز ریٹنگز‘ کی ایک رپورٹ میں یہ اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔


رپورٹ کے مطابق بڑی معیشتوں میں اقتصادی سرگرمیاں جاری رہنے کی امید ہے، لیکن مالی وسائل حاصل کرنے کے لیے بڑھتے خرچ، توانائی کے اخراجات اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں سرمایہ کاری کی رفتار سست ہونے سے مختلف شعبوں میں مالی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ ’موڈیز‘ نے کہا ہے کہ 2027 میں داخل ہوتے ہی قرض سے متعلق مالی حالات کمزور ہوں گے۔ حالانکہ اس کا اثر ہر کمپنی اور حکومت پر یکساں نہیں ہوگا۔ اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ان پر کتنا قرض ہے، ان کے پاس نقد رقم کی آمد کا سلسلہ کتنا مضبوط ہے اور انہیں اپنے پرانے قرضوں کی ری فنانسنگ کتنی جلد کرنی ہے۔




رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں پر زیادہ دباؤ پڑ سکتا ہے، جنہوں نے کم شرح سود کے دور میں قرض لیا تھا اور اب انہیں اس کی ری فنانسنگ کرنی ہے۔ 2027 سے 2029 کے درمیان مدت پوری ہونے والے دنیا کے 60 فیصد سے زیادہ ہائی ییلڈ بانڈز 2019 سے 2021 کے دوران جاری کیے گئے تھے۔ اس وقت قرض لینے کی لاگت نسبتاً کم تھی۔ ’موڈیز‘ کے مطابق اب نئے ہائی ییلڈ بانڈز تقریباً 100 بیسس پوائنٹ زیادہ شرح سود پر جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ کمپنیوں کو پرانے قرض کی جگہ نیا قرض لینے کے لیے زیادہ سود ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔


’موڈیز‘ نے قیاس آرائی پر مبنی زمرے کے قرضوں کی ادائیگی میں بڑے پیمانے پر ناکامی کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن کمپنیوں کے پاس نقد رقم کی آمد کا مضبوط سلسلہ ہے، مناسب نقدی دستیاب ہے اور ان پر قرض کم ہے، وہ بڑھتے ہوئے سود کے اخراجات کا بہتر طریقے سے مقابلہ کر سکتی ہیں۔ رپورٹ میں نجی قرض بازار (پرائیویٹ کریڈٹ مارکیٹ) کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ قرض دینے کے ضوابط سخت ہونے اور سرمایہ کاروں کے زیادہ محتاط رویہ اختیار کرنے سے اس شعبے میں دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ موڈیز کے مطابق، بعض بازاروں میں سود کی ادائیگی نقد رقم کے بجائے اضافی قرض کی شکل میں کرنا، قرض کی مدت بڑھانا اور نقدی بچانے کے لیے دوسرے اقدامات اختیار کرنا اس بات کے اشارے ہیں کہ مالی دباؤ بڑھ رہا ہے۔




’موڈیز‘ کا اندازہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری رہے گی۔ 2027 میں امریکہ کی اہم ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سرمایہ جاتی اخراجات تقریباً ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ تاہم اے آئی میں سرمایہ کاری کی شرح نمو سست پڑنے کا خدشہ ہے۔ اس سے کمپنیوں کی قرض سے متعلق مالی صورت حال کو ملنے والی اضافی مدد کم ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2027 میں یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ اے آئی پر کی جانے والی سرمایہ کاری سے توقعات کے مطابق منافع ملنا شروع ہوتا ہے یا نہیں۔ فی الحال پیداواریت اور آمدنی میں اتنے بڑے اضافے کے آثار نظر نہیں آئے ہیں، جو موجودہ بھاری سرمایہ کاری کو پوری طرح جائز قرار دے سکیں۔


’موڈیز‘ نے کہا ہے کہ ٹیرف، برآمدات پر کنٹرول اور ضابطوں کے ذریعے حکومتوں کی بڑھتی ہوئی مداخلت بھی سرمایہ کاری اور مسابقت کی سمت تبدیل کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ توانائی کے تحفظ، اہم معدنیات، دفاع اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر ہونے والے اخراجات سے کئی صنعتوں کی لاگت بڑھ سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق طویل مدتی قرض، نقد رقم کی مضبوط آمد اور توانائی کی قیمتوں یا حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی کے محدود خطرات کا سامنا کرنے والی کمپنیاں بہتر پوزیشن میں رہیں گی۔ اس کے برعکس، زیادہ قرض لینے والی کمپنیوں اور ان اداروں پر زیادہ دباؤ پڑ سکتا ہے، جنہیں مستقبل قریب میں اپنے پرانے قرضوں کی ’ری فائنانسنگ‘ کرنی ہے۔




56 فیصد ریزرویشن پر ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج، کرناٹک حکومت سپریم کورٹ پہنچی


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


کرناٹک میں ایس سی-ایس ٹی ریزرویشن میں اضافے کے معاملے پر ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ کرناٹک حکومت نے کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس میں ریزرویشن بڑھانے والے قانون کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ حکومت چاہتی ہے کہ ایس سی اور ایس ٹی کے لیے ریزرویشن میں اضافہ کیا جائے اور اسے آئینی تحفظ فراہم کیا جائے۔ 2022 میں کرناٹک کی بی جے پی حکومت نے قانون بنا کر درج فہرست ذاتوں (ایس سی) کا ریزرویشن 15 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کا ریزرویشن 3 فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کر دیا تھا۔ اس طرح ریاست میں مجموعی ریزرویشن 50 فیصد سے بڑھ کر 56 فیصد ہو گیا تھا۔ حالانکہ 12 اکتوبر کو کرناٹک ہائی کورٹ نے اس قانون کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا تھا۔


عدالت نے کہا کہ ریزرویشن کی حد 50 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے لیے 1992 میں اندرا ساہنی مقدمے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا۔ اس کے علاوہ قانون بنانے سے قبل قومی ایس سی اور ایس ٹی کمیشنوں سے مشورہ نہ لینے کو بھی طریقۂ کار کی خامی قرار دیا گیا۔ کرناٹک کے وزیر جی پرمیشور نے کہا کہ حکومت ریزرویشن میں اضافے کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی لڑائی لڑے گی۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھایا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے فروری 2026 میں 56432 خالی آسامیوں کو پر کرنے کی منظوری دی تھی۔ ان میں ریزرویشن میں اضافے کے تحت ایس سی-ایس ٹی کے لیے مختص اضافی 6 فیصد آسامیوں کو عدالت کا حتمی فیصلہ آنے تک بیک لاگ زمرے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔




اس سے قبل 18 دسمبر 2025 کو کرناٹک اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کرکے مرکز سے 56 فیصد ریزرویشن کو آئین کے نویں شیڈول میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ حکومت نے اس کے لیے تمل ناڈو میں نافذ 69 فیصد ریزرویشن کی مثال دی تھی۔ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے الزام لگایا کہ اس وقت کی بی جے پی حکومت نے 2022-23 میں انتخابات سے پہلے ریزرویشن بڑھانے کا قانون تو بنا دیا، لیکن اسے آئینی تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوئی ضروری قدم نہیں اٹھایا۔ وہیں مرکزی حکومت نے جولائی 2026 میں پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر غور ہونے کی وجہ سے 56 فیصد ریزرویشن کو آئین کے نویں شیڈول میں شامل کرنے کی تجویز فی الحال روک دی گئی ہے۔





غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری، ناصر اسپتال بھی نشانے پر، مجموعی طور پر 13 فلسطینی جاں بحق


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


غزہ پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں۔ جمعرات کی علی الصباح جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 6 فلسطینی جاں بحق اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 7 فلسطینیوں کی جانیں چلی گئیں۔ اس طرح تازہ حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد کم از کم 13 ہو گئی ہے۔


غزہ کی وزارت صحت اور شہری دفاع کے مطابق، ناصر میڈیکل کمپلیکس کے مغربی حصے میں واقع اسپتال کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ الجزیرہ کی خبر کے مطاق، حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر مریض شامل ہیں۔ ان میں ایسے مریض بھی تھے جن کی اگلے روز سرجری ہونی تھی۔


رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی حملے میں اسپتال کی دوسری منزل کو نشانہ بنایا گیا۔ ناصر میڈیکل کمپلیکس جنوبی غزہ کے سب سے بڑے اسپتالوں میں سے ایک ہے اور خان یونس میں اب تک فعال رہ جانے والا واحد اسپتال ہے، جہاں سے تقریباً 5 لاکھ افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔


اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسپتال میں حماس کے ایک رکن کو نشانہ بنایا تھا۔ تاہم حماس نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔ تنظیم نے ثالثوں اور امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے اور جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔




ناصر اسپتال پر حملے سے پہلے بھی اسرائیلی کارروائیوں میں 7 فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے۔ ان میں غزہ سٹی کے جنوب میں واقع صبرہ محلے میں فضائی حملے میں مارے گئے 38 سالہ محمد سالم الدعاش بھی شامل ہیں۔ وسطی غزہ میں بریج کیمپ کے مشرق میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق ہوا، جبکہ غزہ سٹی کے شمال مغرب میں النصیر محلے میں ڈرون حملے میں ایک اور فلسطینی کی موت ہوئی۔ شیخ رضوان محلے میں بے گھر افراد کے ایک خیمے پر حملے میں کم از کم دو فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔


الجزیرہ کے مطابق، غزہ میں عام شہریوں کو بھی بلاامتیاز نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شخص پانی کی ٹنکی بھر رہا تھا کہ ڈرون حملے میں اس کی جان چلی گئی، جبکہ الجلاء اسٹریٹ پر ایک خیمے میں پناہ لیے ہوئے العبسی خاندان کے دو بھائی بھی حملے میں مارے گئے۔



دوسری جانب غزہ میں شدید بارش کے بعد سیلاب نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے علاقے میں ہزاروں افراد کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری طور پر واٹر پروف خیمے فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔


غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر کے مطابق، ہفتے کے آخر میں ہونے والی بارشوں سے کم از کم 70 ہزار خیمے زیر آب آگئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے مطابق، حالیہ دنوں میں شدید بارش سے غزہ میں کم از کم ایک لاکھ 6 ہزار افراد براہ راست متاثر ئے ہیں۔ ہزاروں خیموں میں پانی داخل ہو گیا ہے اور پناہ گزین کیمپوں میں نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔




اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ متاثرین کے لیے خیمے پہنچانے کی غرض سے اسرائیلی حکام کی اجازت اور تعاون ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے بھی امدادی سامان کی فراہمی میں تاخیر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی انتخابات اور نئی حکومت کی تشکیل کا انتظار انسانی امداد روکنے کا قابل قبول جواز نہیں ہوسکتا۔


ادھر اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک سیلاب سے متاثرہ غزہ کے شہریوں کی فوری مدد کے لیے 50 لاکھ یورو (تقریباً 55 لاکھ ڈالر) کی نئی ہنگامی امدادی مہم شروع کر رہا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 74 ہزار 653 فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ 76 ہزار 7 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد بھی اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1600 فلسطینی مارے جاچکے ہیں۔




یوپی میں اویسی اور چندرشیکھر کے درمیان اتحاد کا اعلان، اسمبلی انتخاب میں سبھی 403 سیٹوں پر امیدوار اتارنے کا فیصلہ


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


اتر پردیش میں آئندہ سال اسمبلی انتخاب ہونا ہے، جس کے پیش نظر سبھی بڑی چھوٹی پارٹیاں سرگرم نظر آ رہی ہیں۔ اس درمیان رکن پارلیمنٹ چندرشیکھر آزاد اور اسدالدین اویسی نے آپس میں اتحاد کرنے کا اعلان کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ اس اتحاد کا نام ’سماجک پریورتن مورچہ‘ رکھا گیا ہے اور اتحاد نے وزیر اعلیٰ امیدوار کے نام کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) اور اے آئی ایم آئی ایم کی جانب سے منعقد مشترکہ پریس کانفرنس میں چندرشیکھر آزاد کا نام بطور وزیر اعلیٰ امیدوار سامنے رکھا گیا۔


اس موقع پر میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے چندرشیکھر آزاد نے کہا کہ جو اتحاد آپ کے سامنے پیش کیا گیا ہے، اس کا نام ’سماجک پریورتن مورچہ‘ ہے۔ اس میں فی الحال 2 پارٹیاں شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ تیسرا محاذ نہیں، یہ پہلا محاذ ہے۔ یہ بہت مضبوط محاذ ہے۔ جیسے جیسے اس میں کمزور، متاثرہ لوگ جڑتے جائیں گے، ویسے ویسے یہ محاذ مضبوط ہو جائے گا۔‘‘ انھوں نے 26 نومبر کو رمابائی امبیڈکر میدان میں ریلی کرنے کا اعلان بھی کیا، ساتھ ہی کہا کہ یہ محاذ ریاست کی سبھی 403 سیٹوں پر انتخاب لڑے گا۔




چندرشیکھر آزاد نے بہوجن طبقہ کے ساتھ ہو رہی ناانصافی کا ذکر خاص طور سے پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ طویل مدت سے پارٹیوں نے وعدہ کیا کہ وہ بہوجن سماج کے ساتھ ہیں اور ان کے حق کے لیے کام کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بہوجن سماج کے حق میں کچھ بھی نہیں کیا گیا، آج جو کسی طرح سے پڑھ گیا، وہ بھی بے روزگار ہے۔ جو آواز اٹھاتا ہے، اس کے خلاف کیس درج ہوتے ہیں، لاٹھیاں چلائی جاتی ہیں۔ اب تو قانون بنا دیا ہے کہ جو آواز اٹھائے گا، اسے سرکاری ملازمت نہیں ملے گی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’میرا ماننا ہے اب بے عزتی کا گھونٹ نہیں پینا ہے۔ اب خود طاقتور بنیں گے، کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔ ان سبھی کی مدد کریں گے جو متاثرہ، استحصال زدہ اور محروم ہیں۔‘‘


اسدالدین اویسی نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ ’’چندرشیکھر نے اپنی ترجیحات بتا دی ہیں، اور میں یقین سے کہتا ہوں کہ بی جے پی کو تیسری بار اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے یہ مضبوط متبادل ہوگا۔ ان انتخابات میں بی جے پی کو روکنے کے ساتھ ہی بے روزگاروں، کسانوں کے ایشوز پر ہماری لڑائی ہوگی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ آج جو اتحاد بنا ہے، وہ ایک مضبوط متبادل بنے گا۔ ریاست میں سماجی تبدیلی لانا مقصد ہے اور ہم لوگ بہتر مستقبل کے لیے سیاست کریں گے۔




چندرشیکھر اور اویسی کے درمیان اتحاد قائم ہونے سے سیاسی ہلچل میں اضافہ ہونا لازمی ہے۔ مختلف پارٹیوں کے سیاسی لیڈران کا اس پر رد عمل آنا بھی شروع ہو گیا ہے۔ سیاسی ماہرین اور عام لوگ بھی اپنی اپنی رائے سامنے رکھ رہے ہیں۔ عام لوگوں میں یہی باتیں چل رہی ہیں کہ چندرشیکھر-اویسی کا اتحاد اقلیتی ووٹ بینک میں سیندھ لگا سکتا ہے۔ یعنی این ڈی اے کو اس اتحاد سے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ حالانکہ کئی لوگ اس بار اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں زوردار ٹکر کی امید لگا رہے ہیں۔




’ایران کے خلاف 93 فیصد جنگ جیت چکے ہیں، لیکن مکمل فتح چاہئے‘، ویٹرنز ڈے کے موقع پر ٹرمپ کا دعویٰ


قومی آواز بیورو

قومی آواز بیورو


امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ’ویٹرنز ڈے‘ (امریکہ میں فوجیوں کا قومی دن) کے موقع پر ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کو درست قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکہ یہ جنگ جیت چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اب صرف یہ طے کرنا باقی ہے کہ جنگ کب ختم کرنی ہے۔ امریکہ 93 فیصد نہیں، بلکہ مکمل فتح حاصل کرنا چاہتا ہے۔‘‘ ٹرمپ نے یہ بات ورجینیا میں واقع آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں منعقدہ تقریب کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کے سابق فوجیوں اور موجودہ فوجی اہلکاروں کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے تئیں اظہار تشکر کیا۔ ساتھ ہی ایران کو دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے والا سب سے بڑا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ یہ یقینی بنانا چاہتا ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔


تقریب کے آغاز میں ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاندار کام کر رہے ہیں اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس کے بعد انہوں نے آرلنگٹن نیشنل قبرستان کو اہم مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی پہاڑیوں اور پتھروں پر کندہ بہادر فوجیوں کے نام ہمیں امریکہ کے عظیم ہیروز کی یاد دلاتے ہیں۔ یہ نام 250 سال کی فوجی خدمات، بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس کی تاریخ میں دوسری کوئی مثال نہیں ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ویٹرنز ڈے پر امریکہ ان سبھی محب وطن کے تئیں اظہار تشکر کرتا ہے، جنہوں نے ملک کی خدمت کے لیے اپنی زندگیوں کو وقف کر دیا۔ انہوں نے ان فوجیوں کو بھی یاد کیا، جنہوں نے جنگیں لڑیں، فوجی وردی زیب تن کی، دشمنوں کا سامنا کیا اور ہر محاذ پر انہیں شکست دی۔ ان کے مطابق فوجیوں نے جنگ کے دوران درپیش چیلنجز اور ذمہ داریوں کو اٹھا کر ملک کے تحفظ کو یقینی بنایا۔





ٹرمپ نے آرلنگٹن اور ملک بھر میں موجود سابق فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ان کے تئیں احترام، محبت اور مکمل وفاداری کا عہد کرتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امریکی فوج، بحریہ، فضائیہ، خلائی فوج، کوسٹ گارڈ اور میرین کور کے تمام سابق فوجیوں کی خدمات کے لیے ان کا شکریہ ادا کریں۔ اس دوران تقریب میں موجود لوگوں نے تالیاں بجا کر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ٹرمپ نے ویٹرنز ڈے کے موقع پر موجودہ فوجی اہلکاروں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فوجی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے والا سب سے بڑا ملک ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ ایران کے ساتھ تنازعہ کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی۔ ایران 1979 سے امریکہ کے خلاف جنگ چھیڑے ہوئے ہے۔ اس معاملے کا حل بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔



ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے بالآخر ایران کے خلاف جوابی کارروائی کی۔ ٹرمپ کے مطابق امریکہ نے پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا اور فتح حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف یہ سوال باقی ہے کہ جنگ کب ختم کی جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائی سے ایران کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ اسے اپنی سابقہ حالت میں واپس آنے میں 25 برس لگ جائیں گے۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ کو آئندہ ایران کے کسی اور حصے کو تباہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور اب ایران کو اپنے ملک کی تعمیر نو کے لیے کافی محنت کرنی ہوگی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوجیوں نے ہر چیلنج کا سامنا کیا، ہر خطرے کا جواب دیا اور ملک کی سلامتی کے لیے جنگ کا ہر بوجھ برداشت کیا، تاکہ آنے والی نسلیں امن اور محبت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ہی سابق فوجیوں کے اعزاز میں ایک عظیم الشان فاتحانہ محراب (ٹرائمفل آرچ) ان کے نام وقف کی جائے گی۔ یہ یادگار امریکہ کے سابق فوجیوں اور مسلح افواج کے اعزاز میں تعمیر کی جائے گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس طرح کی یادگار کا انتظار گزشتہ 200 برس سے کیا جا رہا ہے۔