سعودی عرب کی عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایات جاری

(روزنامہ منصف)ریاض: سعودی عرب نے عمرہ بکنگ کے حوالے سے 3 اہم ہدایات جاری کردیں۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت برائے حج وعمرہ کی طرف سے عازمین کے لیے عمرہ کی بکنگ کے حوالے سے 3 اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وزارت حج وعمرہ نے ضیوف الرحمان کومخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرہ کی مناسک آسانی اور سہولت سے ادا کرنے کے لیے عمرہ کے لیے اجازت لیتے وقت یقینی بنائیں کہ ہجوم کے اوقات سے بچیں،آنے والے عمرہ زائرین اجازت نامہ پیش کریں اور مقررہ وقت و تاریخ پر اپنی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔سعودی وزارت حج وعمرہ نے یہ بھی کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو سکون، اطمینان اور اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا چاہیئے، خاص طور پر بھیڑ والی جگہوں پر پرسکون انداز میں رہیں، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اے لوگو! پرسکون رہو۔وزارت نے موسم گرما میں عمرہ کے لیے 3 مشورے بھی دیئے ہیں،جن میں کہا گیا ہے کہ سب سے پہلے موسم گرما میں عمرہ کرتے وقت معالج سے مشاورت کی جائے،دوسرا موسم گرما میں عمرہ کے لیے مناسب وقت کا انتخاب ضروری ہے ۔اورایسے اوقات کا انتخاب کیا جائے جب درجہ حرارت معتدل ہوجبکہ تیسری ہدایات کے طورپرمسجد الحرام پہنچنے کے بعد اورعمرہ شروع کرنے سے قبل آرام کا وقفہ لینے کا مشورہ دیا گیا۔


سریش چاونکے نے چندریان 3 پر مسلمانوں کی سنگباری کا کارٹون پوسٹ کیا

(روزنامہ منصف)حیدرآباد: نفرت پھیلانے والے بدنام زمانہ ’سدرشن نیوز‘ کے ایڈیٹر سریش چاونکے نے جو مخالف مسلم ریمارکس کرتا رہتا ہے‘ سوشل میڈیا پلاٹ فام ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئیٹر) پر ایک کارٹون پوسٹ کیا ہے۔جس میں مسلمانوں کو چاند کی سطح سے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی جانب سے کل ہی چاند کی سطح پر کامیابی سے اتارے گئے چندریان۔3 پر سنگ باری کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اس کارٹون میں کرداروں کو کرتا پاجامہ اور ٹوپی پہنے چندریان 3 کے لینڈر پر پتھراؤ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ تصویر میں ایک ڈسپلے بورڈ ہندی تحریر ’چاند کی زمین وقف کی ملکیت ہے‘ دکھاتے ہوئے نظریہ ئ اوقاف کا تمسخر اڑایا گیا۔چاونکے کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے اور دو برادریوں میں نفرت کو بڑھا دینے کے درجنوں کے مقدمات درج ہیں اس کے باوجود وہ اپنی فرقہ پرستی سے باز نہیں آرہا ہے اور وہ کھلے عام نفرت کو بڑھاوا دے رہا ہے۔ اسی چانل کے ایک ریسیڈنٹ ایڈیٹر مکیش کمار کو گروگرام پولیس کی سائبر کرائم یونٹ نے 11 /اگست کو ’ایکس‘ پر اشتعال انگیز ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کیا تھا۔


چندریان 3 کی ٹیم میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تین فارغین بھی شامل

(عوزنامہ منصف)نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تین فارغین امیت کمار بھردواج‘ محمد کاشف اور اریب احمد انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے تاریخی چاند مشن چندریان۔3 کا حصہ رہے ہیں۔ جامعہ ملیہ نے اپنے فارغین کی اس شراکت داری پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے لئے فخر کا لمحہ ہے۔جامعہ کے انتظامیہ نے کہا ”اس تاریخی کامیابی کے ساتھ بھارت چاند کے جنوبی قطب پر لینڈ کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔“ یہ تینوں فارغین امیت کمار بھردواج‘ محمد کاشف اور اریب احمد شعبہ میکانیکل انجینئرنگ کے طلبہ تھے اور 2019 ء میں اپنا بی ٹیک مکمل کیا تھا۔جامعہ ملیہ کے انتظامیہ نے کہا کہ امیت کاشف اور اریب نے اسرو کے مرکوز رکروٹمنٹ بورڈ۔2019کے سائنٹسٹ/انجینئر کی پوسٹ کا امتحان کامیاب کیا تھا۔ اسرو نے ستمبر 2021 میں امتحان کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔کاشف نے امتحان میں پہلا مقام حاصل کیا تھا اور یہ تینوں سائنٹسٹ/انجنینئر کی پوسٹ کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے کہا ”میں اس موقع پر میں پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس مشن کی کامیابی پر مبارک بادی پیش کرتی ہوں۔“ وائس چانسلر نے کہا ”یہ قومی جشن منانے کا موقع ہے اور ہم یہ جان کر زیادہ خوش ہیں کہ ہمارے طلبہ بھی اس تاریخی مشن کا حصہ رہے ہیں۔ میں انہیں ان کی کامیابی پر مبارک بادی دیتی ہوں اور مستقبل کے لئے ان کی کاوشوں پر نیک تمنائیں پیش کرتی ہوں۔ جامعہ برادری ان پر فخر کرتی ہے۔“


بلقیس بانو کی عصمت ریزی کا ایک مجرم وکیل بن گیا ، سپریم کورٹ بھی حیرت زدہ

(روزنامہ منصف)نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اس احساس کا اظہار کیا ’قانون ایک ذی وقار پیشہ مانا جاتا ہے‘ اور تعجب کا اظہار کیا کہ کس طرح 2002 گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی اور اس کے ارکان خاندان کے قتل کے مقدمہ کا ایک سزاء یافتہ تخفیف سزاء کے باعث اپنی سزاء کے بعد قانون کی پراکٹس کرسکتا ہے۔یہ معاملہ عدالت کے علم میں اس وقت آیا جب اڈوکیٹ رشی ملہوترا نے رادھے شام شاہ کی سزاء میں کی گئی تخفیف کا دفاع کرتے ہوئے جسٹس بی وی ناگارتھنا اور جسٹس اجل بھیویان کی بنچ سے کہا کہ ان کے موکل نے 15 برسوں کی حقیقی قید کی سزاء کاٹی ہے اور یہ کہ ریاستی حکومت نے اس کے بہتر اخلاق کا نوٹ لیتے ہوئے راحت دی ہے۔ملہوترا نے بتایا ”آج تقریباً ایک برس بیت گیا اور میرے خلاف ایک واحد مقدمہ بھی نہیں ہے۔ مجھے موٹر سیکل کلیمس ٹریبونل میں وکیل ہونا چاہئے تھا۔ میں ایک وکیل تھا اور میں نے دوبارہ وکالت شروع کردی ہے۔“ عدالت نے کہا ”مابعد سزاء آیا پراکٹس کرنے کا لائسنس دیا جاسکتا ہے؟ قانون کے ایک ذی وقار پیشہ سمجھا جاتا ہے۔ بار کونسل (آف انڈیا) کو بتانا پڑے گا کہ آیا ایک سزا یافتہ وکالت کرسکتا ہے۔ آپ ایک سزا یافتہ ہیں‘ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے۔ آپ جیل کے باہر اس لئے ہیں کہ آپ کی سزا معاف کی گئی ہے۔ سزا باقی ہے اور قید میں تخفیف کی گئی ہے۔“ شاہ کے وکیل نے کہا وہ اس بارے یقینی طور پر آگاہ نہیں ہیں۔ اڈوکیٹس ایکٹ کی دفعہ 24A بیان کرتی ہے کہ  اخلاقی خباثت کے جرم میں سزاء پانے والے شخص کا بہ حیثیت وکیل اندراج نہیں ہوسکتا۔یہ دفعہ یہ بھی بیان کرتی ہے کہ اندراج کی نااہلیت اس کی رہائی یا معزولی یا برخاستگی سے دو برسوں کی مدت بیت جانے کے بعد موقوف ہوجاتی ہے۔ ملہوترا نے بتایا کہ گجرات حکومت نے شاہ کو گودھرا جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور تخفیف سزا کی کمیٹی سے نوآبجیکشن حاصل کرنے اور وزارت داخلہ کے ساتھ ساتھ قبل از وقت رہائی کے لئے مرکزی حکومت کی تمام سفارشات رکھتے ہوئے اس کو رہا کیا تھا۔ملہوترا نے بنچ سے کہا کہ تخفیف سزا کی پالیسیوں میں کہیں یہ صراحت نہیں ہے کہ تمام شراکت داروں کو ایک سزایافتہ کی رہائی کے لئے بہ اتفاق آراء رائے دینی چاہئے اور نہ ہی یہ صراحت ہے کہ یہ اکثریتی فیصلہ ہونا چاہئے جو فیصلہ سازی عمل میں غالب رہنا چاہئے۔یہ صرف اتنا کہتی ہے کہ قبل از پالیسی فیصلہ ریاستی حکومت کو مختلف گوشوں سے مختلف آراء حاصل کرنا چاہئے۔ گجرات حکومت نے بلقیس بانو کیس میں 11 سزایافتگان کو 1992 کی تخفیف سزا پالیسی کی اساس پر رہا کیا تھا نہ کہ 2014 میں اختیار کردہ پالیسی پر جو آج نافذ ہے۔ 2014 کی پالیسی کے تحت ریاست‘ سی بی آئی کی جانب سے تحقیق کردہ ایک جرم یا قتل مع عصمت ریزی یا اجتماعی عصمت ریزی پر سزاء پانے والوں کی سزا میں تخفیف نہیں کرسکتی۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 31 /اگست کو مقرر ہے۔


جی-20: تین دنوں تک راجدھانی دہلی رہے گی بند، ایئرپورٹ پہنچنے کے لیے خاص انتظام، دہلی پولیس نے جاری کی ایڈوائزری

(قومی آوازبیورو)دہلی میں آئندہ ماہ جی-20 اجلاس منعقد ہونے والا ہے جس کے تعلق سے دہلی پولیس نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ جمعہ کے روز جاری اس ایڈوائزری کے مطابق 8 سے 10 ستمبر تک آئی جی آئی ہوائی اڈے تک ٹریفک نظام متاثر رہے گا۔ اس لیے لوگوں کو آمد و رفت کے لیے میٹر کی ایئرپورٹ لائن کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں جو لوگ اب بھی شہر کے مختلف حصوں اور این سی آر علاقوں سے اپنی گاڑیوں سے ہوائی اڈے تک سفر کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے خاص انتظام کیا گیا ہے۔پولیس ایڈوائزری کے مطابق 8 ستمبر کی شب 12 بجے سے 10 ستمبر کی شب 11.59 بجے تک اندرا گاندھی انٹرنیشنل ہوائی اڈے تک سڑک کا راستہ رخنہ انداز ہوگا۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر ہوائی اڈے جانے والے مسافر میٹر کی جگہ سڑک کا راستہ اختیار کرتے ہیں تو انھیں مناسب وقت لے کر سفر کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔پولیس ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ گروگرام سے آئی جی آئی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-3 تک سڑک کے راستہ سے سفر کر رہے ہیں تو وہ این ایچ 48، راؤ گجراج سنگھ مارگ، پرانی دہلی، گروگرام روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ، این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ٹرمینل 1 تک پہنچنے کے لیے مسافر این ایچ 48، راؤ گجراج سنگھ مارگ، پرانی دہلی، گروگرام روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ، این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ، سروس روڈ این ایچ 48، سنجے ٹی پوائنٹ، الان بٹار کا راستہ لے سکتے ہیں۔دوارکا سے ٹرمینل 3 جانے کے لیے مسافر دوارکا سیکٹر 22 روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ٹرمینل 1 کے لیے مسافر دوارکا سیکٹر 22 روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ، سروس روڈ این ایچ 48، سنجے ٹی پوائنٹ، الان باتر راستہ سے ہو کر جا سکتے ہیں۔جو لوگ نئی دہلی اور جنوبی دہلی سے ٹرمینل 3 یا ٹرمینل 1 کی طرف سفر کرنا چاہتے ہیں وہ ایمس چوک، رنگ روڈ، موتی باغ چوک، آر ٹی آر مارگ، سنجے ٹی پوائنٹ، سروس روڈ این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ اور سنجے ٹی پوائنٹ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اسی طرح مغربی دہلی سے ٹرمینل 3 اور ٹرمینل 1 جانے کے لیے پنجابی باغ چوک، رنگ روڈ، راجہ گارڈن چوک، نجف گڑھ روڈ، پنکھا روڈ، ڈابری-دوارکا روڈ، روڈ نمبر 224، ڈابری-گروگرام روڈ لینے کی صلاح دی گئی ہے۔شمالی اور مشرقی دہلی سے ٹرمینل 3 اور ٹرمینل 1 تک جانے کے لیے مسافر آئی ایس بی ٹی کشمیری گیٹ، رانی جھانسی فلائی اوور، روہتک روڈ، پنجابی باغ چوک، رنگ روڈ، راجہ گارڈن چوک، نجف گڑھ روڈ، پنکھا روڈ، ڈابری دوارکا روڈ، روڈ نمبر 224 کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ڈابری-گروگرام روڈ، سیکٹر 22، دوارکا روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ/الان بٹار مارگ اور ٹرمینل 1 سے سفر کر سکتے ہیں۔

  

پوتن جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے

(ای ٹی وی )ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت نہیں آئیں گے۔ روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف نے جمعہ کو یہاں میڈیا کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ پوتن ستمبر میں جی 20 سربراہی اجلاس کے لیے بھارت کے دورے کا منصوبہ نہیں بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ زور خصوصی فوجی آپریشن پر ہے۔ جی-20 سربراہی اجلاس 9 اور 10 ستمبر کو نئی دہلی کے پرگتی میدان میں نو تعمیر شدہ بھارت منڈپم میں منعقد ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ پوتن جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں منعقد ہونے والی 15ویں برکس سربراہی کانفرنس میں ذاتی طور پر شرکت کے لیے نہیں گئے تھے بلکہ ان کی نمائندگی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کی۔ سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ پوتن نے ذاتی طور پر برکس سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ اس وجہ سے کیا ہوگا کیونکہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے مارچ میں یوکرینی بچوں کو روس منتقل کرنے کی مبینہ اسکیم پر ان کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا چونکہ جنوبی افریقہ آئی سی سی کا دستخط کنندہ ممبر ہے اس لیے آئی سی سی کو توقع تھی کہ اگر پوتن جنوبی افریقہ میں موجود ہوتے تو جنوبی افریقہ پوتن کی گرفتاری میں مدد کرتا۔واضح رہے کہ جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس بھارت کی صدارت میں قومی دارالحکومت میں ہونے والا ہے۔ جس کی وجہ سے دہلی پولیس کے حکام اس میگا ایونٹ کے پیش نظر مندوبین کی آمد کے دوران گاڑیوں کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات میں مصروف ہیں۔ اسی وجہ سے دہلی حکومت نے 8، 9 اور 10 ستمبر کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔


 ڈی جے ہلی فسادات و پروین قتل معاملے میں مسلمانوں کو پھنسایا گیا۔۔ایڈووکیٹ محمد طاہر

(ای ٹی وی )بنگلورو: ریاست کرناٹک میں تین سال قبل اگست 2020 میں بنگلورو میں اہانت رسول کا معاملہ پیش آیا تھا۔ اس کے خلاف شہر کے ڈی جے ہلی علاقے میں ایک بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور احتجاج کیا گیا۔ اس کے دوران تشدد برپا ہو۔ اس بیچ پولیس فائرنگ میں 4 نوجوان ہلاک ہوئے۔ 400 سے زائد مسلمانوں کو ہراست میں لیا گیا، جن میں سے متعدد افراد کو بیل مل چکی ہے لیکن 37 افراد اب بھی جیل میں بند ہیں چونکہ ان پر یو اے پی اے کی دفعہ لگائی گئی ہے۔ ڈی جے ہلی کیس میں این آئی اے نے چارجشیت پیش کی ہے اور معاملہ ذیر سماعت ہے۔ سن 2022 میں بی جے پی کے ایک لیڑر پروین نیٹار کا بہیمانہ قتل کیا گیا تھا جس کی تحقیقات کے چلتے کئی افراد کو ہراست میں لیا گیا ہے اور اس معاملے کی بھی جانچ این آئی اے کر رہی ہے۔یہ ڈی جے ہلی فسادات اور پروین نیٹار مرڈر کیسز کی پیروی کر رہے وکیل ایڈووکیٹ محمد طاہر نے متعدد ڈاکیومینٹس پیش کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایا کہ دونوں ہی کیسز میں چند مخصوص مسلم سماجی کارکنوں کو نشانہ بنا کر انہیں پھنسایا گیا۔ ان پر یو اے پی اے کے تحت دائر کئے گئے کیسز جھوٹے و بے بنیاد ہیں۔ ایڈووکیٹ طاہر نے مزید بتایا کہ وہ ان فائنڈنگز کو کورٹ کے سامنے لائیں گے تاکہ بے قصوروں کو بیل مل سکے۔


615 کروڑ روپے کے چندریان-3 سے ہوئی 31 ہزار کروڑ روپے کی کمائی، کئی کمپنیوں کی بھر گئی تجوری!

(قومی آوازبیورو)ہندوستان کے چندریان-3 نے چاند پر فتح کر کے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ حیرانی اس بات کو لے کر سب سے زیادہ ہے کہ ہندوستان نے محض 615 کروڑ روپے کے خرچ میں چاند کے جنوبی قطب تک پہنچنے کا کارنامہ کیسے انجام دے دیا، حالانکہ روس اور امریکہ جیسے ممالک ایسا نہیں کر سکے۔ اب ایک اور حیران کرنے والی خبر سامنے آ رہی ہے۔ چندریان-3 کی کامیابی نے کئی کمپنیوں کی تجوریاں بھر دی ہیں اور انھیں مالا مال کر دیا ہے۔دراصل شیئر مارکیٹ کے سرمایہ کار تقریباً ان سبھی شیئرس میں ہزاروں کروڑ روپے کی کھل کر سرمایہ کاری کر رہے ہیں جن کا براہ راست ایرواسپیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اس کا ثبوت اس بات سے ملتا ہے کہ ہفتہ کے پہلے چار دنوں میں 13 اسپیس پر مبنی شیئرس کے گروپ کا جوائنٹ مارکیٹ کیپ تقریباً 31 ہزار کروڑ رپے سے زیادہ بڑھ چکا ہے۔آپ کو جان کر حیرانی ہوگی کہ چندریان-3 کے لیے اِسرو کو اہم ماڈیول اور سسٹم کی سپلائی کرنے والی اسمال کیپ کمپنی سینٹم الیکٹرانکس کے شیئرس میں اس ہفتہ 26 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اس ہفتہ اونٹیل، لنڈے انڈیا، پارس ڈیفنس اور بھارت ہیوی الیکٹرانکس کے شیئرس میں بھی دوہرے ہندسہ کی تیزی دیکھی گئی۔ وہیں اگر بات گودریج انڈسٹریز کے شیئرس کی کریں تو 8 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ گودریج ایرواسپیس، جو اِسرو کو کمپونینٹ کی سپلائی کرتی ہے، اس کی معاون کمپنی ہے۔ کمپنی نے بعد میں واضح کیا کہ گودریج ایرواسپیس کسی بھی طرح سے گودریج انڈسٹریز کی برانچ نہیں ہے۔بہرحال، ہندوستان کو چاند کے جنوبی قطب پر اترنے والا دنیا کا پہلا ملک بنانے میں کردار نبھانے والی کمپنیوں کی فہرست طویل ہے۔ لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈ ٹی) مشن چاند میں سَب سسٹم کی مینوفیکچرنگ سے لے کر مشن ٹریکنگ تک شامل تھا، ڈیفنس پی ایس یو مشر دھاتو نگم نے تین فیز والے بھاری لفٹ لانچ کرافٹ ایل وی ایم 3 ایم 4 کے لیے اہم اشیاء کی سپلائی کی۔ پی ٹی سی انڈسٹریز نے پمپ انٹر اسٹیج ہاؤسنگ کی سپلائی کی اور ایم ٹی آر وکاس انجن اور ٹربو پمپ اور بوسٹر پمپ سمیت کرایوجینک انجن سَب سسٹم جیسے سامانوں کی سپلائی کی ہے۔ پارس نے چندریان-3 کے لیے نویگیشن سسٹم کی سپلائی کی ہے جبکہ بی ایچ ای ایل نے ٹائٹانیم ٹینک اور بیٹری کی سپلائی کی۔ان میں سے کئی ہندوستانی کمپنیاں 447 ارب ڈالر کے گلوبل اسپیس مارکیٹ میں دنیا کی توجہ مرکوز کر سکتی ہیں۔ گگن یان، آدتیہ ایل 1، ایکس پی اوسیٹ، این آئی ایس اے آر اور اسپیڈیکس جیسے اِسرو کے دوسرے آنے والے مشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سیمکو سیکورٹیز کے اپورو سیٹھ نے کہا کہ اسپیس اور ڈیفنس اسٹاک ایک میگا ٹرینڈ ہے جس پر سرمایہ کاروں کو آنے والے سالوں میں توجہ دینی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ایم ٹی اے آر ٹیکنالوجیز، بھارت الیکٹرانکس اور ہندوستان ایروناٹکس جیسے اسٹاک اپنی مضبوط آرڈر بک، مضبوط بنیادی باتوں اور سودیشی پروڈکشن پر ہندوستان کے بڑھتے فوکس کے سبب دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔