جھارکھنڈ میں موب لنچنگ، شمشاد انصاری پر ٹھگی کا الزام لگا کر پیٹ پیٹ کر قتل
(قومی آوازبیورو)رانچی: جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع کے سکنی گاؤں میں شمشاد انصاری نامی نوجوان کا ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ مویشی کاروباری شمشاد پر ایک بزرگ سے 5 ہزار روپے ٹھگنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ وہیں شمشاد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسے لوٹ پاٹ کے ارادے سے پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا ہے۔شمشاد انصاری رام گڑھ کے جاریو گاؤں کا رہائشی تھا اور یہ واردات منگل کی شام انجام دی گئی۔ اس واردات کے بعد سکنی اور آس پاس کے گاؤں میں حالات کشیدہ ہیں۔بتایا گیا کہ شمشاد نے مبینہ طور پر سکنی گاؤں کے ہردھن مہتو کو دھوکہ دے کر اس سے 5000 روپے لیے تھے۔ کچھ دیر بعد جب اس کے بیٹے رام کمار مہتو کو اس بات کا علم ہوا تو اس نے گاؤں والوں کو اس کی اطلاع دی۔ اس کے بعد بہت سے لوگ اس کی تلاش میں نکل پڑے۔اسے سکنی مرنگ مارچہ ریل پل کے قریب پکڑا گیا اور پھر بری طرح پیٹا گیا۔ اس کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے اور وہ تقریباً ننگا تھا۔ اس دوران اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شمشاد کو ہجوم کے چنگل سے چھڑایا اور علاج کے لیے صدر اسپتال میں داخل کرایا، جہاں وہ رات گئے دم توڑ گیا۔وہیں، شمشاد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسے لوٹ مار کی نیت سے مارا پیٹا گیا۔ واقعہ کی خبر پھیلتے ہی سکنی اور آس پاس کے دیہات میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس کی موجودگی میں بدھ کو شمشاد کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
سپریم کورٹ نے اعظم خان کی آواز کا نمونہ دینے کے نچلی عدالت کے حکم کو روک دیا
(روزنامہ منصف )نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 2007 کے مبینہ ’نفرت انگیز‘تقریر کیس میں اتر پردیش کے سابق وزیر اعظم خان کو اپنی آواز کا نمونہ دینے کے ٹرائل کورٹ کے حکم پر بدھ کو روک لگا دی۔جسٹس اے ایس بوپنا اور پرشانت کمار مشرا کی بنچ نے سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر خان کی عرضی پر سماعت کے بعد، ٹرائل کورٹ کے حکم پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے اس معاملے میں اتر پردیش حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کیا۔الہ آباد ہائی کورٹ نے 25 جولائی کو نچلی عدالت کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے اس معاملے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ خان نے نچلی عدالت کے حکم کو سپریم کورٹ کے سامنے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔مبینہ نفرت انگیز تقریر کا یہ کیس اگست 2007 کا ہے۔ خان نے اتر پردیش کے رام پور میں ایک جلسہ عام میں تقریر کی۔الزام لگایا گیا کہ سابق وزیر خان نے اجتماع میں ایک مخصوص کمیونٹی کے لیے قابل اعتراض ریمارکس کیے تھے۔ اس کیس میں پیش کی گئی سی ڈی کی حقیقت جاننے کے لیے ان کی آواز کا نمونہ طلب کیا گیا۔
مکہ مکرمہ میں طوفانی بارش، عمرہ زائرین خانہ کعبہ کا طواف کرتے رہے
(روزنامہ منصف )ریاض: سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں منگل کو عمرہ زائرین بارش کے دوران طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔ صحن حرم میں ایمان افروز مناظر دیکھنے میں آئے۔الاخباریہ کے مطابق مکہ کے دیگرعلاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کی اطلاعات ہیں۔ سڑکیں زیر آب آگئیں۔ یاد رہے کہ موسمیات کے قومی مرکز نے منگل کو بارش اور گردو غبار کی پیشن گوئی کی تھی۔واضح رہے حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔ حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
اسرو ٹیم ہندوستان کی ہے، کسی سیاسی جماعت کی نہیں: ممتا بنرجی
(روزنامہ منصف)کولکاتہ: مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج چندریان 3 کو پوری قوم کے لئے فخر کی بات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی ٹیم کا تعلق ہندوستان سے ہے اور اس کی محنت سائنسدانوں کی طرف سے آئی ہے نہ کہ کسی سیاسی جماعت کی طرف سے۔انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ چندریان 3 مشن پوری قوم کے لئے فخر کی بات ہے۔ اسرو کی ٹیم کا تعلق ہندوستان سے ہے۔ ان کی محنت ملک کی ترقی کا ثبوت ہے جو عوام، سائنسدانوں اور ماہرین معاشیات سے حاصل ہوئی ہے، نہ کہ کسی سیاسی جماعت کی طرف سے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ریاست بنگال سمیت ملک بھر کے سائنسدانوں نے اس مشن میں بہت تعاون کیا ہے۔
اتراکھنڈ: یکساں سول کوڈ کا مسودہ جلد ہوجائے گا تیار، کمیٹی نے 2.35لاکھ لوگوں سے بات کی: پشکر دھامی
(نیوز ۱۸ اردو)دہرادون/ نئی دہلی : اتراکھنڈ حکومت یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو لاگو کرنے کی سمت میں پہلا قدم اٹھا چکی ہے۔ ایسے میں ہر کسی کے ذہن میں ایک ہی سوال پیدا ہو رہا ہے کہ ریاست میں یو سی سی کب لاگو ہوگا؟ ریاست کے وزیر اعلی پشکر دھامی نے اس حوالے سے اہم اشارے دئے ہیں۔ وزیراعلی دھامی نے اپوزیشن جماعتوں کے ذریعہ بنائے گئے انڈیا اتحاد پر بھی سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا نیا اتحاد یو پی اے کی ہی نئی شکل ہے۔ وزیراعلی دھامی نےانڈیا اتحاد کو نئی بوتل میں پرانی شراب قرار دیا ۔اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر دھامی نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں یکساں سول کوڈ کو لے کر بڑی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یکساں سول کوڈ کی تجویز کو 2022 کے اسمبلی انتخابات کے دوران ہی عوام کے سامنے رکھا تھا اور اس معاملہ پر عوام سے ووٹ بھی مانگا تھا۔ وزیر اعلی دھامی نے کہا کہ اتراکھنڈ کے لوگوں نے ہمیں اس کے لئے مینڈیٹ دیا ہے۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنتے ہی یکساں سول کوڈ کے نفاذ کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مینڈیٹ ملنے کے بعد ہماری حکومت بنی اور ہم نے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں یو سی سی پر 5 رکنی کمیٹی بنائی۔وزیراعلی دھامی نے بتایا کہ حکومت بنتے ہی انہوں نے جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ کمیٹی نے یو سی سی کے معاملے پر تقریباً 2.35 لاکھ لوگوں سے بات چیت کی۔ اس معاملے پر مذہبی اور سماجی تنظیموں سے بھی بات کی گئی۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی رائے لی گئی۔ مسلم خواتین اور ان کی تنظیموں سے بات کرکے ان کی رائے بھی معلوم کی گئی۔وزیراعلی دھامی نے مزید کہا کہ یو سی سی کا مسودہ جلد تیار ہو جائے گا۔ کیا یو سی سی کا مسودہ سال 2024 سے پہلے تیار ہو جائے گا؟ اس سوال کے جواب میں دھامی نے کہا کہ یہ کام جلد ہی مکمل ہو جائے گا۔ یو سی سی کے نفاذ کے خلاف احتجاج کے امکانات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کے عوام نے ہمیں اس کے لیے مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے ہماری حکومت بنائی ہے۔
بھارت نے تاریخ رقم کردی، چندریان تھری کی چاند پر کامیاب سافٹ لینڈنگ
(ای ٹی وی )بھارت کا تاریخی قمری مشن چندریان 3 چاند کے جنوبی قطب کی سطح پر کامیابی کے ساتھ لینڈ کر گیا ہے۔ چندریان 3 کے چاند پر کامیابی کے ساتھ لینڈ ہوتے ہی بھارت چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ چندریان -3 کی کامیاب لینڈنگ بھارت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے، کیونکہ یہ چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ کی پیچیدہ تکنیک میں مہارت حاصل کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔ اس سے قبل امریکہ، چین اور سویت یونین یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔چندریان 3 کو چودہ جولائی کو لانچ کیا گیا تھا۔ 600 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار چندریان 3 اپنے 41 دنوں کے سفر کے بعد آج چاند پر لینڈ کرنے والا ہے۔ چاند کی تحقیق میں بھارتی خلائی تحقیقی ایجنسی اسرو کی یہ پہلی کوشش نہیں تھی۔ اس پہلے بھی چندریان 2 کو 2019 میں لانچ کیا گیا تھا لیکن یہ مشن چاند کی سطح پر لینڈنگ کے وقت حادثہ کا شکار ہوگیا تھا۔
0 تبصرے