*بھٹکل میں بی جے پی کا بڑا احتجاجی مظاہرہ، کئی اہم ریاستی
 لیڈران کی شرکت متوقع*
بھٹکل نیوز ڈاٹ کام — ایڈیٹر ڈیسک
بھٹکل میں گزشتہ چند دنوں سے جاری حالات اور مورین کٹٹے کے تنازعہ سے متعلق معاملے کے پس منظر میں کل بروز جمعہ، بتاریخ 29 مئی 2026، صبح ساڑھے دس بجے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے اور جلوس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ احتجاجی جلوس صبح ساڑھے دس بجے بھٹکل اولڈ بس اسٹینڈ کے قریب سے شروع ہوگا،  اور بھٹکل منی ودھان سودہا پہنچے گا، جہاں حکومت کے نام ایک میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس احتجاجی مظاہرے میں کئی اہم مطالبات پیش کیے جائیں گے، جن میں مورین کٹٹے کے سلسلے میں مختلف ہندو لیڈران کے خلاف درج کیے گئے مقدمات کو واپس لینے کا مطالبہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ مورین کٹٹے کے قریب نیشنل ہائی وے پر ضروری تعمیر اور انتظامات کو جلد ممکن بنانے کی اپیل بھی کی جائے گی۔
اسی طرح بتایا جا رہا ہے کہ مورین کٹٹے کے قریب کنسٹرکشن کو منہدم کرنے والوں کے خلاف  سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا پر مورین کٹٹے معاملے سے متعلق مبینہ طور پر  ویڈیوز وائرل کرنے  والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی احتجاج کا اہم حصہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس احتجاجی مظاہرے میں ریاستی سطح کے کئی اہم بی جے پی لیڈران کی شرکت متوقع ہے، جن میں ریاستی بی جے پی صدر بی وائی وجیندر، کرناٹک اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آر اشوک، اترکنڑا حلقہ کے رکن پارلیمان وشویشور  ہیگڑے کاگیری سمیت دیگر کئی اہم سیاسی شخصیات شامل ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے بھٹکل میں مورین کٹٹے معاملہ مسلسل موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے اس تعلق سے بیانات اور ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
visit: *www.bhatkalnews.in*