غلاف کعبہ کلید بردار کے حوالے، یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا
(روزنامہ منصف) مکہ مکرمہ: حج 2024 ایام کے اختتام کے ساتھ ہی غلاف کعبہ کلید بردار کے حوالے کر دیا گیا اب یکم محرم کو غلام کعبہ کو تبدیل کیا جائے گا۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے نائب چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے غلاف کعبہ کو کلید بردار کعبہ کے حوالے کر دیا۔
اس حوالے سے وزیر حج وعمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیرمین ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور کلید بردار کعبہ کے نائب عبدالمالک بن طہٰ الشیبی نے دستاویز پر دستخط کی۔
واضح رہے کہ پہلے کئی دہائیوں تک ہر سال غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحج کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا تاہم دو سال سے اب غلاف کعبہ نئے سال ہجری کے آغاز پر یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جاتا ہے۔
کرناٹک ہائی کورٹ نے پرجول کی ماں بھوانی ریوانا کی ضمانت منظور کر لی
(روزنامہ منصف) بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ نے سابق ایم پی پرجول ریوانا کی والدہ بھوانی ریونا کو پیشگی ضمانت دے دی۔ ان پر خاتون کو اغوا کرنے کا الزام ہے۔ ہائی کورٹ کے جسٹس کرشنا ایس دکشت کی سنگل بنچ نے منگل کو یہاں کہا، "پولیس کو ملزم سے اس طرح کی توقع نہیں کرنی چاہئے کہ وہ اس طرح جواب دے گا جس طرح پولیس چاہتی ہے۔ یہ قانون نہیں ہے۔”
عدالت نے اغوا کے الزامات کے درمیان سابق ایم پی کی ماں بھوانی ریونا کو پیشگی ضمانت بھی دے دی۔ جسٹس دکشت نے کہا، ”میں نے عورت کو غیر ضروری یا ٹالنے کے قابل حراست سے بچانے میں قدم آگے بڑھایا ہے۔ ہمارے سماجی ڈھانچے میں وہ خاندان کا مرکز ہیں۔
بنچ نے کہا کہ اگرچہ پولیس نے عدم تعاون کا الزام لگایا ہے، لیکن بھوانی ریونا نے ان سے پوچھے گئے تمام 85 سوالات کا جواب دیا ہے۔ عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ قانون ملزم افراد کو پولیس کی جانب سے مقررہ طریقے سے جواب دینے کا حکم نہیں دیتا ہے۔
عدالت نے بھوانی کی ضمانت پر سخت شرائط بھی عائد کی ہیں۔ بھوانی ریونا کسی بھی حالت میں میسور اور ہاسن اضلاع میں تفتیش کے مقصد کے علاوہ داخل نہیں ہوں گے۔
عدالت نے ‘میڈیا ٹرائلز’ کے خلاف بھی خبردار کرتے ہوئے کہا، "جب ہم عام لوگ اخبار پڑھتے ہیں تو وہ اس پر یقین کرتے ہیں۔ پرنٹ میڈیا، سوشل میڈیا کو خواتین کے معاملے میں محتاط رہنا چاہیے، انہیں خاندانی زندگی میں خلل نہیں ڈالنا چاہیے۔
عدالت نے 14 جون کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیاتھا اور حتمی فیصلے تک عبوری تحفظ جاری رکھا۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر روی ورما کمار نے اس بنیاد پر عبوری ضمانت کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا کہ بھوانی ریونا تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہی ہیں اور ان سے پوچھے گئے سوالات کے غلط جواب دے رہی ہیں۔
سعودی ولی عہد کا آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ
(روزنامہ منصف)ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ پٹی میں جنگ کو فوری روکنے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا العربیہ نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے حج کے لیے آئے اہم عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فلسطین اور غزہ کا مسئلہ فوری حل طلب مسئلہ ہے۔ ہم غزہ میں انسانی جانوں کا ضیاع روکنے اور قتل عام روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کی تجویز کے حوالے سے جاری کردہ حالیہ قراردادوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سعودی عرب، عالمی برادری سے مشرقی یروشلم پر مشتمل سنہ 1967 سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے مطالبے کی تجدید کرتا ہے۔
سعودی ولی عہد نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ضروری ہے۔ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر خطے میں امن کا حصول ناممکن ہے۔
اس موقع پر انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے پوری مسلم امہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد بھی پیش کی۔
درجن بھر امیدوار الیکشن کمیشن سے رجوع، ای وی ایم-وی وی پیٹ کی میموری ویریفکیشن کا مطالبہ
(قومی آوازبیورو)
لوک سبھا اور چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد اب تک تقریباً 10 ایسی درخواستیں الیکشن کمیشن کے پاس پہنچی ہیں، جن میں ای وی ایم اور وی وی پیٹ سلپس میں درج ووٹنگ کے اعداد و شمار کو ملانے یعنی میموری ویریفکیشن کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ زیادہ تر درخواستوں میں ایک سے تین بوتھوں کی مشینوں کی میموری ویریفکیشن کی درخواست دی گئی ہے۔ صرف اڈیشہ کے جھاڑسوگوڈا اسمبلی حلقے سے شکست کھانے والی بی جے ڈی کی امیدوار دیپالی داس نے سب سے زیادہ 13 مشینوں کی میموری ویریفکیشن کی درخواست دی ہے۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ نے الیکشن کمیشن کے حوالے سے خبر دی ہے کہ دیپالی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی امیدوار ٹنک دھر ترپاٹھی سے 1265 ووٹوں سے ہار گئیں تھیں۔ دیپالی کا کہنا ہے کہ میں نے 17 راؤنڈ میں برتری برقرار رکھی۔ آخری دو راؤنڈ میں صورت حال یکسر تبدیل ہوگئی، لہذا آخری دو راؤنڈ کی مشینوں کی پھر سے گنتی اور ملان کرائی جائے۔ ان کے علاوہ مہاراشٹر کے احمد نگر لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے سوجئے رادھا کرشن ویکھے پاٹل نے بھی تین مشینوں کی ویریفکیشن کے لیے درخواست دی ہے۔ پاٹل 28,929 ووٹوں سے ہار گئے ہیں۔ کمیشن کے مطابق اتراکھنڈ اور چھتیس گڑھ سے کسی نے نظر ثانی کے لیے درخواست نہیں دی ہے۔
کمیشن کے حکام کے مطابق اس لوک سبھا الیکشن کے دوران ای وی ایم اور وی وی پیٹ کی میموری ویریفکیشن فی مشین 40 ہزار روپے اور اس پر 18 فیصد جی ایس ٹی ایڈوانس جمع کرنا ہوگا۔ کمیشن کے تکنیکی ماہرین کی ٹیم سب کے سامنے ڈیٹا کی تصدیق کرتی ہے۔ اگر شکایت درست پائی جاتی ہے یعنی ای وی ایم ڈیٹا اور سلپس میں بے ضابطگی پائی جاتی ہے تو کارروائی کی جائے گی اور شکایت کنندہ کو پوری فیس واپس کر دی جائے گی۔ شکایت نہ مانی گئی تو فیس ضبط کر لی جائے گی۔
دراصل سپریم کورٹ میں جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ نے 26 اپریل کو فیصلہ سنایا تھا۔ اس کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے سات دن کے اندر تصدیق کے لیے درخواست دینا ضروری ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا تھا کہ ووٹنگ صرف ای وی ایم مشینوں کے ذریعے ہی مناسب ہے۔ ایو ی ایم-وی وی پیٹ کی 100 فیصد میچنگ نہیں کی جائے گی۔ ای وی ایم ڈیٹا یعنی میموری اور وی وی پیٹ سلپ کو 45 دنوں تک محفوظ رکھا جائے گا۔ یہ سلپس امیدواروں یا ان کے ایجنٹوں کے دستخطوں کے ساتھ محفوظ رہیں گی۔
عدالت نے ہدایت دی ہے کہ انتخابات کے بعد نشانات لوڈ کرنے والے یونٹس کو بھی سیل کر کے محفوظ کیا جائے۔ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ امیدواروں کے پاس نتائج کے اعلان کے بعد تکنیکی ٹیم کے ذریعہ ای وی ایم کے مائیکرو کنٹرولر پروگرام کی جانچ پڑتال کرنے کا اختیار ہوگا، جو انتخابی اعلان کے سات دن کے اندر کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس کھنہ نے کہا کہ امیدواروں کو خود وی وی پیٹ تصدیق کا خرچ برداشت کرنا پڑے گا۔ اگر کسی بھی صورت میں ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پائی جاتی ہے تو اخراجات واپس کر دیئے جائیں گے۔ اسی وقت جسٹس دیپانکر دتہ نے کہا تھا کہ کسی نظام پر اندھا اعتماد کرنا ہی شک کو جنم دیتا ہے۔ جمہوریت کا مطلب اعتماد اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ مارچ 2023 میں ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) نے ایک عرضی دائر کی تھی جس میں ای وی ایم ووٹوں اور وی وی پیٹ سلپس کے 100 فیصد میچنگ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس پر سپریم کورٹ کی جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ نے اپنا فیصلہ سنایا تھا۔ فی الحال وی وی پیٹ کی ویریفکیشن کے تحت لوک سبھا حلقہ کے ہر اسمبلی حلقہ کے صرف پانچ پولنگ اسٹیشنوں کے ای وی ایم ووٹ اور وی وی پیٹ سلپس کو پلایا جاتا ہے۔ اس مہ کی ابتدا میں سپریم کورٹ نے الیکشن میں صرف پانچ غیر منتخب ای وی ایم کی تصدیق کرنے کے بجائے تمام ای وی ایم ووٹوں اور وی وی پیٹ سلپس کی گنتی کرنے کی درخواست پر ای سی آئی کو نوٹس جاری کیا تھا۔
ایوان میں اب بی جے پی کی من مانی نہیں چلے گی: کانگریس
(قومی آوازبیورو)
نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت پارلیمنٹ میں مسلسل من مانی کرتی رہی ہے، لیکن جمہوریت کی طاقت نے حالات کو بدل دیا ہے اور اب پہلے کی طرح ایوان میں بی جے پی کی آمریت نہیں چل سکے گی۔
منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کانگریس کی لیڈر سپریہ شرینیت نے کہا کہ اب صورتحال پوری طرح بدل چکی ہے۔ انڈیا اتحاد کے تجربہ کار لیڈر اس بار پارلیمنٹ میں موجود ہوں گے اور اب بی جے پی کی آمریت بالکل بھی جاری نہیں رہ سکے گی۔
کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ اب وہ وقت نہیں رہا جب راہل گاندھی کی 14 منٹ کی تقریر کے دوران اسپیکر اوم برلا کا چہرہ 11 منٹ تک ٹی وی پر دکھایا گیا تھا۔ اب انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ عوام نے ان کی من مانی کا خاتمہ کر دیا ہے۔
لوک سبھا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اسپیکر کون ہوگا اور ڈپٹی اسپیکر کون ہوگا، لیکن یہ بات طے ہے کہ بی جے پی کا کنٹرول ختم ہو چکا ہے۔
ممبئی، پٹنہ، جے پور، وڈودرا سمیت ملک کے کئی ہوائی اڈوں کو بم سے اڑانے دھمکی، سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ
(قومی آوازبیورو)
ملک میں دھمکی آمیز خطوط اور ای میلز موصول ہونے کے واقعات مسلسل سامنے آرہے ہیں۔ اس بار ممبئی، پٹنہ، جے پور اور وڈودرا ہوائی اڈوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ یہ دھمکی ایک ای میل کے ذریعے دی گئی ہے۔ حال ہی میں امبالہ ریلوے اسٹیشن پر ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا، جس میں ہریانہ اور پنجاب کے کئی ریلوے اسٹیشنوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ملک کے جن ہوائی اڈوں کو بم کی دھمکی دی گئی ہے ان میں ممبئی، پٹنہ، وڈودرا اور جے پور کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔ دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد چاروں ہوائی اڈروں پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ سیکورٹی ایجنسیاں اس میل کی چھان بین کر رہی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہیں کہ یہ ای میل کہاں سے بھیجی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیکیورٹی ایجنسیاں چاروں ہوائی اڈوں پر تفتیشی مہم بھی چلا رہی ہیں تاکہ اگر کوئی مشکوک چیز پائی جائے تو فوری کارروائی کی جا سکے۔
گجرات کے وڈودرا ایئرپورٹ پر دھمکی آمیز ای میل ملنے کے بعد خوف وہراس پھیل گیا۔ وڈودرا پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر ہوائی اڈے پر پہنچی اور سی آئی ایس ایف کے ساتھ آنے اور جانے والی گاڑیوں کی جانچ شروع کر دی۔ احتیاط کے طور پر فائر بریگیڈ کے فائر فائٹرز کو بھی تعینات کر دیا گیا ۔ ایرپورٹ جس علاقے میں آتا ہے وہ ہرنی پولیس اسٹیشن ہے۔ ہرنی پولیس اسٹپیشن کے سینئر انسپکٹر کا کہنا تھا کہ ہمیں اوپر سے تفتیش کے احکامات ملے تھے جس کے بعد ہم نے تفتیش شروع کر دی۔ ہمارے ساتھ سی آئی ایس ایف کی ٹیم بھی تھی۔
ممبئی ایئرپورٹ کے اہلکار کے مطابق ملک کے کئی مختلف ہوائی اڈوں کو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی ہیں۔ ممبئی ایئرپورٹ بھی اس میں سے ایک ہے۔ ای میل موصول ہونے کے بعد سی آئی ایس ایف کی ٹیم الرٹ ہو گئی۔ ہر آنے اور جانے والے مسافر کی سختی سے تفتیش کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ایئرپورٹ کے باہر کھڑی گاڑیوں کی بھی چیکنگ کی گئی تاکہ اگر کوئی مشکوک چیز نظر آئے تو اس پر فوری طور پر ختم کیا جا سکے۔
جے پور ہوائی اڈے کو بھی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا۔ ای میل میں ایئرپورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ سیکیورٹی اداروں نے ایئرپورٹ پر سرچ آپریشن کیا۔ بم اسکواڈ نے ایئرپورٹ پر چھان بین کی۔ جے پور ہوائی اڈے کے اہلکار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ کسی کی شرارت ہے۔ پولیس ٹیم اس کی تفتیش میں مصروف ہے۔ پولیس آئی پی ایڈریس سے دھمکی آمیز میل بھیجنے والے شخص کی تلاش کر رہی ہے۔
اسی طرح پٹنہ، بہار کے جے پرکاش نارائن ایئرپورٹ کو بھی ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا کہ اسے بم سے اڑا دیا جائے گا۔ پٹنہ ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر کے مطابق، منگل (18 جون) کی دوپہر 1:10 پر انہیں ایک ای میل موصول ہوا جس میں ہوائی اڈے کو اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ ای میل موصول ہونے کے بعد ایئرپورٹ کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔
بابری مسجد کا انہدام‘بچوں کو حقائق سے واقف ہونا چاہیے:اسداویسی
(روزنامہ منصف) حیدر آباد: کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے آج یہاں کہا کہ ہندوستان کے بچوں کو بابری مسجد کے انہدام کے تعلق سے سپریم کورٹ کے بیان سے اور حقائق سے واقف ہونا چاہیے۔ عدالت نے مسجد کے انہدام کو نہایت قبیح مجرمانہ حرکت قرار دیا ہے۔
حیدر آباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نیشنل کونسل فار ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کے اس فیصلہ پر رد عمل کا اظہار کررہے تھے، جس میں کونسل نے بابری مسجد کو 3 گنبد کے ڈھانچہ کا نام دینے کی جانب توجہ مبذول کروائی۔
کونسل نے ایودھیا فیصلہ کو اتفاق رائے کی ایک مثال قرار دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اویسی نے کہا کہ بابری مسجد کو منہدم کرنے کے تعلق سے ہندوستان کے بچوں کو حقائق سے واقف ہوناچاہیے۔صدر مجلس نے کہا کہ 1949ء میں مسجد کی بے حرمتی کی گئی اور 1992 میں منہدم کردیا گیا۔
این سی ای آر ٹی کے ڈائرکٹر دنیش پرساد سکلانی کے بابری مسجد انہدام اور گجرات فسادات کے تعلق سے اسکول کی نصابی کتب میں پیش کردہ مواد کی مدافعت کرنے پر ریمارک کیا۔ دنیش پرساد نے کہا کہ فسادات کے تعلق سے تدریس سے تشدد پیدا ہوتا ہے اور شہری افسردہ اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوسکتے ہیں۔
0 تبصرے