نوٹ بندی بی جے پی کے لیے ووٹ بندی ثابت ہوگی، یوپی میں اب لڑائی 95-5 کی ہوگی: اکھلیش یادو
قومی آواز بیورو
قومی آواز بیورو
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے نوٹ بندی کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ اس فیصلے نے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا اور چھوٹے کاروباریوں سے لے کر عام شہریوں تک کو مشکلات سے دوچار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوٹ بندی اب بی جے پی کے لیے ’ووٹ بندی‘ ثابت ہوگی اور اترپردیش میں آئندہ انتخابی مقابلہ 80-20 یا 20-80 کے بجائے 95-5 کا ہوگا۔
لکھنؤ میں واقع ایس پی دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ نوٹ بندی کے وقت مرکزی حکومت نے جو بڑے بڑے دعوے کیے تھے، ان میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوا۔ اس کے برعکس آج بازار میں نقدی کا استعمال بڑھ کر تقریباً 70 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے سبب کئی چھوٹے اور بڑے کارخانوں پر تالے لگ گئے اور متعدد صنعتیں آج تک اس نقصان سے نہیں نکل سکی ہیں۔
اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کے معاشی فیصلوں کا خمیازہ عام لوگوں اور کاروباری طبقے کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ بینکنگ نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینکوں میں عام لوگوں کے کھاتوں سے جرمانے کے نام پر رقم کاٹی جا رہی ہے۔ ان کے بقول بینکنگ نظام کی صورت حال یہ ہوگئی ہے کہ ’کھاتہ آپ کا اور نقصان بھی آپ ہی کا‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے بینکنگ نظام کو ساہوکاروں سے بھی زیادہ خطرناک بنا دیا ہے۔
نوٹ بندی کے دوران بینک کی قطار میں پیدا ہونے والے بچے ’خزنجی‘ کا ذکر کرتے ہوئے ایس پی صدر نے بی جے پی پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ خزنجی دس سال کا ہو چکا ہے، لیکن بی جے پی نے آج تک اس کی سالگرہ نہیں منائی۔ انہوں نے کہا کہ خزنجی کی تعلیم اور دیکھ بھال کی ذمہ داری آج بھی سماج وادی خاندان اٹھا رہا ہے۔ اکھلیش نے دو ہزار روپے کے نوٹ کا ذکر کرتے ہوئے بھی طنزیہ انداز اختیار کیا۔
انہوں نے ترقی یافتہ ہندوستان 2047 کے ہدف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بی جے پی رہنما اس ہدف کی بات کرتے ہیں، دوسری طرف نوٹ بندی جیسے فیصلوں نے ملک کی معیشت کو پیچھے دھکیل دیا۔ انہوں نے اپنے الزامات پر بی جے پی کو کھلی بحث کا چیلنج بھی دیا۔
ووٹر لسٹوں کے خصوصی نظرثانی عمل کے دوران تقریباً ایک کروڑ 27 لاکھ ووٹروں کے نام حذف ہونے کے خدشے پر بھی اکھلیش یادو نے تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے انتخابی فہرستوں میں شفافیت کے لیے ووٹروں کو مضبوط میٹل کارڈ جاری کرنے، ووٹر لسٹ کو آدھار سے جوڑنے اور ووٹنگ کے دوران بایومیٹرک تصدیق کا نظام نافذ کرنے کی تجویز پیش کی۔
ریاست کی نظم و نسق کی صورت حال پر یوگی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ اترپردیش میں بدعنوانی عروج پر ہے اور خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سماج وادی حکومت کے دور میں قائم کیا گیا پولیس رسپانس نظام موجودہ حکومت نے تباہ کر دیا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ عوام کا پولیس پر اعتماد کم ہو رہا ہے اور آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
گواہاٹی: کولکاتہ-سیرانگ ایکسپریس کے انجن سمیت 7 ڈبے پٹری سے اترے، کئی مسافر زخمی!
قومی آواز بیورو
قومی آواز بیورو
آسام میں گواہاٹی کے قریب بدھ (11 نومبر) کی صبح ایک خوفناک ریل حادثہ پیش آیا۔ کولکاتہ-سیرانگ ایکسپریس کے انجن سمیت 7 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ حادثے کے بعد مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو باہر نکالنے اور متاثرہ مسافروں کی مدد کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
سی پی آر او کپنجل کشور شرما نے بتایا کہ حادثہ صبح 6 بج کر 54 منٹ پر پیش آیا۔ حادثے کے بعد امدادی کاموں میں تیزی لانے کے لیے ایک ریلیف ٹرین بھی جائے حادثہ پر بھیجی جا رہی ہے۔ نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے کے سینئر افسران موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ حادثہ گواہاٹی کے ڈگارو علاقے میں پیش آیا۔ یہ ٹرین آسام کے مختلف اسٹیشنوں سے گزرتے ہوئے کولکاتہ جاتی ہے۔ فی الحال حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ریلوے کی جانب سے حادثے کے حالات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ ٹرین کس وجہ سے پٹری سے اتری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق انجن سمیت 7 ڈبے پٹری سے اترے ہیں۔
حادثے میں کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حالانکہ زخمیوں کی صحیح تعداد اور ان کی حالت کے بارے میں ابھی تفصیلی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ حادثے کے بعد ٹرین میں سوار مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ کئی مسافر ڈبوں سے باہر نکلنے کی کوشش کرنے لگے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اور بچاؤ ٹیموں کو موقع پر بھیجا گیا۔ ٹیموں نے متاثرہ ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے اور زخمیوں تک مدد پہنچانے کا کام شروع کر دیا۔ امدادی کارروائی جنگی پیمانے پر جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ سرگرم ہو گئی۔ جائے وقوع پر امدادی اور بچاؤ ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ ان کی اولین ترجیح مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حادثے کا شکار ہونے والے ڈبوں کے آس پاس حفاظتی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے حادثے سے متعلق تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔ حادثے کی وجہ، زخمیوں کی تعداد اور نقصان کا اندازہ امدادی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گا۔ فی الحال موقع پر بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی تقریر کو نفرت پھیلانے والی اور شرمناک قرار دیا
قومی آواز بیورو
قومی آواز بیورو
سابق فوجی سربراہ اور یاشار پارٹی کے رہنما، گاڈی آئزن کوٹ نے منگل کو کہا کہ وہ جلد از جلد ایک قومی ہنگامی حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیل کی نو منتخب پارلیمنٹ، 26 ویں کنیسٹ کے ارکان نے حلف اٹھایا۔
نیتن یاہو کے اتحاد کو حالیہ عام انتخابات میں اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ توقع سے بہتر کارکردگی کے باوجود، ان کی دائیں بازو کی لیکوڈ پارٹی اور اس کے انتہائی دائیں بازو اور انتہائی آرتھوڈوکس اتحادیوں نے 120 رکنی کنیسٹ میں 53 نشستیں حاصل کیں جبکہ اکثریت کے لیے 61 نشستیں درکار ہیں۔ ادھر نیتن یاہو کے اہم حریف آئزن کوٹ اور ان کے اتحادیوں کے پاس صرف 48 نشستیں ہیں۔ ایسے میں دونوں کیمپ اکثریتی اعداد و شمار سے پیچھے ہیں۔
دریں اثنا، آئزن کوٹ نے نیتن یاہو پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے 26 ویں کنیسٹ کی تقریب حلف برداری میں نیتن یاہو کی تقریر کو نفرت پھیلانے والی اور شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ انہوں نے سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم کی تقسیم اور نفرت سے بھرپور تقریر سنی۔ اس سے ان کے اس یقین کو مزید تقویت ملی کہ نیتن یاہو ایک منٹ کے لیے بھی عہدے پر رہنے کے لیے نااہل ہیں۔
آئزن کوٹ نے ایکس پر لکھا، "میں وہاں بیٹھا اور سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم کی فریب، تفرقہ انگیز، نفرت سے بھری اور شرمناک تقریر سنی۔ انہوں نے 26 ویں کنیسٹ کی تقریب حلف برداری جیسے سرکاری موقع کا غلط استعمال کیا۔" گاڈی نے کہا، "مجھے اب اور زیادہ یقین ہو گیا ہے کہ وہ ایک منٹ کے لیے بھی عہدے پر رہنے کے لیےاہل نہیں ہیں۔"
گاڈی نے مزید کہا، "اس پیچیدہ صورت حال میں، میں جلد از جلد ایک قومی ہنگامی حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔ ہم گہرے عزم کے ساتھ آگے آئے ہیں۔ ہم نے ایک ایسا راستہ طے کیا ہے جس نے گزشتہ ایک سال کے دوران ہماری رہنمائی کی ہے۔ میں اسے ترک کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، بلکہ یہ ایک ایسا طریقہ ہے جو اسرائیل کی ریاست کے لیے ہماری گہری وابستگی میں ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔"
آئزن کوٹ نے الزام لگایا کہ نیتن یاہو کی حکومت اسرائیل کو تقسیم کر رہی ہے اور اس کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔نیتن یاہو نے اپنی تقریر میں عرب زیر قیادت مشترکہ اتحاد اور رعام پر یہودی ریاست کو تباہ کرنے کی کوششوں کا الزام لگایا۔ انہوں نے قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کی بھی اپیل کی۔
آئزن کوٹ اب اسرائیل کی عرب جماعتوں پر حکومت بنانے کے لیے نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ ملک کی عرب قیادت والی جماعتوں کے پاس کل 19 نشستیں ہیں۔ یہ جماعتیں نیتن یاہو کی سخت مخالف ہیں اور انہیں آئزن کوٹ کے ممکنہ اتحادی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ تاہم ان جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی کے لیے ابھی تک کوئی باضابطہ معاہدہ نہیں ہو سکا ہے۔ اس لیے آئزن کوٹ کو اکثریت حاصل کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔
اگر نیتن یاہو اور آئزن کوٹ حکومت بنانے کے لیے ضروری حمایت حاصل نہیں کر پاتے ہیں تو اسرائیل کو ایک اور انتخابات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور نیتن یاہو نئی حکومت کے قیام تک قائم مقام وزیر اعظم بن سکیں گے۔ نیتن یاہو اور آئزن کوٹ کے درمیان سیاسی تنازعہ نے عرب جماعتوں کے لیے ایک اہم کردار فراہم کیا ہے۔
ٹیپو سلطان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، بی جے پی تاریخ بدلنے کی کوشش کر رہی: پریانک کھڑگے
قومی آواز بیورو
قومی آواز بیورو
کرناٹک کے وزیر داخلہ پریانک کھڑگے نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاست کے لیے ٹیپو سلطان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور تاریخ کو کبھی مٹایا نہیں جا سکتا۔ ٹیپو سلطان جینتی کی تقریبات کے انعقاد اور اسکول کی درسی کتابوں سے میسور کے حکمران سے متعلق اسباق ہٹانے کے معاملے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’آپ ریاست کے لیے ٹیپو سلطان کی خدمات کو ختم نہیں کر سکتے۔ آپ کو پسند ہو یا نہ ہو، تاریخ کو مٹایا نہیں جا سکتا۔‘‘
تحریک خداداد تنظیم کی جانب سے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کو پیش کی گئی عرضداشت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پریانک کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی کو اپنی تاریخ کو صحیح طریقے سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیپو سلطان جینتی کی سرکاری تقریبات دوبارہ شروع کی جائیں اور اسکول کی کتابوں میں ان سے متعلق اسباق بحال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیپو سلطان نے انگریزوں کے خلاف 4 اینگلو میسور جنگیں لڑی تھیں اور انگریز ان سے بہت خوف زدہ رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی حقائق ہیں، جنہیں نہ تو وہ بدل سکتے ہیں اور نہ ہی بی جے پی۔
کھڑگے نے الزام لگایا کہ آر ایس ایس نے تحریک آزادی، تحریک سول نافرمانی، بھارت چھوڑو تحریک، ڈانڈی مارچ، تحریک عدم تعاون یا گول میز کانفرنسوں میں حصہ نہیں لیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ جب بی ایس یدی یورپا وزیر اعلیٰ تھے، اس وقت بی جے پی نے ٹیپو سلطان جینتی کی مخالفت کی تھی، جبکہ یدی یورپا نے اپنی ایک کتاب میں ٹیپو سلطان کی تعریف کی تھی۔ وزیر داخلہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی سیاسی فائدے کے لیے اقلیتوں کے مسائل کا استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے تو بی جے پی اقلیتوں کی حمایت کرتی ہے، لیکن دوسرے وقت اس کا رویہ بدل جاتا ہے۔
تاریخی ورثوں کا ذکر کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ بنگلورو کے لال باغ کو حیدر علی نے ترقی دی تھی اور بعد میں ٹیپو سلطان نے اس کی توسیع کی۔ انہوں نے نندی ہلز کے قلعے کا بھی ذکر کیا اور سوال کیا کہ کیا بی جے پی ایسی تاریخی خدمات کو بھی مٹانا چاہتی ہے؟ انہوں نے بی جے پی کے تاریخی علم کو ’واٹس ایپ یونیورسٹی کی تاریخ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عرضداشت پر مناسب فیصلہ کرے گی۔
اقلیتوں کے لیے قومی دفاعی تربیتی پروگرام پر بی جے پی کی تنقید کے جواب میں کھڑگے نے کہا کہ مختلف محکمے الگ الگ طبقوں کے لیے اس طرح کے پروگرام باقاعدگی سے چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے پروگرام چلاتا ہے، جبکہ محکمہ اقلیتی بہبود اقلیتوں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کرتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ شہریوں کو فوج میں بھرتی کی تیاری کرانے والے تربیتی پروگراموں پر بی جے پی کو اعتراض کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام چلانے کے لیے حکومت کو بی جے پی کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ کھڑگے نے واضح کیا کہ اس پروگرام کا مقصد شہریوں کو ہندوستانی فوج میں بھرتی کے لیے تیار کرنا ہے، نہ کہ نیم فوجی دستوں یا آر ایس ایس جیسی نجی تنظیموں کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر ہم اپنے ہی شہریوں کو تربیت نہیں دیں گے تو پھر کون دے گا؟‘‘
ایران پر حملہ کے لیے ٹرمپ کو روزانہ فون کر رہے نیتن یاہو، عرب ممالک میں فکر کی لہر، تہران نے کیا متنبہ
قومی آواز بیورو
قومی آواز بیورو
’دی فائنانشیل ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو روزانہ فون کر رہے ہیں اور ان سے ایران پر دوبارہ حملہ شروع کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ اس بات چیت سے واقف ایک شخص کے حوالہ سے اخبار نے لکھا ہے کہ ’’نیتن یاہو انھیں روزانہ فون کرتے ہیں اور جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں۔ وہ لوگ جو وائٹ ہاؤس کے اندر اور باہر جنگ نہیں چاہتے، اسے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ اس شخص نے مزید کہا کہ ’’علاقائی لیڈران ان سے کہہ رہے ہیں کہ وہ کشیدگی نہ بڑھائیں اور بات چیت کو ترجیح دیں۔‘‘
اس رپورٹ میں اسرائیل کے حالات سے واقف ایک دوسرے شخص کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو ایران پر حملہ چاہتے ہیں، لیکن ٹرمپ کو اس کے لیے راضی کرنے کی کوئی بڑی کوشش یا دباؤ نہیں ہے۔ اس بارے میں قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کے ساتھ بات چیت کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر نئے حملے ہونے کا امکان کم ہے۔ دراصل قطر کی حکومت امریکہ اور ایران کے درمیان عارضی سمجھوتہ کرانے کے لیے علاقائی کوششوں کی قیادت کر رہی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا ہے کہ ’’قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، بحرین، کویت اور دیگر ممالک ’جوں کی توں حالت‘ برقرار رکھنا چاہیں گے۔ دوسرے لفظوں میں، وہ تاریخ کی سب سے بڑی بحری ناکہ بندی اور نئے ’آپریشن آئرن گیٹ‘ کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے واضح کیا کہ وہ ایران پر نئے حملے کرنے کے بجائے اس پر معاشی ناکہ بندی لگانا پسند کریں گے۔ ٹرمپ نے لکھا کہ ’’ہم اس تنازعہ کو ختم کرنے کی سمت میں مثبت اقدامات دیکھ رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امریکہ کے مفادات کا ہر وقت تحفظ ہو۔‘‘
’دی فائنانشیل ٹائمز‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو کی جانب سے ٹرمپ پر ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے ڈالے جانے والے دباؤ سے عرب اور مسلم ممالک کے لیڈران فکرمند ہیں۔ ان فون کالز سے واقف لوگوں کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے بھی ٹرمپ کو فون کیا ہے۔
اس دوران ایران کے حکام نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کی جانب سے کوئی نیا حملہ کیا گیا تو اس کا سخت اور مختلف انداز میں جواب دیا جائے گا۔ اس انتباہ میں اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) اور فوجی قیادت بھی شامل ہیں۔ ایران نے مادی اور غیر مادی اثاثوں کو نشانہ بنانے کی بات کہی ہے۔ ایران کی دھمکی میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والی زیر سمندر انٹرنیٹ کی 7 اہم کیبلز کو خطرے میں ڈالنے کی بات بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ علاقائی ڈاٹا سنٹرز اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس سے مغربی ایشیا میں فوجی تصادم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور مواصلاتی نظام پر بھی سنگین اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔
0 تبصرے