ہندوستان اور فرانس کے درمیان 26 نئے رافیل طیارہ کی خریداری پر ہو رہی بات چیت، جلد لیا جا سکتا ہے فیصلہ
(قومی آوازبیورو)
ہندوستانی فوج میں رافیل طیاروں کی تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ دراصل ہندوستانی فوج اپنے بیڑے کو لگاتار مضبوط کر رہی ہے اور ایک بار پھر ہندوستان و فرانس کے درمیان رافیل طیارہ کی خریداری کو لے کر بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں ممالک کی حکومتیں 26 رافیل سمندری جنگی طیاروں کی خرید سے متعلق گفت و شنید کر رہے ہیں۔ اس دوران قیمت اور دیگر متعلقہ معاملوں پر بات چیت ہو رہی ہے۔
اس سے قبل ہندوستان اور فرانس کے درمیان رافیل کی خریداری سے متعلق 30 مئی کو میٹنگ ہونے والی تھی۔ لیکن لوک سبھا انتخاب کے سبب اسے جون کے دوسرے ہفتہ تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانس کا ایک نمائندہ وفد نئی دہلی آیا ہوا ہے۔ اس میں ان کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرڈننس کے افسران شامل ہیں، جو ہندوستان کے ساتھ جاری رافیل معاہدے پر نگرانی رکھ رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان دونوں ممالک کی بات چیت میں ہندوستانی فریق کی نمائندگی وزارت دفاع کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ایکویزیشنز کے افسر اور صارف فریق سے دیگر فوجی افسران کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بات چیت جن 26 رافیل سمندری جنگی طیاروں کی خرید سے متعلق ہو رہی ہے، اس کی مجموعی لاگت 50 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ فی الحال ہندوستانی فضائیہ کے بیڑے میں 36 رافیل طیارے موجود ہیں۔ طیارہ کو آئی این ایس وکرمادتیہ اور آئی این ایس وکرانت سمیت ہندوستانی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز سے آپریٹ کیا جائے گا۔
روس مقبوضہ علاقوں سے فوج ہٹانے اور ناٹو میں شامل نہ ہونے کی شرط پر یوکرین سے جنگ بندی کے لیے تیار
(قومی آوازبیورو)
روس کے صدر ولادمیر پوتن نے یوکرین کے ساتھ جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس کے لیے انہوں نے یوکرین کے سامنے کئی شرائط رکھی ہیں۔ ان شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ یوکرین مقبوضہ علاقوں سے اپنی فوجیں واپس بلا لے اور دوسرا یہ کہ وہ ناٹو میں شمولیت کا منصوبہ ترک کر دے۔ روسی صدر نے کہا کہ اگر یوکرین یہ شرائط تسلیم کر لیتا ہے تو یہ جنگ رک سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ شرائط اس لیے رکھی گئی ہیں تاکہ اس جنگ کا کوئی حتمی حل نکالا جا سکے۔ ماسکو میں روسی وزارت خارجہ میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ روس بلا تاخیر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان امن کی بحالی کے لیے مزید کئی مطالبات کیے ہیں۔ ان میں یوکرین کی غیر جوہری حیثیت، اس کی فوجی قوتوں پر پابندیاں اور روسی بولنے والے لوگوں کے مفادات کا تحفظ شامل ہے۔ پوتن کا کہنا ہے کہ یہ سب بنیادی بین الاقوامی معاہدوں کا حصہ بننا چاہیے اور روس کے خلاف تمام مغربی ممالک کی پابندیاں ہٹا دی جانی چاہئیں، تب ہی جنگ بندی ہو سکتی ہے۔
روسی صدر نے کہا کہ ہم تاریخ کا دردناک صفحہ پلٹنے اور روس، یوکرین و یورپ کے درمیان اتحاد کی بحالی کی اپیل کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں روس کی جانب سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا گیا ہے۔ روس پہلے بھی جنگ روکنے کے لیے ایسے مطالبات کر چکا ہے۔ روسی صدر پوتن کا یہ بیان اٹلی میں ہونے والے جی 7 سربراہی اجلاس کے درمیان سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل 8 جون کو پوتن نے یوکرین میں جنگ جیتنے کے لیے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی تردید کی تھی۔
نیٹ امتحان: گجرات کے گودھرا سے 5 ملزمین گرفتار، نقل کرانے کے لیے 10-10 لاکھ روپے میں ہوئی تھی ڈیل!
(قومی آوازبیورو)
نیٹ (این ای ای ٹی) امتحان میں بے ضابطگی سے متعلق گجرات پولیس نے 5 ملزمین کو آج گرفتار کیا ہے۔ ان ملزمین کی گرفتاری کے بعد اب تک ڈھائی کروڑ روپے کے منی ٹریل کی بات سامنے آئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طلبا سے 10-10 لاکھ روپے لے کر نیٹ امتحان پاس کرانے کا کاروبار چل رہا تھا۔ گزشتہ مہینے پنچ محل ضلع کے کلکٹر کو ملی اطلاع کی بنیاد پر گودھرا واقع جئے جلارام اسکول کے نیٹ امتحان مرکز کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران یہ انکشاف ہوا کہ بچوں سے پیسے لے کر امتحان پاس کرانے کا کھیل ہوا ہے۔ اس کے بعد پنچ محل ضلع کے ایجوکیشن افسر کریٹ پٹیل نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
جانکاری کے مطابق 5 مئی کو ہونے والے امتحان میں ٹیچر تشار بھٹ اسی سنٹر میں لابی کنڈکٹر تھے۔ وہ کسی طالب علم سے 10 لاکھ روپے لینے والے تھے، لیکن اس سے پہلے ہی ضلع ایجوکیشن افسر نے سنٹر پہنچ کر ان سے پوچھ تاچھ کی۔ ضلع ایجوکیشن افسر کو پوچھ تاچھ اور جانچ کے دوران ان کے فون سے پرشورام رائے نامی شخص کے ساتھ چیٹ میں کچھ تصویریں ملیں، جن میں 11 طلبا کے نام، رول نمبر اور ان کے امتحان مرکز کا پتہ لکھا تھا۔ اس کے علاوہ ان کی کار سے 7 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوا۔
جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ گودھرا کے عارف وورا اور وڈودرا کے رائے اوورسیز کے مالک پرشورام رائے کا طلبا سے پیسے لے کر پاس کرانے میں اہم کردار ہے۔ بھٹ کے فون سے 20 سے زائد طلبا کے نام ملے ہیں جس کے سامنے کنفرم سمیت کئی نشان لگے ہوئے ملے۔ اس پورے معاملے میں جب جانچ تیز کی گئی تو پتہ چلا کہ تشار بھٹ کو عارف وورا نے ایجنٹ کے طور پر طلبا سے ملاقات کروا کر ایک ایک طالب علم سے امتحان پاس کرانے کے لیے 10-10 لاکھ روپے میں ڈیل کی تھی اور 7 لاکھ روپے پیشگی کے طور پر لیے تھے۔ بھٹ نے پیشگی لینے والے طلبا کو او ایم آر شیٹ خالی چھوڑنے کی ہدایت دی تھی، تاکہ شیٹ کو بھر کر انھیں پاس کرایا جائے۔
پنچ محل پولیس نے وڈودرا سے لے کر پنچ محل تک چھاپہ ماری کی اور 5 ملزمین کو گرفتار کیا۔ اس پورے معاملے میں اسکول کے چیئرمین نے کہا کہ بھٹ ٹیچر تھا اور نیٹ امتحان کا سپروائزر تھا جسے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے کی جانچ اب پولیس اور محکمہ تعلیم ساتھ مل کر کرے گا۔ گرفتار کیے گئے ملزمین میں ٹیچر تشار بھٹ، پرنسپل پرشوتم شرما، رائے اوورسیز کے پرشورام رائے، رائے کا ساتھی وبھور آنند اور ایک بچولیا عارف وورا شامل ہے۔ سبھی ملزمین عدالتی حراست میں ہیں۔ کلیدی ملزم تشار بھٹ نے ضمانت کے لیے عرضی داخل کی تھی جسے خارج کر دیا گیا۔ گودھرا سیشن کورٹ نے نیٹ امتحان میں ہوئے اس فرضی واڑے کا انکشاف کرنے کے لیے ضلع پولیس کی کارروائی کی تعریف کی۔
پولیس نے اس پورے معاملے میں سامنے آئے طلبا کے نام کی بنیاد پر مشتبہ طلبا اور سرپرستوں تک کے بیان درج کیے ہیں۔ پولیس جانچ میں یہ سامنے آیا ہے کہ رائے اوورسیز کے مالک پرشورام رائے نے کئی طلبا کے والدین سے میڈیکل داخلہ کے لیے پیسے نقد میں اور چیک سے لیے تھے۔ پولیس نے این ٹی اے سے کئی اہم جانکاریاں مانگی ہیں۔ پولیس کے مطابق این ٹی اے سے پوچھا گیا ہے کہ امتحان کس طرح کنڈکٹ کرایا جاتا ہے اور امتحان کے مبصرین و سپروائزر کی تقرری کا عمل کس طرح ہوتا ہے۔ ملزمین سے برآمد فون اور الیکٹرانک سامانوں کے ایف ایس ایل رپورٹ کی بنیاد پر جانچ کو آگے بڑھایا جائے گا۔
ممبئی: وقف بورڈ کو 10 کروڑ کا فنڈ، وشواہندوپریشد کے پیٹ میں درد!
ممبئی: وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے وقف بورڈ کو 10 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کے مہاراشٹر حکومت کے فیصلے پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔
وی ایچ پی کے مہاراشٹر گوا ریاستی جنرل سکریٹری گووند شینڈے نے کہا کہ وی ایچ پی کے رہنما اس سلسلے میں جلد ہی گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کریں گے۔ اگر اب بھی معاملات ٹھیک نہیں ہوئے تو وی ایچ پی سڑکوں پر اترے گی اور ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی۔
وی ایچ پی لیڈر گووند شینڈے نے کہا کہ ریاستی حکومت کا یہ فیصلہ انتہائی افسوس ناک ہے اور اگر ہندوتوا کی وراثت کو آگے بڑھانے والی حکومت ایسی کارروائی کرنے والی ہے تو عوام کے سامنے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا انہیں ہندوتوا کا وارث کہا جا سکتا ہے؟
مجھے ہندوتوا جانا چاہیے یا نہیں؟ شینڈے نے یہ بھی کہا، "حکومت میں منصوبہ بندی کون کرتا ہے۔ اگر اقتدار میں پارٹی ہی منصوبہ بناتی ہے تو وقف بورڈ کو پیسہ دینے کی کیا ضرورت ہے جس کے پاس کروڑوں روپے کی جائیدادیں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی تشکیل خود غیر قانونی ہے۔ کانگریس نے مسلمانوں کی خوشنودی کی پالیسی کی بنیاد پر وقف بورڈ قائم کیا تھا۔ اب بھی مہاراشٹر حکومت نے مسلمانوں کو خوش کرنے کے لیے وقف بورڈ کو 10 کروڑ روپے دیے ہیں۔ ہندو سماج کب تک یہ سب برداشت کرے گا؟
حکومت پر الزام لگاتے ہوئے وی ایچ پی نے کہا کہ حکومت ہندو مندروں کو ضبط کرتی ہے اور وہاں موجود رقم کا غلط استعمال کرتی ہے اور وہ رقم وقف بورڈ کو دیتی ہے۔ جب ہندو برادری ہندو مندر کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے تو اس کو بھی نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
اسرائیلیوں کو پورے غزّہ میں گھُس جانا چاہیے: اسرائیل
۔
(روزنامہ منصف)تل ابیب: اسرائیل فورسز غزّہ کی پٹّی میں قتل عام کر رہی ہیں اور قابض اسرائیلی، بے سروسامان فلسطینیوں کی ہجرت کے بعد، خالی ہونے والے علاقوں پر نظریں گاڑے ہوئے ہیں۔
اطلاع کے مطابق اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے حامی وزیر برائے قومی سلامتی ‘ایتمار بن گویر’ نے مقبوضہ مشرقی القدس میں قابض اسرائیلیوں کے اجتماع سے خطاب میں کہا ہے کہ "اسرائیلیوں کو پورے غزّہ میں گھُس جانا چاہیے”۔
بن گویر نے کہا ہے کہ ” فلسطینیوں کو بھوکا پیاسا رکھ کے اور نقل مکانی کی حوصلہ افزائی کر کے علاقے میں نسلی صفائی کی جانی چاہیے۔ فلسطینیوں کے گھروں کے ملبے پر صرف اسرائیلی قابضوں کے مکانات تعمیر کئے جانے چاہیئں "۔
واضح رہے کہ ایتمار بن گویر اس سے قبل بھی فلسطینیوں کے خلاف اسکینڈل بیانات کی وجہ سے سخت ردعمل کا سامنا کر چُکے ہیں۔
انہیں پولیس کی نگرانی میں اور یہودی قابضوں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ پر دھاووں کی وجہ سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ یہی نہیں وہ اسرائیلی جیلوں میں ہجوم میں کمی کے لئے فلسطینیوں کو قتل کرنے کا مشورہ بھی دے چُکے ہیں۔
بی جے پی کرناٹک قانون ساز کونسل میں نئے لیڈر کی تلاش میں
(روزنامہ منصف) بنگلورو:کرناٹک پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریاستی قانون ساز کونسل میں پارٹی کے رہنما کے سری نواس پجاری کے ایم پی منتخب ہونے کے بعد پارٹی اب ان کے جانشین کی تلاش میں ہے۔
بی جے پی کرناٹک قانون ساز کونسل میں ایک پرجوش لیڈر کی تلاش میں ہے جو نہ صرف حکمراں کانگریس حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پر تنقید کر سکے بلکہ اس کا مؤثر طریقے سے مقابلہ بھی کر سکے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ایسے لیڈروں میں سی ٹی روی، آر۔ اشوک اور این۔ روی کمار کا نام دعویداروں کی فہرست میں ہے۔ یہ قیاس آرائی بھی کی جا رہی ہے کہ مسٹر روی یا مسٹر اشوک کے انتخاب کی گنجائش بہت کم ہے۔
وہیں پسماندہ طبقے کا پس منظر رکھنے والے مسٹر کمار کا سنگھ پریوار سے مضبوط رشتوں کو دیکھتے ہوئے پلڑا بھاری لگتا ہے۔ کونسل میں بی جے پی کے چیف وہپ کے طور پر ان کی کارکردگی اور ان کے بااثر رابطے ان کے دعوے کو مزید تقویت دیتے ہیں۔
تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے حکمت عملی ساز کسی ایک کمیونٹی سے توجہ ہٹانے کے لیے اپنی قیادت کو متنوع بنانے کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔ اس لیے پارٹی جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرے گی۔
کرناٹک حکومت یدیورپا کے خلاف پوکسو معاملہ میں انتقامی سیاست کر رہی ہے: بی جے پی
(روزنامہ منصف) بنگلور: کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الزام لگایا ہے کہ ریاستی کانگریس حکومت پوکسو معاملے میں سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے خلاف انتقامی سیاست کر رہی ہے۔
بی جے پی کا کہنا ہے کہ یدیورپا کے خلاف پوکسو کا مقدمہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے کا بدلہ لینے کے لیے رچی گئی سیاسی سازش ہے۔ پارٹی عدالتی حکم کا احترام کرنے اور اس کے پیچھے کی منشا کو چیلنج کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
بی جے پی کے سابق قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی نے وزیر اعلیٰ سدارمیا کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ”کیا یہ انتقام کی سیاست نہیں ہے؟ انہوں نے (مسٹر سدارمیا) نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایسی حرکتیں نہیں کریں گے، لیکن اب وہ بالکل وہی کر رہے ہیں۔ ریاست کے لوگ انہيں اس کے لیے جوابدہ ٹھہرائیں گے۔
انہوں نے مقدمہ درج ہونے کے بعد حکومتی کارروائی میں چار ماہ کی تاخیر کو نوٹ کرتے ہوئے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور کے کیس کو خارج کرنے کے بیان کا حوالہ دیا۔
قانون ساز کونسل کے رکن اور بی جے پی کے چیف وہپ این روی کمار نے بھی اس کیس کو بے بنیاد اور سیاسی تحریک یافتہ قرار دیا اور کہا کہ شکایت کنندہ کی عہدیداروں اور سیاست دانوں کے خلاف متعدد مقدمات درج کرانے کی تاریخ رہی ہے۔
اسمبلی کے رکن چلوادی نارائن سوامی نے کہا، ”چار ماہ کی خاموشی کے بعد، کانگریس اچانک حرکت میں آئی ہے۔ مسٹر یدی یورپا کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایک اہم پیش رفت میں جمعرات کے روز بنگلور کی خصوصی عدالت نے نابالغہ کی جنسی ہراسانی کے الزامات کے تحت مسٹر یدیورپا کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے۔
ویڈیو: حج کے قیمتی لمحات فوٹو گرافی میں ضائع نہ کریں: سعودی وزارت
(روزنامہ منصف) مکہ مکرمہ: سعودی وزارت حج وعمرہ نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج کے قیمتی لمحات کو فوٹو گرافی میں ضائع نہ کریں۔
حج کے آغاز کے موقع پر سعودی وزارت حج وعمرہ نے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ حج کے قیمتی لمحات کو تصاویر‘ ویڈیوز بنانے اور فضول باتوں میں ضائع نہ کریں اور ان نادر لمحات میں اللہ کی رضا کے حصول کے لیے کوشاں رہیں اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں۔
وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ مسجد الحرام میں زیادہ وقت عبادت میں گزاریں۔ اللہ سے رحم و کرم کی دعائیں نیز نماز و تسبیح کا اہتمام کریں کیونکہ یہ وقت سب سے اہم ہے۔
وزارت نے عازمین حج سے کہا کہ ان لمحات کی قدر کریں۔خانہ کعبہ میں اپنا قیمتی وقت دعائیں کرنے میں گزاریں۔ فوٹو اور ویڈیو گرافی میں مصروف ہوکر ان لمحات کو ضائع نہ کریں۔
واضح رہے کہ جب سے اسمارٹ فون انسانی زندگی میں وارد ہوا ہے ہماری تمام مصروفیات حتیٰ کہ عبادات کے لمحات بھی سوشل میڈیا اور سیلفی ویڈیو کی نظر ہونے لگے ہیں۔
گزشتہ چند سالوں سے یہ رجحان خاصا بڑھا ہے کہ لوگ حج وعمرہ کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس جاتے ہیں اور وہاں سے پل پل کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کرتے ہیں جس کو مذہبی طبقہ کے علاوہ سنجیدہ حلقوں میں بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
0 تبصرے